سرینا ولیمز | 23 گرینڈ سلامزجیت کر دوسرے نمبر پر

Serena Williams

2016 ء تک مختلف گرینڈ سلامز میں دونوں بہنیں سرینا اور وینس نے14 مرتبہ ڈبلز ٹائٹلز بھی جیتا، سرینا ولیمزواحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے سنگلز اور ڈبلز دونوں میں کیرئیر " گولڈ سلامز" حاصل کیا

Arif Jameel عارف‌جمیل جمعہ 23 جون 2023

Serena Williams
ٹینس کی دُنیا کے مرد و خواتین کھلاڑیوں میں بہت بڑا نام " سرینا ولیمز" ۔جنہوں نے25 سال سے زائد عرصہ ورلڈ ٹینس پر راج کیا۔اس دوران ڈیپریشن کا شکار بھی رہیں اور کیرئیر کے آخر تک انجیر یز کے مسائل سے دوچار بھی ۔ پھر بھی بحیثیت اسپورٹس وویمن نوجوانوں کیلئے حوصلہ و عزم کی ایک مثال چھوڑ کر ریٹائر ہوئیں۔اُنھوں نے جہاں ورلڈ ٹینس کے تقریباً ہر ٹورنامنٹ میں اپنے جھنڈے گاڑھے وہاں گرینڈ سلامز کے فائنلز میں 33 دفعہ رسائی حاصل کر کے23 مرتبہ ٹائٹل جیتنے والی دوسری خاتون بن گئیں۔

(یاد رہے کہ جب سرینا نے 2017 ء تک اپنے 23 ٹائٹلز جیتے تھے اُس وقت تک وہ مرد و خواتین میں دوسری ٹینس کھلاڑی تھیں۔لیکن11 ِجون2023ء کو سربیا کے نوواک چوکووچ نے فرنچ اوپن کا فائنل جیت کر اپنے23 گرینڈ سلامز ٹائٹلز مکمل کر لیئے اور مرد ٹینس کھلاڑیوں میں پہلے نمبر پر آگئے اور سرینا ولیمز کے برابر)۔

(جاری ہے)

سرینا ولیمز کے ٹائٹلز میں دِلچسپ یہ ہے کہ ایک تو اِن گرینڈ سلامز سنگلز فائنل میں 9 دفعہ اُنکے اپنی بڑی بہن وینس ولیمز مقابلے میں آئیں۔

جن میں سے 7 مرتبہ سرینا نے بہن کو شکست دی۔دوسراسرینا ولیمز نے " ریڈ اِیٹ"سوشل نیوز کے شریک بانی الیکس اوہانیان سے شادی کی اور جب سرینا ولیمز نے آسٹریلین اوپن17ء کا فائنل اپنی بہن وینس ولیمز سے جیتا تو سرینا 8 ہفتے کے حمل میں تھیں۔پھریکم ستمبر17 ء کو سرینا کے ہاں بیٹی "اولپمیا الیکس " کی ولادت ہوئی۔ سرینا جمیکا ولیمز 26ِ ستمبر 1981ء کو ساگیناو شہر، مشی گن ریاست امریکہ میں رچرڈ ولیمز اور اوراورسین پرائس کے ہاں پیدا ہوئیں۔

وہ والدہ کی طرف سے پانچ بہنوں میں سب سے چھوٹی ہیں۔ والدہ کی70 ء کی دہائی میں یوسف رشید سے تین بیٹیاں یوٹونڈے ، لنڈریااور اِیشاء پرائس پیدا ہوئیں ۔ وہ بنیادی طور پر ٹینس کی کھلاڑی تھیں لیکن یوسف رشید کی وفات کے بعد نرس بن گئیں۔ملازمت کے دوران رچرڈ ولیمز سے ملاقات ہوئی جو اسیکیورٹی فرم سے وابستہ تھے۔ دونوں نے شادی کر لی اور 2 بیٹیاں وینس ولیمز اور سرینا ولیمز پیدا ہوئیں۔

دِلچسپ یہ ہے کہ والدرچرڈ ولیمز نے بھی تین شادیاں کیں۔ پہلی 1965 ء میں بیٹای جانسن سے ۔اُسے تین بیٹے اوردو بیٹیاں ہیں۔پھر 2002ء میں سرینا ولیمز کی والدہ اورسین پرائس کو طلاق دینے کے بعد2010 ء میں تیسری شادی لکیشا جوانیتا گراہم سے کی جسے بھی ایک بیٹا پیدا ہوا اور 2017 ء میں رچرڈ ولیمز نے اُسے بھی طلاق دے دی۔ والدین کی ذاتی زندگی و فیصلوں پر اولاد کے مستقبل پر کیا اثرات ہو تے ہیں یہ تو سرینا ولیمز اوراُنکے بہن بھائیوں سے پوچھا جائے تو اُنکے احساسات سے اندازہ ہو سکے گا کہ گھریلو معاملات عملی زندگی پر کتنے اثر انداز ہوتے ہیں لیکن سرینا اور وینس ولیمز کے ٹینس کیرئیر میں والد رچرڈ کا کتنا اہم کردار رہا اُ سے بھی نمایاں کیئے بغیر ولیمز سسٹرز کی کامیابیوں کی کہانی نامکمل لگتی ہے۔

رچرڈ ولیمز کو ٹینس دیکھنے کا بہت شوق تھا اور جب جیتنے والے کھلاڑیوں کو کامیابی پر بڑی رقوم ملتی تو اُنکو بھی خواہش ہو تی کہ اُنکا کوئی بچہ اس کھیل میں دِلچسپی لے۔لہذا پہلا موڑ تو اُنکی زندگی میں یہی آیا کہ اُنھوں نے ایک ٹینس کی کھلاڑی اورسین سے شادی کر لی۔دوسرا جب سرینا ولیمز پیدا ہوئیں تو والد نے فیصلہ کر لیا کہ وہ دونوں بیٹیوں کو ٹینس کی بہترین تربیت دینے کی کوشش کریں گے۔

اسکے لیئے اُنھوں نے 85 صفحات پر مشتمل ایک باقاعدہ دستاویز کی صورت میں خاکہ ترتیب دیا اور اُسکے مطابق چار اور پانچ سال کی عمر میں بیٹیوں کی ٹینس کی تربیت کا آغاز کر دیا۔اولین کوچ خود بننے کیلئے اپنی بیوی اورسین کے ماضی کے تجربے سے بھی فائدہ اُٹھایا ۔ ولیمز سسٹرز نے جیسے ہی کھیل میں دِلچسپی دِکھائی تو والدین نے فوراً "ریک میکی" کی ٹینس اکیڈمی میں بھیج دیا ۔

1991ء تک سرینا نے یونائیٹڈ سٹیٹس ٹینس ایسوسی ایشن جونیئر ٹور میں اہم کامیابیاں حاصل کیں اور 10 ہم عمر کھلاڑیوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اسکے بعد سارا خاندان فلوریڈا منتقل ہوگیا۔سرینا اُن دِنوں 9 ویں گریڈ میں تعلیم حاصل کر رہی تھیں۔ سرینا کے بارے میں والد محتاط تھے اور ٹینس میں باقاعدہ پیشہ وارانہ حیثیت میں متعارف کروانے کا انتظار کر رہے تھے ۔

پھر 1997 ء میں ٹینس ٹورنامنٹس میں قدم رکھا اور اپنے دور کیں اہم عالمی خواتین کھلاڑیوں میری پیئرس اور مونیکا سیلز کو شکست دے کر اَپ سیٹ کر دیا۔ ولیمز سسٹرز کیلئے سال 1998ء کا آغاز ٹینس کھیل کے کیریئر میں اُنکے لیئے میراث بن گیا۔ 16 سالہ سرینا ولیمز نے آسٹریلین اوپن98 ء میں اپنا پہلا گرینڈ سلام ڈبیو میچ کھیلااور جیت لیا ۔ پھر دوسرے راؤنڈ میں اپنی بہن وینس سے مقابلے میں ہار گئیں۔

یہ پہلا موقع تھا کہ دونوں بہنوں کا گرینڈ سلام میں آمنا سامنا ہوا۔آگے چل کر گرینڈ سلام میں د ونوں بہنوں کے مقابلے مزید دِلچسپی اختیار کر گئے۔ بہرحال 98 ء کے آسٹریلین اوپن اور فرنچ اوپن کے میکسڈ ڈبلز فائنل میں وینس اپنے امریکن ساتھی جسٹن جیملسٹوب کے ساتھ فاتح رہیں۔ ومبلڈن 98ء اور یوایس اوپن 98 ء میں سرینا ولیمز نے اپنے ساتھی میکس میرنی کے ساتھ میکسڈ ڈبلز فائنل کی ٹرافی جیتی۔

سرینا ولیمز نے1999ء میں اپنی بہن وینس کے ساتھ مِل کر فرنچ اوپن اور یو ایس اوپن کے ڈبلز مقابلے جیتے اور اُسی سال سرینا ولیمز نے یو ایس اوپن سنگلز میں یکے بعد دیگرے گرینڈ سلیم چیمپئنز کم کلیسٹرس، کونچیٹا مارٹنیز، مونیکا سیلز، اور دفاعی چیمپئن لنڈسے ڈیونپورٹ کو شکست دے کر یو ایس اوپن کے فائنل میں مایہ ناز سوئس کھلاڑی مارٹینا ہنگز کو ہرا کراپنا پہلا گرینڈ سلام جیت لیا۔

ساتھ میں یہ فتح ریکارڈ کروانے والی دوسری افریقی نژاد امریکی خاتون بن گئیں۔ اُس سال کے اختتام تک وہ عالمی نمبر 4کی رینکنگ پرپہنچ چکی تھیں۔پھر بہن وینس کے ساتھ ہی ومبلڈن2000ء اور آسٹریلین اوپن2001ء کے ٹائٹلز جیت کر تاریخ رقم کر دی۔ وہ چاروں گرینڈ سلیم ویمنز ڈبلز ٹائٹل جیتنے والی 5ویں ڈبلز ٹیم بن گئی۔ سرینا ولیمز5 فُٹ 9 اِنچ قد اور اپنے پُھرتیلے جسم کے ساتھ شاندار فُٹ ورک کا استعمال کرتے ہوئے دائیں ہاتھ اور دونوں ہاتھوں سے بیک ہینڈ شارٹس لگا کر اپنی بہترین صلاحتیں دِکھا رہی تھیں لیکن گرینڈ سلامز فائنلز سے دُور تھیں ۔

دو سال بعد ایک مرتبہ پھر یو ایس اوپن 2001 ء کے فائنل میں پہنچنے کا موقع ملا تھا تاہم اپنی بہن وینس سے ہی شکست کھا گئیں۔لیکن اسکے بعد فرنچ اوپن2002ء سے محنت اور صلاحیتوں کے ساتھ تقدیر نے ایسا پلٹا کھا یا کہ پھر کسی بھی گرینڈ سلامز کے فائنل میں پہنچنے کے بعد شکست اُن سے کہیں دُور بھاگ جاتی۔یہ سلسلہ 2017 ء تک لگاتار جاری رہا جس میں وہ ہر سال کسی نہ کسی گرینڈ سلام کے فائنل میں ضرور پہنچ جاتیں سوائے 2006 ء کے ۔

سرینا ولیمز نے2006ء میں انجیریز اور ڈیپریشن کی وجہ سے اپنے آپکو کچھ مدت کھیل سے دُور رکھا جسکی وجہ سے وہ ورلڈ رینکنگ میں بھی تنزلی کا شکار ہو گئیں لیکن پھر2007 ء کے آسٹریلین اوپن میں مشہور رشین کھلاڑی ماریہ شیراپووا کو ہرا کر فائنل جیتنے میں کامیاب ہو گئیں جو اُنکا 8واں سنگلز گرینڈ سلام ٹائٹل تھا۔ اسکے بعد بھی وہ کچھ مدت انجیریز کا شکار رہیں اور کچھ مقابلوں کے دوران کھیل کیلئے ٹائم آؤٹ بھی لینا پڑا ۔

پھر اگلے 10سال ٹینس کے کھیل میں فعال رہتے ہوئے مزید 15 گرینڈ سلامز جیت کر دُنیا ئے ٹینس کی مرد و خواتین میں وہ دوسری کھلاڑی بن گئیں جنہوں نے23گرینڈ سلامز جیتے۔سرینانے جرمن کھلاڑی ا سٹیفی گراف کا تقریباً18 سال پہلے بنایا ہوا22 گرینڈ سلامز کا ریکارڈ 2017 ء میں توڑ دیا ۔ اب مرحلہ تھا 1973 ء میں قائم کیا گیا آسٹریلین کھلاڑی مارگریٹ کورٹ کا مرد وخواتین میں 24 گرینڈسلامزکا ورلڈ ریکاڑد توڑنے کا۔

جسکے لیئے سرینا کو اگلے دوسال چار بار گرینڈ سلامز فائنلز میں پہنچنے کا موقع ملا لیکن لگاتار شکست سے دوچار ہونے کے بعد ہمت ٹوٹ گئی جسکی وجہ وہی سابقہ انجیریز تھیں ۔2022ء تک وہ پھر ہمت باندھ کر لگ گئیں لیکن بڑی کامیابیو ں سے دُور رہیں جسکے بعد یو ایس اوپن22ء کے تیسرے راؤنڈ میں شکست کھانے کے بعد ستمبر2022 ء میں عالمی سطح پر ٹینس کے کھیل سے ریٹائر منٹ لے لی۔

سرینا ولیمز ایک مدت تک مختلف اوقات میں نمبر1رینکنگ پر رہیں اور اسکے علاوہ بے شمار اعزازت و ایوارڈز حاصل کیئے۔سرینا ولیمز کو " سرینا سلام" کہا جانے لگا۔2012ء میں اولمپکس گیمز میں ماریہ شیراپووا کو ہرا کر گولڈ میڈل بھی جیتا۔سڈنی اولمپکس2000ء، بیجنگ اولمپکس 2008 ء اورلند ن اولمپکس2012ء میں ولیمز سسٹرز نے ڈبلز میں 3 بار طلائی تمغہ حاصل کیئے۔ ۔2016 ء تک مختلف گرینڈ سلامز میں دونوں بہنیں سرینا اور وینس نے14 مرتبہ ڈبلز ٹائٹلز بھی جیتا۔ سرینا ولیمزواحد ٹینس کھلاڑی ہیں جنہوں نے سنگلز اور ڈبلز دونوں میں کیرئیر " گولڈ سلامز" حاصل کیا۔ "آگے کھیلتے ہیں دیکھتے ہیں اور ملتے ہیں "

مزید مضامین :