شارجہ:300درہم میں نیا فون خریدنا بھاری پڑ گیا

انجانے میں چوری کا فون خریدنے پر تین ماہ قید اور پانچ ہزار درہم جرمانے کی سزا

جمعرات 26 جولائی 2018 17:05

شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 26 جولائی 2018ء)نامعلوم شخص سے صرف 300اماراتی درہم کے عوض نیا موبائل فون خریدنے والا مشکل میں پڑ گیا۔ پولیس کی جانب سے گرفتار کیے جانے پر پتا چلا کہ مذکورہ فون چوری کا تھا۔عدالت کی جانب سے 32 سالہ ایشیائی ملزم کو موبائل فون کی خریداری کے وقت قانونی تقاضوں کو نظر انداز کرنے پر تین ماہ قید کی سزا سُنا دی گئی اس کے علاوہ پانچ ہزاراماراتی درہم کاجرمانہ بھی ادا کرنا ہو گا۔

عدالت نے ملزم کو سزا سُناتے وقت کہا کہ اُس نے فون خریدتے وقت اُس کی رسید بھی نہیں لی جو کہ قانونی طور پر جُرم ہے ‘ اگر وہ موبائل چوری کرنے والے سے رسید کا تقاضا کرتا تو یقیناًمشکل سے بچ سکتا تھا۔ ملزم نے اعتراف کیا کہ اُسے اشیاء کی خرید و فروخت کے قانون کو نظر انداز کرنے کی بھاری قیمت چُکانا پڑی ہے۔

(جاری ہے)

ملزم نے پریزائیڈنگ جج محمود ابو بکر کو بتایا کہ جنوری 2018ء کے ایک روز اُسے اپنی رہائشی بلڈنگ کے قریب ایک نامعلوم شخص مِلا جس نے اُسے آفر کی کہ وہ نیا سام سنگ موبائل فون صرف 300 درہم کی معمولی رقم میں اُس سے خرید لے۔

یہ سُن کر اُس کی رال ٹپکنے لگی کیونکہ مارکیٹ میں اس ماڈل کے موبائل فون کی قیمت کہیں زیادہ تھی۔ اُس نے فوراً اُس کی پیشکش قبول کرتے ہوئے موبائل فون خرید لیا۔ اور اس خدشے کا لمحہ بھر بھی تصور نہ کیا کہ نامعلوم شخص اتنا قیمتی فون اتنے ارزاں داموں میں فروخت کر رہا ہے‘ اس کے پیچھے کوئی تو وجہ ہو سکتی ہے۔ ملزم کے مطابق وہ یہ بھی نہیں جانتا کہ فون بیچنے والا شخص کون تھا بس اتنا پتا ہے کہ وہ شخص فون بیچنے کے کچھ مُدت بعد متحدہ عرب امارات سے جا چکا ہے۔ ملزم کی جانب سے فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل دائر کی گئی ہے جس پر سماعت 29 جولائی 2018ء کو ہو گی۔