امریکا نے مصر کو جنگی سامان خریدنے کی اجازت دے دی

غیر ملکی فوجی امداد کی مد میں 195 ملین ڈالر امریکا نے 2016ء کے بجٹ میں مختص کیے گئے،امریکی عہدیدار

جمعرات 26 جولائی 2018 18:49

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 26 جولائی 2018ء)امریکی وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نے بتایا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ نے مصر کو واشنگٹن کی جانب سے 2016ء میں دی جانے 195 ملین ڈالر مالیت کی غیر ملکی فوجی امداد کو استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق یاد رہے واشنگٹن نے یہ امداد امریکی میزانیہ برائے سال2016ء کو مصر کے لئے منظور کی تھی، تاہم امریکا نے یہ کہتے ہوئے مصر کو اس غیر ملکی فوجی امداد میں تصرف سے روک دیا تھا کہ قاہرہ پہلے اپنے ہاں انسانی حقوق اور شہری آزادیوں کے انڈیکس میں بہتری لائے۔

امریکی عہدیدار نے مزید بتایا کہ واشنگٹن انتظامیہ کا امداد بحال کرنے کا فیصلہ دراصل قاہرہ کی جانب سے امریکا کے مخصوص خدشات کو مکمل طور پر ختم کرنے کا اعتراف ہے تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان شراکت میں بہتری لائی جا سکے۔امریکا نے بجٹ 2016 میں مصر کے لئے مخصوص کی گئی اس رقم کو امریکا کی جانب سے دی جانے والی غیر ملکی فوجی امداد کا نام دیا گیا تھا اور یہ رقم مصر کو امریکا سے فوجی ساز وسامان خریدنے کے لئے فراہم کی جانا تھی۔