سی اے اے نے گوانگ زو میں پھنسے 300 پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لئے شاہین ایئر انٹرنیشنل کو پرواز کی اجازت دے دی

جمعرات 2 اگست 2018 20:33

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 2 اگست 2018ء) پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے ای) نے میڈیا رپورٹس کے تناظر میں چین کے شہر گوانگ زو میں پھنسے ہوئے 300 پاکستانیوں کو فوری طور پر وطن واپس لانے کے لئے شاہین ائیر انٹرنیشنل کو خصوصی پرواز کی اجازت دے دی ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سی اے اے کی جانب شاہین ائیر کو چین سے پاکستانیوں کو لانے کے لیے دو خصوصی پروازوں کی ایک بار پہلے بھی اجازت دی جا چکی ہے۔

یاد رہے کہ ڈیڑھ ارب روپے کے قریب واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے شاہین ائیر انٹرنیشنل کی ماسوائے سعودی عرب کے تمام ملکی اور غیر ملکی آپریشنز کے لئے تمام ائیرپورٹس پر اپنی سہولیات اور خدمات کی فراہمی معطل کی ہوئی ہے۔