وزیراعظم کی تقریب حلف بردری میں بھارت کھلاڑیوں اور عامر خان کو مدعو کرنے کی خبریں بے بنیاد ہیں، تحریک انصاف

عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ عوام پر ہی خرچ کیا جائے گا، وزیراعظم کی تقریب حلف برداری سادگی سے منعقد کی جائیگی ، سینیٹر فیصل جاوید

جمعرات 2 اگست 2018 23:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 2 اگست 2018ء)پاکستان تحریک انصاف نے بھارتی کھلاڑیوں اور عامر خان کو وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب میں مدعو کرنے کے حوالے سے خبروں کوبے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان میں کوئی صداقت نہیں ہے، وزیراعظم کی تقریب حلف برداری سادگی سے منعقد کی جائیگی ۔

(جاری ہے)

جمعرات کو جاری بیان میں تحریک انصاف کے ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی بطور وزیر اعظم حلف برداری کی تقریب مکمل سادگی سے منعقد کی جائیگی۔

اس تقریب میں کسی غیر ملکی کھلاڑی یا اداکار کو مدعو کرنے کے حوالے سے گردش کرنیوالی خبریں بے بنیاد ہیں ان میں کوئی صداقت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی کھلاڑیوں نے صرف چیئرمین تحریک انصاف کیلئے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف نے اپنے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ عوام پر ہی خرچ کیا جائے گا،حلف برداری کی تقریب مکمل طور پر سادہ اور قوم کی نمائندہ ہوگی۔