رائیونڈ والے تھرپارکر کے گرینائٹ پر نظر لگا کر بیٹھے ہیں میں عوام سے مل کر ان کے ہاتھ کاٹ دونگا ، بلاول بھٹو

ہفتہ 3 فروری 2024 20:51

رائیونڈ والے تھرپارکر کے گرینائٹ پر نظر لگا کر بیٹھے ہیں میں عوام سے مل کر ان کے ہاتھ کاٹ دونگا ، بلاول بھٹو
تھرپارکر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 فروری2024ء) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ رائیونڈ والے تھرپارکر کے گرینائٹ پر نظر لگا کر بیٹھے ہیں میں عوام سے مل کر ان کے ہاتھ کاٹ دونگا ،سندھ کے عوام ہمارے ساتھ کھڑے ہیں ،پیپلز پارٹی نفرت اور تقسیم پر یقین نہیں رکھتی خدمت پر یقین رکھتی ہے ،تھرکول کا منصوبہ میاں صاحب نے شروع کیا ہوتا تو میں یہاں نہیں وہ یہاں ہوتے ،میں واحد سیاستدان ہوں جو عوام کی طرف دیکھ رہا ہوں باقی سارے سہارے ڈھونڈ رہے ہیں ۔

تھرپارکر کے علاقے چھاچھرو میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ الیکشن آٹھ فروری کو ہورہے ہیں مگر تھرپارکر کے عوام نے آج ہی اپنا فیصلہ سنا دیا ہے یہ ہمارا آپ کے ساتھ جو رشتہ ہے یہ سیاسی رشتہ نہیں یہ محبت کا رشتہ ہے میں آپ کا ہوں آپ میرے ہو انشاء اللہ زندگی بھر ہم ساتھ رہیں گئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ساتھیوں ایک شخص اپنے آپ کو اس ملک پر چوتھی بار وزیراعظم مسلط کرنے کی کوشش کررہا ہے اور وہ شخص اتنا غلط بیانی کررہا ہے کہ آپ کو معلوم ہے کہ وہ شخص کہتا ہے کہ تھرکول کا منصوبہ اس نے شروع کیا میں چھاچھرو کے عوام سے پوچھتا ہوں تھرپارکر کے عوام سے پوچھتا ہوں کہ تھرکول کا منصوبہ کس نے دیا لاہور تک آواز پہنچا دو کے یہ منصوبہ صدر آصف علی زرداری نے دیا رائیونڈ والو کی اتنی غلط بیانی اگر یہ منصوبہ نواز شریف کا ہوتا تو اس وقت میں آپ کے ساتھ نہ ہوتا میاں صاحب یہاں آکر جلسہ کررہے ہوتے پاکستان پیپلزپارٹی نے یہاں کے عوام کیلئے معاشی فائدہ پہنچانے کیلئے روزگار مواقع فراہم کرنے کیلئے یہ منصوبہ شروع کیا تھا انشاء اللہ آٹھ فروری کے بعد اس منصوبے میں مزید کام ہوگا ہم انشاء اللہ تھرپارکر سے کراچی تک ٹرین کا بندوبست کرینگے تاکہ نہ صرف آپ کا کوئلہ کراچی پہنچ سکے بلکہ یہاں کے عوام بھی آرام سے کراچی پہنچ سکیں پہلے ہم نے آپ کے لئے سڑکیں بنا کردیں پھر ہم نے تاریخ میں پہلی بار اسلام کوٹ میں ائرپورٹ بنا کردیا انشاء اللہ اگلی بار کراچی کاسفر بھی کراچی کی جانب شروع ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ مجھے بتایا گیا ہے کہ یہ شیر والے سندھ کی جانب دیکھ رہے ہیں وہ کہتے ہیں کہ ان کی حکومت بنے گی تو وہ یہاں کے گرینائٹ کو وہ سیل کرینگے ان کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ شہید بے نظیر بھٹو آج بھی موجود ہے اگر وہ اس منصوبے کی طرف ہاتھ بڑھاتے ہیں تو میں اور آپ مل کر وہ ہاتھ کاٹ دینگے یہ آپ کا اثاثہ ہے اور ہم اس کا تحفظ کرینگے اور کاروبار کرنے کا حق ہے اس پر تووہ صرف تھرپارکر کے عوام کو ہے ۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ساتھیوں یہ الیکشن جو آج آٹھ فروری کو ہونے جارہے ہیں میں اس ملک کا واحد سیاستدان ہوں جو پاکستان کے عوام کی طرف دیکھ رہا ہوں جو پاکستان کے عوام سے ان کا ووٹ مانگ رہا ہوں دوسرے خلائی مخلوق کی جانب دیکھ رہے ہیں مگر میرے ساتھ صرف عوام ہیں اور جس جوش وخروش سے آپ یہاں موجود ہے اگر آٹھ فروری کو اسی جوش و جذبے کے ساتھ باہر نکلے تو تیر پر مہر لگائیں تو پھر کوئی طاقت ہمارا اور آپ کا راستہ نہیں روک سکتی میاں صاحب کی کوشش رہی ہے کہ جیسے سندھ میں گزشتہ الیکشن ہوئے ویسے ہی ان کے لئے اس دفعہ کام کروایا جائے اور یہاں بھی میاں صاحب کی کوشش ہے کہ وہ نہ صرف پاکستان پر مسلط ہوں بلکہ ان کی کٹھ پتلی حکومت کراچی میں بیٹھے ڈکیت سے مل کر آپ کے حق پر ڈاکہ مار سکیں آپ کے وسائل آپ کے حقوق پر ڈاکہ مار سکیں شکر اللہ کا اس دھرتی کے عوام ہمارے ساتھ کھڑے ہیں وہ کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے انشاء اللہ آٹھ فروری کو ملک بھر میں تیروں کی بارش ہوگی میں ملک بھر میں جارہا ہوں کہ ہمیں آپ کے مسائل کا احساس ہے ہم سمجھتے ہیں کہ اس وقت تین بڑے مسئلے ہیں ایک مہنگائی ، دوسرا غربت اور تیسرا بے روزگاری اور میں نے اپنے ہاتھوں سے یہ عوامی معاشی معاہدہ تیار کیا ہے یہ دس نکاتی ایجنڈا ہے اس کو آپ اردو میں پڑھ سکتے ہو ، سرائیکی میں پڑھ سکتے ہو ، سندھی میں پڑھ سکتے ہو بلوچی اور پشتو میں بھی پڑھ سکتے ہو یہ دس نکاتی ایجنڈا ہے آپ خود بھی پڑھیں اور ساتھیوں کو بھی دکھائے یہ بھٹو کے بیٹے کا وعدہ ہے کہ بھٹو کا بیٹا وزیراعظم بن کر آپ کی آمدنی کو دوگنا کرے گا میں پاکستان کے عوام کیلئے انشاء اللہ تیس لاکھ گھر بنا کر دونگا اور اس گھر میں رہنے والی خواتین کو مالکانہ حقوق دلوائوں گا یہ کام میں نے سیلاب متاثرین کیلئے یہاں سندھ میں شروع کیا ہے اب نگران حکومت میں یہ سست روی کا شکار ہے اب انشاء اللہ آٹھ فروری کے بعد دوبارہ یہ گھر بنانا شروع کرینگے یہ منصوبہ تیزی سے آگے بڑھے گا ۔

اگر مجھے وفاقی حکومت ملی تو میں عوام کو تین سو یونٹ فری بجلی سولر کے ذریعے دونگا میں یہاں تھرپارکر میں ایک گرین انرجی پارک بنائوں گا اور سولر کے ذریعے اس سولر پارک کے ذریعے کم قیمت پر بجلی عوام تک پہنچائینگے ،آپ تھرپارکر کی عوام کو بتائیں کہ میری والدہ اس دنیا میں نہیں رہیں مگر میں اس ملک کی خواتین کی اسی طرح خدمت کرنا چاہتا ہوں جس طرح ایک بیٹا ماں کی کرتا ہے میں نہ صرف انکم سپورٹ پروگرام میں اضافہ کرونگا بلکہ خواتین کو بلاسود قرضہ بھی دلوائونگا تاکہ وہ کاروبار کرکے اپنے گھر کی معاشی حالت بہتر کرسکیں اگر ہمیں وفاقی حکومت میں موقع ملا تو ہم سندھ کے ہاریوں کیلئے بے نظیر ہاری کارڈ بنا کر دونگا اور ان کے جیب میں مدد پہنچائوں گا میں مزدور بہن بھائیوں کیلئے بے نظیر مزدور کارڈ بنا کر دونگا ان کو محنت کا صلہ دلوائوں گا ان کو بھی مالی مدد ملے گی جو اس ملک کے نوجوان ہیں جو تھرپارکر کے نوجوان ہیں میں ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ جو حقدار ہیں جو مشکل میں ہیں وہ نوجوان روزگار کی تلاش میں ہیں ان کو روزگار نہیں مل رہا میں ان کے لئے بے نظیر یوتھ کارڈ لے کر دونگا تاکہ وہ جب تک روزگار کی تلاش میں ہیں وہ بے نظیر یوتھ کارڈ سے مدد ملتی رہے ۔

انشاء اللہ ہر ڈسٹرکٹ میں یونیورسٹی بنائینگے ، انشاء اللہ ہر ڈسٹرکٹ میں مفت علاج کے ہسپتال بنائینگے جہاں لیور ، کڈنی ، کینسر کے مفت علاج ہوگا تھرپاکر اور چھاچھرو میں بھی یہ سہولت پہنچیں گئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھوک مٹائو پروگرام شروع کرینگے اس سے غربت کا مقابلہ کرینگے بھوک کا مقابلہ کرینگے اور تعلیمی ادارے سکول پرائمری سکول ہیں وہاں بھی کھانے کا بندوست کرونگا باقی سیاسی جماعتیں نفرت اور تقسیم کی سیاست کررہی ہیں وہ سیاست نہیں تقسیم کی سیاست کررہی ہیں پاکستان پیپلز پارٹی انتقامی اور تقسیم کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ آپ چن لو ایک نئی سوچ کو پاکستان پیپلز پارٹی کو ہم اس نفرت کی سیاست کو ختم کردینگے جس سے پاکستان اور عوام کو نقصان ہورہا ہے میں اس کو ہمیشہ کیلئے دفن کردونگا ۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ رہی بات یہاں جو میاں صاحب کے ساتھی ہیں جو ان کے سہولت کار ہیں وہ سندھ بھر میں ستارہ پر الیکشن لڑ رہے ہیں نواز شریف اتنی بار وزیراعظم رہا مگر اس نے کبھی سندھ کیلئے کام نہیں کیا اس لئے وہ اس پوزیشن میں نہیں کہ کسی کو بولے کہ میرے شیر کے نشان پر الیکشن لڑو اس لئے وہ ستارے والے ڈھونڈ رہے ہیں یہ رائیونڈ والوں کی مدد کرینگے آپ نے ان کو بھی شکست دینی ہے ستارے صرف رات کو اچھے لگتے ہیں دن کو اچھے نہیں لگتے باقی ملک بھر میں آج کا آزاد امیدواروں کا شوشہ بھی ہے آپ نے اپنے ساتھیوں کو سمجھانا ہے کہ لڑائی صرف تیر اور شیر کی ہے آپ چاہتے ہو کہ چوتھی بار والی سازش ناکام بنا دیں تو ایک ہی طریقہ ہے تیر پر مہر لگائیں انشاء اللہ میں خود اس تیر سے اس شیر کا شکار اپنے ہاتھیوں سے کرونگا آپ نے میرے آٹھ فروری کو جو امیدوار ہیں پیپلز پارٹی کے ان کو کامیاب کروا کے ترقی پر مہر لگائیں اپنے مستقبل پر مہر لگائیں ۔

تھرپارکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں