خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 30 پر دوبارہ گنتی، مسلم لیگ (ن) کے ضیاء الرحمان کی 244 ووٹوں سے برتری برقرار

جمعرات 2 اگست 2018 00:40

اسلام آباد ۔ یکم اگست (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 2 اگست 2018ء) خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 30 پر دوبارہ گنتی کے نتیجہ میں مسلم لیگ (ن) کے نومنتخب رکن اسمبلی میاں ضیاء الرحمان کی 244 ووٹوں سے برتری برقرار ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے حلقہ پی کے 30 پر دوبارہ گنتی کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سابق صوبائی وزیر احمد شاہ نے ریٹرننگ آفیسر کو درخواست دی تھی جس کے نتیجہ میں آر او نے دوبارہ گنتی کا حکم دیا تھا۔

گنتی کا عمل 30 جولائی کو شروع ہوا تھا جو یکم اگست کی شام کو اختتام پذیر ہوا۔ دوبارہ گنتی کے نتیجہ میں مسلم لیگ (ن) کے نومنتخب رکن اسمبلی میاں ضیاء الرحمان کو 244 ووٹوں کی برتری حاصل ہے۔ اس سے قبل میاں ضیاء الرحمان کی برتری 254 ووٹوں کی تھی۔ دوبارہ گنتی کے نتیجہ میں میاں ضیاء الرحمان کے 10 ووٹ کم ہوئے تاہم ان کی 244 ووٹوں سے برتری برقرار ہے۔