وزیراعظم بننے نہیں الیکشن لڑنے کیلئے آیا ہوں،نواز شریف

کراچی سے مانسہرہ اور مظفرآباد تک ٹرین سروس شروع کریں گے، پاکستان کو بگاڑنے والے اسے بگاڑ کر چلے گئے، قائد ن لیگ کا مانسہرہ میں انتخابی جلسے سے خطاب

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 22 جنوری 2024 15:53

وزیراعظم بننے نہیں الیکشن لڑنے کیلئے آیا ہوں،نواز شریف
مانسہرہ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جنوری2024 ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم بننے نہیں الیکشن لڑنے کیلئے آیا ہوں، ملک کے حالات دیکھ کر خوشی نہیں ہورہی ہے۔ اگر پانچ ججز مجھے نہ نکالتے تو یہاں ایئرپورٹ ہوتا، مانسہرہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے قائد مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ کراچی سے مانسہرہ اور مظفرآباد تک ٹرین سروس شروع کریں گے، مانسہرہ موٹروے کاغان اور گلگت تک جائے گی۔

پاکستان کو بگاڑنے والے اسے بگاڑ کر چلے گئے اور اسے بگاڑنے والوں کو ووٹ کے پی والوں نے ہی دیا تھا کے پی کے والے بتائیں صوبے میں کیا کوئی تبدیلی آئی؟ کیا نیا پاکستان بن گیا؟ میں 2013 ءکے بعد آج مانسہرہ آیا ہوں، یہاں کچھ بھی نہیں بدلا ہے۔

(جاری ہے)

مانسہرہ کے عظیم عوام کو میرا سلام، آج گن کر بتائیں کتنے سال بعد آپ سے ملاقات ہورہی ہے، میں 2013 میں یہاں آیا تھا،آپ نوازشریف کو دیکھے بغیر اداس تو نہیں ہوگئے؟ ان لوگوں نے مجھے آپ سے کتنا دور کردیا، کبھی جیل، کبھی مقدمات، کبھی لندن اور کبھی کہیں اور،آج 10سال بعد نوازشریف آپ کے سامنے آچکا ہے۔

نواز شریف کامزید کہنا تھا کہ 10 سال خیبرپختونخوا میں حکومت کرنے والوں نے کیا کام کیا؟ان ظالموں نے پاکستان کا ستیا ناس کردیا، پاکستان کو ڈگرسے نکال کرنیچے پھینک دیا ۔ انہوں نے خیبرپختونخوا کو نیا پاکستان بنایا؟ جو کہتے ہیں کہ نوازشریف نے خیبر پختونخوا میں کیا بنایا وہ موٹروے جاکر دیکھ لیں ۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام سے پوچھتا ہوں، یہاں 10سال جن کی حکومت رہی انہوں نے یہاں کیا بنایا،انہوں نے مانسہرہ کا کیا سنوارا؟ میں وزیراعظم تھا ،ایک پارٹی کا یہاں وزیراعلیٰ تھا، جو پارٹی یہاں 10سال رہی انہوں نے یہاں کیا بنایا؟ ، مانسہرہ کی موٹروے بہت خوبصورت ہے، آپ سے بھی پوچھتا ہوں موٹروے نہیں تھی تو مانسہرہ کتنی دیر میں پہنچتے تھے؟ جب موٹروے نہیں تھی تو اسلام آباد سے مانسہرہ 5 گھنٹے میں پہنچتے تھے، کہاں ڈیڑھ گھنٹے اور کہاں پانچ،نوازشریف کو دعائیں تو دو۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں مہنگائی نہیں تھی ، ان ظالموں نے ملک کا ستیاناس کردیا ہے ۔ نوازشریف نے کہا کہ آکر ملک میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، سستی بجلی اور گیس دی، میرے دور میں لوگوں کو روزگار ملا، پاکستان میں میٹروبس اور لاہور میں اورنج لائن ٹرین بنائی ۔ ہمیں مدت پوری کرنے دی ہوتی تو آپ نے اگلی حکومت بھی ن لیگ کو دینی تھی، آپکو یاد ہونا چاہیے سبزیاں 10روپے کلو بکتی تھیں، پٹرول 60روپے لٹر تھا، گھی سستا تھا،چینی 50روپے کلو تھی، پاکستان میں کوئی مہنگائی نہیں تھی،اللہ نے برکت دی ہوئی تھی ۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں