عوام کو اپنے ووٹ کا درست استعمال کرنا ہوگا، مولانا فضل الرحمن

ہفتہ 27 جنوری 2024 19:47

عوام کو اپنے ووٹ کا درست استعمال کرنا ہوگا، مولانا فضل الرحمن
کندھ کوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جنوری2024ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عوام کو اپنے ووٹ کا درست استعمال کرنا ہوگا، ہمیں مظلوم طبقے کا تحفظ کرنا ہے،ملک میں باہر سے فتنہ گر لاکر ہم پر مسلط کیے گئے، بانی پی ٹی آئی نے ملک کی معیشت کو تباہ کردیا، پاک-افغان تعلقات کو سازشوں سے کمزور کیا جارہا ہے۔

کندھ کوٹ میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ 52 امریکی ریاستیں آپس میں لڑ رہی ہیں، یہ ہماری فتح ہے، امریکی دفاعی قوت چین اور روس سے کمزور ہوچکی ہے، امریکا افغانستان سے شکست کھا کر بھاگ گیا تھا پوری دنیا اس وقت پاک-افغان تعلقات کو سازشوں سے کمزور کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے پاکستان اور افغان بھائیوں کو آپس میں لڑوانے کی سازش کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ملک کی معیشت کو تباہ کردیا گزشتہ 5 برس میں معیشت جس طرح زمیں بوس ہوئی، اس کی مثال نہیں ملتی۔ملک میں باہر سے فتنہ گر لاکر ہم پر مسلط کیے گئے، بانی پی ٹی آئی نے ملک کی معیشت کو تباہ کردیا انہیں لایا ہی معیشت تباہ کرنے کیلئے تھا، آج کہاں گئے وہ لوگ جنہوں نے ملکی معیشت کو تباہ کیا ہمیں وطن عزیز میں خوشحالی چاہیے، خدارا! اس ملکی معیشت پر رحم کھاؤ۔

مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ عوام کو اپنے ووٹ کا درست استعمال کرنا ہوگا، ہمیں مظلوم طبقے کا تحفظ کرنا ہے سندھ میں آئے روز لوگ قتل اور اغوا ہوتے ہیںوہاں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام پاکستان کا مذہب ہوگا، قرآن و سنت کے خلاف کوئی قانون سازی نہیں ہوگی ہمیں عام آدمی کی حفاظت کیلئے کردار اداکرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے خیراتی ادارے یہودیوں ،برطانیہ اور امریکیوں کے پیسے سے بنائے، ایسے لوگ بھی ملک پر مسلط کیے گئے، ماضی قریب میں ان کو دھاندلی اور ووٹ چوری کرکے لایا گیا۔

سربراہ جمعیت علما اسلام کا کہنا تھا کہ ہم نے یہ ملک کلمے کے نام پر حاصل کیا تھا، کیاہم نے اس کلمے کا حق ادا کیا، اس کلمے کا اس قوم پر کوئی حق نہیں ، ابھی بھی معیشت کے دشمنوں کی پشت پر امریکہ ہے، ہم نے نہ یہاں امریکہ کو چلنے دیا نہ کسی اور ملک دشمن کو چلنے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان کے تعلقات کو خراب کرنے کی بات کی جاتی ہے، ہم نے دنیا میں امن کی بحالی میں اپنا واضح مؤقف دیا تھا، ماضی میں افغانستان کو دہشتگرد کہا گیا ہم نے انہیں مجاہد کہا، اسرائیل اور امریکہ کو انسانی حقوق کی بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو امریکہ سپورٹ کررہا ہے، افغانستان اور پاکستان کو دوستی کی ضرورت ہے، ساری دنیا افغانستان اور پاکستان کو لڑانے کی کوشش کررہی ہے، ہمیں داخلی طور پر امن اورنچلے طبقے کے تحفظ کا انتظام کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اب تک غزہ میں 25ہزار نہتے فلسطینی مسلمان شہید ہوچکے ہیں، ہم نے قطر میں حماس کی قیادت سے ملاقات کی اور غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے مسائل کو عالمی دنیا اور عالمی اداروں کے سامنے نہ صرف اجاگر کیا بلکہ اس مسئلہ پرکھل کر بات بھی کی۔

کشمور میں شائع ہونے والی مزید خبریں