مجھے مسلسل ٹارگٹ کیا جارہا ہے، 11سال اپوزیشن میں رہنے کے بعد سب کو مجھ میں اب برائیاں نظر آرہی ہیں،علیم خان

جو بھی زمین لیتا ہوں اس کا اسٹیٹس بدل دیا جاتا ہے، عمران خان کیساتھ مل کر تبدیلی کی جنگ لڑتا رہا ، کوئی فائدہ لینا ہوتا تو خیبرپختونخوامیں سرمایہ کاری کرتا، سپریم کورٹ کیس کا جو فیصلہ سنائیگی من و عن تسلیم کروں گا، میڈیا سے گفتگو

جمعرات 2 اگست 2018 23:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 2 اگست 2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان نے کہا ہے کہ مجھے مسلسل ٹارگٹ کیا جارہا ہے، 11سال اپوزیشن میں رہنے کے بعد سب کو مجھ میں اب برائیاں نظر آرہی ہیں، جو بھی زمین لیتا ہوں اس کا اسٹیٹس بدل دیا جاتا ہے، عمران خان کیساتھ مل کر تبدیلی کی جنگ لڑتا رہا ، کوئی فائدہ لینا ہوتا تو خیبرپختونخوامیں سرمایہ کاری کرتا، سپریم کورٹ کیس کا جو فیصلہ سنائیگی من و عن تسلیم کروں گا۔

جمعرات کو بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنماء پی ٹی آئی علیم خان نے کہا کہ 11سال اپوزیشن میں رہا اور دھرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، اب 11سال اپوزیشن کے بعد تمام برائیاں مجھ میں کیوں نظر آرہی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرے خلاف تمام انکوائریاں اب کیوں شروع ہوئی ہیں ، میرے خلاف 2008سے انکوائریاں کیوں نہیں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ سب کو میرے خلاف اب مقدمات نظر آرہے ہیں، مجھے مسلسل ٹارگٹ کیا جارہا ہے، حقائق قوم کے سامنے لانا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پیرا گون نے سرکاری زمین پر قبضہ کیا جبکہ میں نے کسی سرکاری زمین پر قبضہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں جو بھی زمین لیتا ہوں اس کا اسٹیٹس تبدیل کردیا جاتا ہے۔ این او سی کی بحالی کیلئے 2سال تک عدالتوں کے چکر کاٹتا رہا ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے عمران خان کے ساتھ دینے کی سزا دی جارہی ہے، عمران خان کے ساتھ مل کر تبدیلی کیلئے جنگ لڑرہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میرے خلاف خیبرپختونخوا میں ایک مرلہ نکال کر دکھادیں، میرا کیس سپریم کورٹ میں ہے اور فیصلہ عدالت نے ہی کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے بیرون ملک اثاثوں کی منی ٹریل دی ہے، کوئی فائدہ لینا ہوتا تو خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کرتا جو بھی عدالت فیصلہ کرے گی اسے من وعن تسلیم کرونگا۔