افغانستان ،ْکابل میں انڈین شہری سمیت تین غیر ملکی شہریوں کو اغوا کر کے قتل کر دیا گیا

جمعرات 2 اگست 2018 23:03

کابل (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 2 اگست 2018ء)افغانستان میں سکیورٹی حکام نے کہا ہے کہ تین غیر ملکی شہریوں کو اغوا کرنے کے بعد گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔کابل پولیس کے ایک ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ تینوں غیر ملکیوں کو کابل میں ان کی گاڑی سے اغوا کیا گیا اور بعد میں ان کی لاشیں ضلع موسوی سے برآمد ہوئی ہیں ،ْاس واقعے کی تحقیقات کرنے والے اہلکاروں نے بتایا کہ غیر ملکی شہری اپنی گاڑی میں ایئر پورٹ جا رہے تھے جب انھیں اغوا کیا گیا ،ْابھی تک کسی گروپ نے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والے شہری کھانے پینے کی اشیا فراہم کرنے والی فرانسیسی کمپنی سوڈکسو کیلئے کام کرتے تھے۔سکیورٹی حکام نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں کے شناختی کارڈ بھی برآمد ہوئے ہیں اور ان کی کمپنی سے تصدیق بھی کرائی گئی ،ْاطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ملائیشیا (64 سال)، انڈیا (39 سال) اور مقدونیہ (37 سال) کے شہری شامل ہے۔

(جاری ہے)

افغانستان میں مقامی لوگوں کو اکثر اوقات تاوان کیلئے اغوا کیا جاتا ہے ،ْ جرائم پیشہ گینگ اور شدت پسند گروپ غیر ملکیوں کو بھی نشانہ بناتے ہیں ،ْاگست 2016 میں کابل میں واقع امریکن یونیورسٹی کے ایک امریکی اور ایک آسٹریلوی پروفیسر کو اغوا کیا گیا تھا ،ْجنوری 2017 میں طالبان نے مغویوں کی ویڈیو جاری کی تھی جس میں اس وقت نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے قیدیوں کے بدلے رہائی کی اپیل کی گئی تھی۔

کابل میں متعدد واقعات میں نہ صرف مقامی شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں کو شدت پسندی کے واقعات میں نشانہ بنایا جا چکا ہے بلکہ غیر ملکی شہریوں پر بھی متعدد حملے ہو چکے ہیں۔خیال رہے کہ افغانستان میں طالبان شدت پسندوں کا سب سے بڑا گروپ ہے جبکہ حالیہ کچھ برسوں میں خود کو دولتِ اسلامیہ کہنے والے شدت پسند گروپ نے بھی متعدد پرتشدد کارروائیوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔