فیڈرر کو پھر شکست :نڈال چھٹی بار کلے کورٹ کے چیمپئن

Fedrrer Ko Phir Shikast Nadal 6th Baar French Open Champion

نوویک کی 41فتوحات کو بریک لگ گئی ‘اعصام کا بھی بلندیوں کی جانب سفر جاری چینی سٹار ”لی نا “فرنچ اوپن جیتنے والی پہلی ایشین کھلاڑی بن گئیں

منگل 7 جون 2011

Fedrrer Ko Phir Shikast Nadal 6th Baar French Open Champion
اعجازوسیم باکھری: سپینش ٹینس سٹار رافیل نڈال لگاتار دوسرے سال فرنچ اوپن کاٹائٹل اپنے نام کرکے کلے کورٹ میں اپنی بادشاہت برقرار رکھنے میں کامیاب ہوگئے جبکہ خواتین سنگل ایونٹ میں چین کی لی نا بھی گرینڈ سلم چیمپئن بننے والی پہلی ایشین ٹینس کھلاڑی بن گئی ہیں۔پاکستانی سٹار اعصام الحق کا سفر بھی بلندیوں کی جانب جاری ہے ، اعصام اپنے بھارتی ساتھی روہن بھوپنا کے ہمراہ فرنچ اوپن کا کوارٹرفائنل کھیلنے میں کامیاب رہے تاہم انہیں سیمی فائنل تک رسائی کیلئے ورلڈنمبر ون جوڑی برائن براردرز کو شکست دینا تھی لیکن اعصام اور بھوپنا امریکی جوڑی کو ہرانے میں ناکام رہے تاہم مجموعی طور پر دونوں نے عمدہ کھیل پیش کرکے کلے کورٹ میں اپنی موجودگی کااحساس دلایا۔

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں 14دن تک جاری رہنے والے فرنچ اوپن کے 110ویں ٹورنامنٹ میں شائقین کو جہاں اعصاب شکن مقابلے دیکھنے کوملے وہیں کئی بڑے اپ سیٹ نے بھی ٹینس مداحوں کو حیران کردیا۔

(جاری ہے)

کلے کورٹ پر کھیلے جانیوالے سال کے دوسرے گرینڈ سلم ٹورنامنٹ میں مردوں کے سنگل مقابلوں میں رافیل نڈال نہ صرف ٹاپ سیڈ تھے بلکہ دفاعی چیمپئن ہونے کی بدولت انہیں ایونٹ کیلئے فیورٹ بھی قرار دیا جارہا تھا۔

نڈال کو حالیہ فرنچ اوپن میں دفاعی چیمپئن سربین سٹار نوویک ڈجکووچ کی جانب سے خطرہ تھا لیکن سیمی فائنل میں نوویک راجرفیڈرر کے ہاتھوں پٹ گئے جس سے نہ صرف نوویک کی لگاتار41فتوحات کو بریک لگ گئی بلکہ ماہرین کی جانب سے انہیں فیورٹ قرار دئیے جانے کے دعوے بھی دھرے رہ گئے ۔فیصلہ کن معرکے میں نڈال کو روایتی حریف راجرفیڈرر کی جانب سے قدرے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا لیکن نڈال نے اپنے کلے کورٹ پر وسیع تجربے کے باعث نہ صرف پہلے سیٹ میں خسارے میں جانے کے باوجود کم بیک کیا بلکہ دوسرا اور چوتھا سیٹ جیت کر ٹائٹل اپنے نام کیا ۔

تیسرے سیٹ میں فیڈرر نے کامیابی حاصل کی لیکن آخری سیٹ میں 6-1کی یکطرفہ شکست نے ان کا چیمپئن بننے کا خواب چکنا چور کردیا۔نڈال کافرنچ اوپن میں یہ چھٹا ٹائٹل ہے ، انہوں نے پہلی بار 2005ء میں ارجنٹائن کے مارینو پیوریٹا کوشکست دیکر نہ صرف پہلی بار فرنچ اوپن کا ٹائٹل جیتا بلکہ نڈال کے کیرئیر کا پہلا گرینڈسلم ٹائٹل بھی تھا ۔ اگلے سال 2006ء میں نڈال نے راجرفیڈرر کو کلے کورٹ پر شکست دیکر لگاتار دوسرا فرنچ اوپن ٹورنامنٹ جیتا، 2007ء میں ایک بارپھر فائنل میں نڈال نے فیڈرر کو ہراکر فرنچ اوپن ٹورنامنٹ جیتنے کی ہیٹ ٹرک مکمل کی ، 2008ء بھی فیڈرر اور نڈال کے مابین فرنچ اوپن کے ٹائٹل کیلئے پنجہ آزمائی ہوئی جہاں حسب روایت نڈال نے کلے کورٹ پر اپنی برتری برقرار رکھی اور مسلسل چوتھی بار فرنچ اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کیا ۔

2009ء کے فرنچ اوپن میں نڈال کو چوتھے راؤنڈمیں سوئیڈن کے رابن سوڈرلنگ کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرناپڑا جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل سوڈرلنگ اور فیڈرر کے مابین کھیلا گیا جہاں راجرفیڈررتین مرتبہ فائنل ہارنے کے بعد پہلی بار فرنچ اوپن ٹائٹل جیتنے میں سرخرو ہوئے۔ گزشتہ سال کھیلے گئے 2010ء کے فرنچ اوپن میں نڈال نے ایک با ر پھر کم بیک کیا اور فائنل میں رابن سوڈرلنگ کو شکست دیکر گزشتہ ایونٹ میں اپنی ناکامی کا بدلہ لیا۔

نڈال 6مرتبہ فرنچ اوپن جیت کر سویڈن کے بجورن بورگ کا 6مرتبہ چیمپئن رہنے کا ریکارڈ برابر کرنے میں کامیاب ہوگئے جبکہ سب سے زیادہ 8مرتبہ فرنچ اوپن ٹینس کا ٹائٹل جیتنے والے فرانسیسی کھلاڑی میکس ڈی کیو جس کا ریکارڈتوڑنے کیلئے ابھی مزید دو ٹائٹل دور ہیں۔ خواتین سنگل ایونٹ میں ماریا شراپووا ، کم کلسٹرز ، سمانتھا سٹوسر ، جیلینا جانکووچ ، اینا ایوانووچ اور سوتیلاناکزنٹسوااور مارین برٹولی کی موجودگی میں چینی سٹار لی نا نے ٹائٹل جیت کر شائقین کو حیرت زدہ کردیا۔

لی نا نے فائنل اٹلی کی دفاعی چیمپئن فرانسیسکا شیون کوسٹریٹ سیٹس میں شکست دیکر نہ صرف اپنے کیرئیر کا پہلا گرینڈ سلم ٹائٹل جیتا بلکہ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی ایشین کھلاڑی بھی بن گئیں ہیں ۔ لی نا اس سے قبل رواں سال کے آسٹریلین اوپن کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں بھی کامیاب رہیں تھیں جہاں انہیں بلجیم کی کم کلسٹرز کے ہاتھوں شکست ہوئی ۔

29سالہ26فروری 1982ء کو چین کے شہر ہبائی میں پیداہوئیں ، ابتدا میں وہ اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بیڈمنٹن کھیلتی رہیں لیکن والد کے انتقال کے بعد ان کے کوچ نے انہیں ٹینس کھیلنے کا مشورہ دیا جس پر لی نا نے عمل کرتے ہوئے خود کو ایک پروفیشنل ٹینس پلیئر میں ڈھال دیا۔ لی نا نے اپنے انٹرنیشنل کیرئیر کا باقاعدہ آغاز 1999ء میں کیا اور وہ اب تک 5ڈبلیو ٹی اے اور 19آئی ٹی ایف سنگل ٹائٹل جیت چکی ہیں ۔ لی نا اس وقت ورلڈٹینس رینکنگ میں چوتھی پوزیشن پر فائز ہیں اور انہوں نے یہ پوزیشن 6جون 2011ء کو حاصل کی۔

مزید مضامین :