سپریم کورٹ نے طلال چوہدری کو توہین عدالت کیس میں 5 سال کے لیے نااہل قرار دیدیا

جمعرات 2 اگست 2018 22:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 2 اگست 2018ء) سپریم کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دیدیا ہے اور ان کو عدالت کے برخاست ہونے تک قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزاسناتے ہوئے انہیں 5 سال کے لیے نااہل قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ سنایا، جوقبل ازیں 11 جولائی کو مقدمہ کی سماعت مکمل ہونے کے بعد محفوظ کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے یکم فروری کو عدلیہ مخالف تقاریر کرنے پر آرٹیکل 184 (3) کے تحت نوٹس لیتے ہوئے طلال چوہدری کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔ عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعدصبح ساڑھے 11 بجے عدالتی وقت کے اختتام پر طلال چوہدری کی قید کی سزا ختم ہوگئی۔ ا نہوں نے عدالت میں 2 گھنٹے 5 منٹ قید کی سزا کاٹی جبکہ وہ اگلے 5 سال تک کوئی بھی عوامی عہدہ رکھنے کے لئے نااہل ہوگئے ہیں۔