پی ٹی آئی عزم و ہمت کے ساتھ اپنے تمام وعدوں پر عملدرآمد کرے گی، پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں پی ٹی آئی حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے، جلد بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) سے بھی بات کریں گے

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

جمعہ 27 جولائی 2018 00:02

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 26 جولائی 2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے انتخابات میں جیت کے بعد عمران خان کی تقریر کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی عزم و ہمت کے ساتھ اپنے تمام وعدوں پر عملدرآمد کرے گی۔ جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے دعوٰی کیا کہ ان کی جماعت پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان تین صوبوں میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی رہنما صوبے میں حکومت بنانے کے لیے جلد بلوچستان کے عوام کی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) سے بھی بات کریں گے۔ پنجاب میں تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی سمیت جہانگیر ترین اور میں نے آزاد امیدواروں سے بات کی ہے اور امید ہے کہ پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے وہ پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونگے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر پی ٹی آئی قائد عمران خان فیصلہ کریں گے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ لوگ ملک میں انقلابی تبدیلی چاہتے ہیں اور ملک میں اس سنگ میل کے حصول کے لیے پی ٹی آئی یہ تبدیلی لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سے پوری قوم کو بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں اور امید ہے کہ ہم عوامی توقعات پر پورا اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے منشور پر کام کرنے پر توجہ دیں گے کیونکہ ہم ملک و قوم کی ترقی اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان پہلے سے ہی انتخابی حلقوں کے نتائج کھولنے میں سیاسی جماعتوں کے ساتھ تعاون کرنے بارے بات کر چکے ہیں۔