عمران خان نے ملک کے تمام اداروں کو کھوکھلا اور عوام کو معاشی طور پر بد حال کردیا ، وقار مہدی

بدھ 20 جنوری 2021 22:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی نے کہا ہے کہ عمران خان نے ملک کے تمام اداروں کو کھوکھلا اور عوام کو معاشی طور پر بد حال کردیا ہے۔ آج ملک ترقی کرنے کے بجائے 30 سال پیچھے چلا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشن اقبال کے علاقے عیسی نگری میں پی پی پی منارٹی ونگ کے رہنما پرویز حبیب، سلامت کھوکھر اورصابر پرویز کی جانب سے منعقد شھید ذوالفقار علی بھٹو کی 93 ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وقار مہدی نے کہا کہ شہید ذوالفقارعلی بھٹو کی ملک اور قوم کے لیے خدمات نا قابل فراموش ہیں۔ شہید بھٹونے اس ملک کے کچلے اور پسے ہوئے طبقات کو زبان دی، اپنے جائز حقوق لینے کا طریقہ سکھایا۔

(جاری ہے)

اس ملک کا دفاعی نظام کو مضبوط بنانے کیلئے ایٹم بم بنانے کا آغاز کیا، 90 ہزار جنگی قیدی اور 5000 مربع میل کا علاقہ بھارت سے واگزار کرایا، بے روزگار نوجوانوں کیلئے نوکریوں کے ملک اور بین الاقوامی ذرائع پیدا کئے۔

پہلی لیبر پالیسی دی اور مزدوروں کے حقوق کو تحفظ دیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 30 سالوں میں کراچی کی ٹھیکیداری کا دعوی کرنے والوں نے شہر کا بیڑہ غرق کر دیا، جبکہ پیپلز پارٹی نے کراچی سے کامیابی حاصل نہ کرنے کے باوجود کراچی کو ترقی سے ہمکنار کرنے کے منصوبے بنائے اور متعدد منصوبے مکمل اور متعدد زیر تکمیل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے میئر 4 سال تک اختیارات کا رونا روتے رہے لیکن میئر کی کرسی سے بھی چپکے رہے، جوکہ منافقت کی اعلی مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ اختیارات کا نہیں، نیتوں کا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ایسٹ کورنگی، سینٹرل اور ویسٹ اضلاع میں جو پیپلز پارٹی کی حکومت نے ترقیاتی کام کئے ہیں، وہ زندہ حقیقت کے طور پر موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کو ہمیشہ سے اون کرتی ہے اور اس کی ترقی کو ملک اور صوبے کی ترقی سمجھتی ہے لیکن پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے نمائندوں نے گزشتہ ڈھائی سالوں میں اس شہر کو کچھ نہیں دیا دونوں جماعتیں آپس میں بندربانٹ کرکے عوام کو بے وقوف بناتے رہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تحریک سے حکومت کی بوکھلاہٹ عیاں ہوچکی ہے لانگ مارچ کے اعلان سے عمران حکومت کے اوسان خطہ ہوچکے ہیں اب وہ وقت دور نہیں جب اس عوام دشمن حکومت کا خاتمہ ہوگا اور عوامی جمہوری قوتیں کامیاب ہونگی اور نئے انتخابات جلد ہوں گے، جس کے نتیجے میں عوامی راج قائم ہوگا اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری اس ملک کے وزیراعظم بنیں گے اور ملک ترقی و خوشحالی سے ہمکنار ہوگا۔ اس موقع پر جاوید ناگوری ،اقبال ساند ، لالا رحیم ، سعید چاولہ ، اسلم سموں سینیٹر انور لال ڈین ، نوید انتھونی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں