الیکشن کمیشن کی رزلٹ ٹرانسمشن سسٹم کی ناکامی کی وجوہات جاننے کیلئے انکوائری کمیٹی بنانے کی ہدایت

کمیٹی سسٹم کی ناکامی کے ذمہ داروں کا تعین ، 4ہفتوں میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی

جمعرات 2 اگست 2018 22:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 2 اگست 2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات کے نتائج میں تاخیر کا سبب بننے والے رزلٹ ٹرانسمشن سسٹم کی ناکامی کی وجوہات جاننے کیلئے انکوائری کمیٹی بنانے کی ہدایت کر دی ہے ، آئین کے آرٹیکل220کے تحت قائم کی جانے والی انکوائری کمیٹی سسٹم کی ناکامی کے ذمہ داروں کا تعین کر ے گی اور 4ہفتوں میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن کے نام لکھے جانے والے مراسلے میں الیکشن کمیشن کی جانب سے یہ ہدایت کی گئی ہے کہ عام انتخابات کے روز انتخابی نتائج کی تاخیر کا سبب بننے والے رزلٹ ٹرانسمشن سسٹم (آر ٹی ایس ) کی ناکامی کی وجوہات جاننے کیلئے آئین کے آرٹیکل220اور آرٹیکل 118(3)کے تحت انکوائری کمیٹی بنائی جائے مراسلے کے مطابق انکوائری کمیٹی میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمیٹی ،نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سیکورٹی بورڈ کے ماہرین کو شامل کیا جائے انکوائری کمیٹی جن شرائط و ضوابط کے تحت کام کرے گی اس میں آر ٹی ایس سسٹم کے استعمال اور نادرہ کی جانب سے اس پراجیکٹ کی تکمیل ٹریننگ اور 25جولائی کی رات اس کے کام کرنے اور ناکامی کی وجوہات کا پتہ لگایا جائے گا اور اس کی ناکامی کے ذمہ دارو ں کا تعین کرنے کے ساتھ ساتھ مستقبل میں اس کے استعمال سے متعلق سفارشات مرتب کی جائیں کمیشن کی ہدایت کی ہے کہ انکوائری کمیٹی اپنی تشکیل کے بعد 28دنوں میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی اور اگر کمیٹی کو ضرورت ہوئی تو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی اجازت سے دیگر ماہرین کی رائے بھی لے سکتی ہے ۔

۔۔۔اعجاز خان