نواز شریف ،ْ مریم نواز ،ْ کیپٹن (ر) محمد صفدر کی دو ریفرنسز کی دوسری عدالت منتقلی کی درخواست پر سماعت پیر تک ملتوی

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر ایک کیس کا فیصلہ دینے کے بعد دوسرے ریفرنس نہیں سننے چاہئیں ،ْخواجہ حارث کے دلائل

جمعرات 2 اگست 2018 23:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 2 اگست 2018ء)اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف ان کی صاحبزادی مریم نواز اور سابق ممبر قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر کی دو ریفرنسز کی دوسری عدالت منتقلی کی درخواست پر سماعت پیر تک ملتوی کر دی ہے۔ جمعرات کو عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بینچ نے سزا یافتہ مجرمان کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی ۔

اس موقع پر نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ بہترین انصاف کیلئے شفاف ٹرائل کی تمام شرائط پوری کرنا ضروری ہیں، یہ معاملہ کسی بددیانتی کا نہیں، جانبداری اور غیر جانبداری کا ہے۔انہوں نے کہا کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر ایک کیس کا فیصلہ دینے کے بعد انہیں دوسرے ریفرنس نہیں سننے چاہئیں، شاید وہ پوری ایمانداری سے ہی کیس سن رہے ہوں تاہم ہم صرف یہ چاہتے ہیں ٹرائل میں جانبداری کا کوئی تاثر بھی باقی نہ رہے۔

(جاری ہے)

محمد نواز شریف کے وکیل نے کہا کہ اعلی معیار کا انصاف فئیر ٹرائل کے تقاضے پورے کرنے سے ہی ممکن ہے۔ خواجہ حارث کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے مزید سماعت پیر تک ملتوی کر دی ۔آئندہ سماعت پر نیب کے پراسیکوٹر اپنے دلائل دیں گے ۔واضح رہے کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر محمد نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس کی سماعت کر رہے ہیں تاہم ملزم نے ان کے سماعت کیے جانے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیلیں کی ہیں۔