کراچی میں سرکاری سکول سے سینکڑوں بیلٹ پیپرز برآمد

ْبیلٹ پیپرز این اے 247اور پی ایس 111کے ہیں جہاں عارف علوی اور عمران اسماعیل کامیاب ہوئے ہیں

جمعرات 2 اگست 2018 18:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 2 اگست 2018ء)گزری کے سرکاری اسکول سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 247 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 111 کے سیکڑوں بیلٹ پیرز برآمد ہوئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی سے بیلٹ پیپرز ملنے کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے۔ گزری کے علاقے میں سرکاری اسکول سے سیکڑوں بیلٹ پیپرز برآمد ہوئے ہیں۔

یہ بیلٹ پیپرز قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 247 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 111 کے ہیں۔

(جاری ہے)

این اے 247 پر پی ٹی آئی کے عارف علوی جبکہ پی ایس 111 پر عمران اسماعیل کامیاب ہوئے تھے۔ پی پی پی رہنما بیرسٹر مرتضی وہاب کے مطابق بیلٹ پیپرز پر تیر کے نشان پر مہر لگی ہوئی ہے، کیا یہی آزاد اور شفاف انتخابات ہیں۔پی پی پی رہنما سعید غنی بھی گزری کے اسکول پہنچ گئے۔ اس موقع پر انہوںنے کہا کہ اسکول سے ملنے والے بیلٹ پیپرز کی تعداد 154 ہے جن میں سے 118 پر تیر کے نشان پر مہر لگی ہوئی ہے، جبکہ ایک بھی بیلٹ پیپر پر بلے کے نشان پر مہر نہیں۔واضح رہے کہ چند روز پہلے بھی قیوم آباد کے علاقے میں کچرا کنڈی سے بیلٹ پیپرز برآمد ہوئے تھے جنہیں آگ لگائی گئی تھی۔