وفاقی اور صوبائی حکومتیں عمران خان ہی بنائیں گے،شیخ رشید

پاکستانی عوام نے اپنی قسمت کا فیصلہ عمران خان کے حق میں دے دیا ہے خلائی مخلوق شاہد خاقان عباسی اور شہباز شریف خود ہیں، میڈیا سے گفتگو

جمعرات 26 جولائی 2018 19:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 26 جولائی 2018ء)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عمران خان ہی بنائیں گے،پاکستانی عوام نے اپنی قسمت کا فیصلہ عمران خان کے حق میں دے دیا ہے، خلائی مخلوق شاہد خاقان عباسی اور شہباز شریف خود ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں وزارتوں کا بھوکا نہیں ہوں، اپنی باقی زندگی غریبوں کے نام کردی ہے ، عمران خان کو ووٹ دے کر کامیاب کیا ہے میرے حلقے میں 90فیصد لوگ غریب ہیں مجھے غریبوں نے ووٹ دیا اور میں غریبوں کیلئے کام کرتا رہوں گا۔

شیخ رشید نے مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں ’’را ‘‘کے حامیوں کو شکست ہوئی ہے ۔ خلائی مخلوق کا الزام لگانے والے شاہد خاقان عباسی اور شہباز شریف اصل میں خود خلائی مخلوق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ مولانا فضل الرحمان اور محمود اچکزئی کے بغیر یہ قومی اسمبلی بالکل پاک ہوگئی ہے اور کوئی مفاد پرست اس اسمبلی میں موجود نہیں ہے۔