عمران خان نے حقیقی تبدیلی کا آغاز اپنی ذات سے کردیا

وزیر اعظم ہاوس میں رہنے کی بجائے منسٹر انکلیو میں رہنے کااعلان کردیا

جمعرات 26 جولائی 2018 21:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 26 جولائی 2018ء)عمران خان نے حقیقی تبدیلی کا آغاز اپنی ذات سے کردیا۔ وزیر اعظم ہاوس میں رہنے کی بجائے منسٹر انکلیو میں رہنے کااعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق الیکشن 2018ء میں پولنگ کا عمل گذشتہ شام 6 بجے ختم ہو گیا تھا جس کے بعد نتائج کا سلسلہ انا شروع ہو گیا۔ملک بھر سے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

اب تک موصول ہونے والے نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کو واضح برتری حاصل ہے جس کے بعد تحریک انصاف نے حکومت سازی کے لیےغور و فکر شروع کر دیا ہے۔اس کے ساتھ ہی عمران خان نے آج اکثریت حاصل ہوجانے کے بعد پہلا خطاب کرتے ہوئے اپنی حکومت کی پالیسی پر بھی روشنی ڈالی۔ انتخابات 2018ء میں فتح حاصل کرنے کے بعد انہوں نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلی حکومت ہوگی جوکسی کیخلاف سیاسی اور انتقامی کاروائی نہیں کرے گی۔

(جاری ہے)

جو بھی امیرغریب ملک کے قانون کے خلاف جائیگا ہم ان کیخلاف کاروائی کریں گے۔ادارے ایسے مضبوط بنائیں گے جوعمران خان اور وزیروں پربھی چیک رکھے گی۔ہم مثال سیٹ کرکے دکھائیں گے قانون سب کیلئے برابر ہے۔انکا کہنا تھا کہ خرچے کم کریں گے۔مجھے شرم آئے گی میں وزیراعظم ہاؤس میں رہوں ۔وزیراعظم ہاوس میں رہنے سے انکار کرتے ہوئے عمران خان نے بتایا کہ وہ کسی چھوٹی سی جگہ کو وزیراعظم کی رہائش کے لیے مختص کریں گے۔اب یہ اطلاعات آرہی ہیں کہ عمران خان منسٹر انکلیو میں اپنے لیے چھوٹی سی جگہ مختص کر کے وہاں رہائش رکھیں گے۔اس کے ساتھ انہوں نے گورنر ہاوسز کو بھی تعلیمی اداروں میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔