چیف جسٹس نے چین میں پھنسے ہوئے 300 پاکستانیوں کے معاملے کا نوٹس لے لیا

متعلقہ ایئر لائن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، ایوی ایشن ڈویژن، وزارت خارجہ اور وزارت اوورسیز پاکستانیز کے سیکرٹریز کو نوٹسز جاری

جمعرات 2 اگست 2018 02:00

اسلام آباد ۔ یکم اگست (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 2 اگست 2018ء) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے چین کے شہر چوآنگ ژو میں پھنسے ہوئے 300 پاکستانیوں کے معاملے کا نوٹس لے لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان پاکستانیوں نے ایک پرائیویٹ پاکستانی ایئر لائن کے ذریعے واپس پاکستان آنا تھا لیکن ایئر لائن کی غیرذمہ دارانہ سروس کے باعث یہ پاکستانی ابھی تک وہاں ہی پھنسے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ویزا کی مدت ختم ہونے پر کئی پاکستانیوں کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے اور انہیں جرمانہ بھی کیا گیا ہے اور پاکستانی حکومت کی طرف سے ان کی کوئی مدد نہیں کی گئی۔ چیف جسٹس نے متعلقہ ایئر لائن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، ایوی ایشن ڈویژن، وزارت خارجہ اور وزارت اوورسیز پاکستانیز کے سیکرٹریز کو نوٹسز جاری کرنے کے احکامات دے دیئے ہیں، جنہیں آئندہ 12 گھنٹوں میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ اس کیس کی سماعت سپریم کورٹ برانچ رجسٹری لاہور میں 3 اگست جمعہ کو مقرر کر دی گئی ہے۔