چھٹی بار مقابلہ، پٹاخے تیار،گرو جی ، اتہاس بدلنے میں زیادہ سمے نہیں لگتا

It,s India Pakistan

جیت کا دعویٰ نہیں کررہے، اگر پاکستان جیت گیا تو کیا ہوگا، تھوڑا اسے پڑھ لو۔

Ejaz Wasim Bakhri اعجاز وسیم باکھری ہفتہ 14 فروری 2015

It,s India Pakistan

یہ بات سچ ہے کہ پاکستان بھارت کیخلاف ورلڈ کپ مقابلوں میں کبھی نہیں جیتا، اس حقیقت کے پیش نظر بھارتی میڈیا نے پاکستان کیخلاف ایک ایسا اشتہار نشرکردیا جس میں پاکستانی1992ء سے لیکر 2011ء کے ورلڈکپ تک صرف یہی انتظار کرتے نظرآئے کہ آخر کب بھارت کیخلاف کامیابی ملے گی اور کب پٹاکے پھوڑنے کا موقع ملے گا۔ اس اشتہار کے جواب میں پاکستانیوں نے بھی جوابی اشتہار بناکر یوٹیوب اور فیس بک پر لگادئیے ہیں جس میں کب سے پھوڑ رہے ہیں کے سلوگن سے شعیب اختر کے باؤنسر دکھائے گئے ہیں جس میں وہ بھارتی بلے بازوں کو کبھی پسلیوں تو کبھی سرپر ضربیں لگارہے ہیں۔ ایک اور اشتہار میں تو پاکستانی نوجوان بھارتی دوست کو یہ تک کہہ گیا کہ ، ارے پٹاکے چھوڑو ہم تو ایٹم بم بھی پھوڑ دیں لیکن آپ کی جنتا روتی بہت ہے ۔

(جاری ہے)

 یہ تو محض سوشل میڈیا وار میں کراس فائر کی کہانی ہے اس بار پٹاکے تو ایڈیلیڈ اوول کی گراؤنڈ میں پھوڑے جائیں گے۔ اب یہ پٹاکے شاہد آفریدی پھوڑے یا بھارت کی طرف سے کوہلی مگر بھارتیوں کو ایک خوف ضرور طاری ہے کہ محمد عرفان نے اگر پٹاکے پھوڑے تو دھونی الیون کیلئے روایت برقرار رکھنا مشکل ہوجائیگا۔

بھارتی میڈیا کی بڑی بڑی بڑھکیں اپنی جگہ بجا ہیں، اور وہ کیوں نہ شوخیاں دکھائیں آخر وہ مسلسل 5 بار ورلڈکپ میچز جیت چکے ہیں ، چلیں یہ شوخیاں تو بجا ہیں لیکن ان شوخیوں اور بڑھکوں کے پیچھے ایک وجہ بھارتی ٹیم کی آسٹریلوی سرزمین پر مسلسل6 میچز میں شکست کو چھپانے کیلئے بھی یہ سب پٹاکے پھوڑے جارہے ہیں۔ بھارتی ٹیم کی باؤلنگ کمزور ہے تو پاکستان کی بیٹنگ لائن اپ بھی کوئی زیادہ اچھی کارکردگی نہیں دکھا رہی، آن پیپر بھارتی ٹیم مضبوط بھی ہے اور فیورٹ بھی لیکن تاریخ بدلنے میں کوئی دیر نہیں لگتی اور رہی بات پٹاکے پھوڑنے کی تو نجانے کیوں ایسا لگ رہا ہے کہ چھٹی باری ہماری ہے اور پٹاکے پھوڑنے کا انتظار ختم ہونے والا ہے۔ اگر پاکستان اتوارکو ہار جاتا ہے تو ہم پٹاکوں کی پیٹی اٹھا کر ایک بار پھر الماری میں رکھ دیں گے مگر یہ سوچیں اگر جیت گئے تو کیا ہوگا، چلیں ہم تو جس انداز میں فتح کا جشن منائیں گے وہ تو دنیا دیکھ ہی لے گی مگر سرحد کے اُس پار شکست پر جو صف ماتم بچھے گی اس پر پورا سو ارب بھارت ایک لکیر میں بیٹھ جائیگا اور پاکستان ٹیم نے اگر یہ لکیر کھینچ دی تو بھارتی ٹیم پہلے راؤنڈ میں سنبھل نہیں پائے گی۔ دھونی دفاعی چیمپئن کپتان ہے اور ذاتی طور پر ایک سلجھا ہوا انسان بھی ہے لیکن اگر پاکستانی ٹیم نے لکیر کھینچ دی اور پٹاکے چل پڑے تو یہی سوا ارب بھارتی ہونگے جو دھونی کی دھنائی کردیں گے۔ابھی تو مقابلہ شروع ہی نہیں ہوا تو دھونی پر تنقید کی جانے لگی ہے کہ آسٹریلیا میں دو ماہ کرکٹ کھیل کر بھارتی ٹیم نے جو گل کھلائے ہیں کیا ورلڈکپ میں بھی ان کا تسلسل برقراررہے گا۔ ہمیں تو یہی لگتا ہے کہ اس بار تاریخ بدل جائے گی اور یہ تاریخ بھارت کو اگر مہنگی پڑ گئی تو پہلے میچ میں شکست کے بعد بھارتی ٹیم کا بوریا بستر گول بھی ہوسکتا ہے۔ ہم جیت کا دعویٰ نہیں کررہے مگر بس اتنا کہہ رہے ہیں کہ اگر ہم جیت گئے اور پٹاکے پھوڑنے کا موقع مل گیا تو سرحد کے اس پار کیا ہوگا وہ دیکھنے کے لائق ہوگا۔


مزید مضامین :