ٹورنٹو حملہ، داعش نے ذمہ داری قبول کر لی

جمعرات 26 جولائی 2018 16:29

ٹورنٹو(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 26 جولائی 2018ء)دہشت گرد تنظیم داعش نے کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں فائرنگ کے واقعے کی ذمے داری قبول کر لی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق دہشت گرد تنظیم داعش نے کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں فائرنگ کے واقعے کی ذمے داری قبول کرنے کا دعوی کیا ہے۔یاد رہے کہ ٹورنٹو میں گزشتہ اتوار کو ایک مسلح شخص کی فائرنگ سے 2 افراد ہلاک اور 13زخمی ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

داعش کی خبررساں ایجنسی اعماق نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حملہ آور داعش کا ایک شر پسند تھا اور اس نے یہ حملہ اتحادی ممالک کے شہریوں کو ہدف بنانے کے لیے اپیل کے جواب میں کیا تھا۔ البتہ داعش نے اپنے اس دعوے کے حق میں مزید کوئی ثبوت فراہم کیا ہے اور نہ کوئی تفصیل دی ہے۔اس حملہ آور کی شناخت فیصل حسین کے نام سے ہوئی تھی اور وہ پاکستانی نژاد تھا۔ پولیس نے واقعے کے بعد اس کو بھی فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔