انتظار کیجئے دانیال عزیز کی طرح تمام لوگ بلاول کی زبان بولیں گے

ثابت کریں گے پیپلزپارٹی کمزور نہیں آئندہ وزیراعظم بلاول بھٹو بنے گا، راجہ پرویز اشرف

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری پیر 4 دسمبر 2023 23:21

انتظار کیجئے دانیال عزیز کی طرح تمام لوگ بلاول کی زبان بولیں گے
گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 دسمبر2023ء) پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے دعوی کیا ہے کہ دانیال عزیز کی طرح تمام لوگ بلاول کی زبان بولیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ثابت کریں گے پیپلزپارٹی کمزور نہیں آئندہ وزیراعظم بلاول بھٹو بنے گا۔ گوجرانوالہ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اس ملک کو ووٹ کا حق دینے والا ذوالفقار بھٹو تھا، آج بھٹو کی پارٹی پھر عوام کی عدالت میں آ رہی ہے، پیپلزپارٹی عوام کی طاقت اور ووٹ پر بھروسہ رکھتی ہے، آپ کے پاس سب جماعتیں آئیں گی سب کو سنیں اور فیصلہ دل کا کریں۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے جھوٹ اور پراپیگنڈہ پر ووٹ نہیں دینا، آپ نے ووٹ کا فیصلہ صحیح کرنا ہے، چابی آپ کے ہاتھ میں ہے، جو کہتے تھے پیپلزپارٹی کمزور ہو گئی وہ آکر پیپلزپارٹی کے کارکنوں کا جذبہ دیکھیں، 8 فروری کو انتخاب ہے آپ نے اس ملک کی قسمت کا فیصلہ کرنا ہے، آپ نے فیصلہ کرنا ہے کہ کونسی جماعت اس ملک کی نمائندگی کر سکتی ہے۔

(جاری ہے)

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پیپلزپارٹی برسر اقتدار آ رہی ہے، بلاول بھٹو زرداری اس کا وزیر اعظم ہو گا، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ الیکشن میں سرپرائز دیا ہے، پیپلزپارٹی عوام کے ووٹ سے طاقت میں آتی ہے، بلاول بھٹو زرداری جلد گوجرانوالہ کا دورہ کریں گے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ملک کو آئین کس نے دیا؟ مزدور کا کس نے سوچا؟ اس بات کا ووٹ دیتے وقت خیال رکھنا، پنجاب پیپلز پارٹی کا آج بھی قلعہ ہے، میں ہمیشہ ایک بات کرتا ہوں ووٹ دینے کا بھی ایک مقصد ہونا چاہیے، ووٹ دے کر آپ ایسی حکومت بنائیں جو عوام کی خدمت کرے۔ قبل ازیں سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت سے ہی عوامی مسائل حل ہوتے ہیں، جمہوریت ہی ملکی استحکام کا باعث بنتی ہے، دعا ہے آنے والے انتخابات پرامن ہوں۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ عوام کو انتخابات کے مقاصد کو سمجھ کر ووٹ دینا ہوگا، پاکستان کے عوام باشعور ہیں، اپنے بہترین نمائندے منتخب کریں گے. پیپلزپارٹی کے بورڈ پر خدمات کی بہترین فہرست موجود ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا ووٹ ہر جگہ موجود ہے، آواز دینے والا تگڑا ہونا چاہئے.

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں