لاڈلے کوچوتھی با ر ملک پر مسلط کیاگیاتو عوام نقصان اٹھائیں گے، بلاول بھٹو زرداری

آج ’ان‘ کے مخالف کے ساتھ جو ہورہا ہے، کل ’ان‘ کے ساتھ بھی یہی ہوگا،چیئرمین پیپلزپارٹی کا نوڈیرو میں انتخابی جلسے سے خطاب

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 16 جنوری 2024 15:48

لاڈلے کوچوتھی با ر ملک پر مسلط کیاگیاتو عوام نقصان اٹھائیں گے، بلاول بھٹو زرداری
نوڈیرو((اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16جنوری2024 ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اگر ایک شخص کو چوتھی بار مسلط کیا گیا تو عوام نقصان اٹھائیں گے۔ نوڈیرو میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آج ’ان‘ کے مخالف کے ساتھ جو ہورہا ہے، کل ’ان‘ کے ساتھ بھی یہی ہوگا ۔ ہم نے پہلے دن سے سلیکٹڈ راج کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا، نواز شریف امیر المومنین بننا چاہتے تھے ہم نے انہیں بھی ناکام بنایا ۔

ملک میں نفرت اور ذاتی دشمنی کی سیاست کی وجہ سے جو ہورہا ہے بہت غلط ہورہا ہے، جو آج سمجھتا ہے کہ ان کے مخالف کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے، وہ جان لیں کل ان کے ساتھ بھی یہی ہوگا، سیاسی عدم استحکام سے معیشت کو نقصان ہوگا، اس سے ملک، وفاق اور نظام کو بھی نقصان پہنچے گا، تقسیم کی سیاست کا اثر ہر گھر تک پہنچ رہا ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہآ ساتھ دیں گے تو میں ملک کا نوجوان وزیراعظم بنوں گا۔

آپ عوام ساتھ تھے تو شہید بینظیر بھٹو مسلم امہ کی پہلی خاتون وزیراعظم بنیں اورمیں ملک کا نوجوان وزیر خارجہ بنا۔اس وقت پاکستان میں تاریخی مہنگائی اور غربت ہے۔کچے سے لیکر پختونخوا اور افغانستان کے حالات عوام بھگت رہے ہیں۔ اس وقت کسی کو کوئی احساس اور فکر نہیں ہے ، ہمارا سیاسی عدم استحکام معاشی عدم استحکام کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشتگرد تنظیموں نے بینظیر بھٹو کو شہید کرایا،دہشتگرد تنظیموں نے 18اکتوبر کا سانحہ کیا، دہشتگرد تنظیموں نے اے پی ایس پر حملہ کیا،پولیس اور شہریوں نے قربانیاں دیکر دہشتگردوں کو ختم کیا تھا، دہشتگرد آج ایک بار پھر سر اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف معاشی بحران تو دوسری طرف سیاسی بحران ہے،افغانستان کے حالات کے اثرات پاکستان کے عوام بھگت رہے ہیں، کسی کوکوئی احساس اورفکر نہیں کہ عوام کتنی تکلیف میں ہیں ،ان کواندازہ نہیں کہ اسلام آباد میں کیے گئے فیصلوں کا اثرکیا ہوتا ہے، ان فیصلوں کی وجہ سے پاکستان میں تاریخی مہنگائی، بےروزگاری اورغربت ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ اس بار ہم پاکستان کو پہلے سے زیادہ بچائیں گے، 8 فروری کو پاکستان کے عوام نئی سوچ چنیں گے،عوام ایک ہوکر مسائل کا سامنا کریں گے اور فتح حاصل کریں گے،8 فروری کو ہمیشہ کیلئے نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ختم کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسی حکومت بنائیں گے جو عوامی حکومت ہوگی، عوام کی نمائندگی کرتے ہو پاکستان کو معاشی اور سیاسی بحران سے نکالیں گے۔

نوڈیرو‎ میں شائع ہونے والی مزید خبریں