مانسہرہ کے عوام نے آزادی کو ووٹ دیا ہے،گستاسب خان

عوام نے اس شخص کو شکست دی ہے جو متعدد بار وزیراعظم رہا مگر عوام کیلئے کچھ نہیں کیا،میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 9 فروری 2024 15:01

مانسہرہ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09 فروری2024 ء) این اے 15 میں ن لیگ کے قائد نواز شریف کو شکست دینے والے تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار گستاسب خان کا کہنا ہے کہ مانسہرہ کے عوام نے آزادی کو ووٹ دیا ہے،مانسہرہ کے عوام نے اس شخص کو شکست دی ہے، جو متعدد بار وزیراعظم رہا مگر عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔حلقہ این اے 15میں نتائج کے اعلان کے بعد تحریک انصاف کے آزادامیدوار نے علاقے کا دورہ کیا ۔

پی ٹی آئی امیدوار شہزادہ محمد گستاسب خان کا مانسہرہ میں جگہ جگہ پرتپاک استقبال کیا گیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عوام نے الیکشن میں ہر قسم کے تسلط کو مسترد کیا ہے اور اپنے چیئرمین کی آواز پر لبیک کہا ہے ۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ مانسہرہ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 15 پر پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف اور پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار گستاسب خان کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہواجس میںسابق وزیراعظم کو شکست کا سامنا کر نا پڑا۔

غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے مانسہرہ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 15 سے بھی اپ سیٹ نتیجہ سامنے آیا۔ این اے 15 سے پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار شہزادہ گستاسب نے ایک لاکھ 5 ہزار 249 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کر لی جبکہ نواز شریف کو 80 ہزار 382 ووٹ ملے۔ملک بھر میں عام انتخابات 2024 کیلئے ووٹنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور ساتھ ہی غیرحتمی و غیرسرکاری نتائج آنے کا سلسلہ برقرار ہے۔

آزاد امیدواروں نے نامور سیاست دانوں کواہم حلقوں میں ہرا دیا۔ خواجہ سعد رفیق ، فضل الرحمان، برجیس طاہر ، پرویز خٹک اور سراج الحق سمیت بڑے بڑے ناموں کو شکست ہوئی۔خیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلی پرویز خٹک اور محمود خان کو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑاجبکہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق دیر، اویس نورانی کراچی میں ہار گئے۔

مانسہرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں