سبی میں پی ٹی آئی ریلی کے قریب دھماکا، تین افراد جاں بحق، سات زخمی

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سبی میں تحریک انصاف کی ریلی میں دھماکے کا نوٹس لے لیا

منگل 30 جنوری 2024 22:58

سبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جنوری2024ء) بلوچستان کے شہر سبی میں جناح روڈ پر پی ٹی آئی کی ریلی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور 7 سے زائد زخمی ہو گئے۔منگل کو سبی میں انتخابات کے سلسلے میں پی ٹی آئی کی ریلی کا اہتمام کیا گیا اور اسی دوران دھماکے ہو گیا جس سے افراتفری پھیل گئی۔ایس ایچ او سٹی سبی پولیس اسٹیشن ذکااللہ گجر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور 7 سے زائد افراد شدید زخمی ہو گئے۔

ایمبولینس سروس نے بتایا کہ زخمی ہونے والے افراد کو سول ہسپتال سبی منتقل کیا جا رہا ہے جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔ہسپتال ذرائع نے مریضوں کی تشویشناک حالت کے پیش نظر ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کی ہے۔

(جاری ہے)

بم ڈسپوزل اسکاٹس کی جانب سے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلوچستان کے ضلع سبی میں تحریک انصاف کی ریلی میں دھماکے کا نوٹس لے لیا۔

ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری اور آئی جی بلوچستان سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا کہ افسوسناک واقعے کے بعد سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔انہوںنے کہاکہ دھماکے کی نوعیت کامعلوم نہیں ہوسکا اور سبی سمیت بلوچستان کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔دھماکے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے حادثہ کو گھیرے میں لے لیا۔دھماکے کے بعد محکمہ صحت نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے دارالحکومت کوئٹہ سمیت دیگر شہروں کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔

سیبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں