ٹینس کنگ راجرفیڈرر کی بادشاہت برقرار ،ومبلڈن اوپن اپنے نام کرلیا

Tennis King Fedrer Ki Badshahat �barqarar

فیڈررومبلڈن اوپن میں کامیابی کے ساتھ 15گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے والے دنیا کے پہلے ٹینس سٹار بن گئے ومبلڈ ن وکٹری کی بدولت فیڈرر دوبارہ عالمی نمبر ون بن گئے ،انہیں ریکارڈ 237ہفتے تک عالمی نمبر 1رہنے کابھی اعزاز حاصل ہے

منگل 7 جولائی 2009

اعجاز وسیم باکھری : راجرفیڈرر نے ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ2009ء کا ٹائٹل جیت کر نہ صرف ایک بارپھر عالمی نمبرون کی پوزیشن سنبھال لی ہے بلکہ وہ اس گرینڈسلام ٹورنامنٹ میں کامیابی کے ساتھ ٹینس کی تاریخ میں 15مرتبہ گرینڈسلام ٹائٹل جیتنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔لندن میں ہونیوالے سالانہ ومبلڈن اوپن کے فائنل میں امریکی حریف اینڈی روڈک کو اعصاب شکن مقابلے میں شکست دیکر فیڈرر نے چھٹی بار انگلش سرزمین پر ومبلڈن اوپن جیتنے کا اعزازبھی حاصل کرلیا ہے۔

فائنل میں راجرفیڈرر کو ماضی کی طرح اس بار بھی سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا ،گوکہ اس فائنل میں اُن کے سامنے روایتی حریف رافل نڈال کی جگہ اینڈی روڈک تھے لیکن مقابلہ ماضی کی طرح انتہائی دلچسپ اور اعصاب شکن ثابت ہوا ،4گھنٹے 17منٹ تک جاری رہنے والے میچ کے پہلے راؤنڈ میں فیڈرر نے کامیابی حاصل کی تاہم روڈک نے مسلسل اگلے دو راؤنڈ جیت کر فیڈرر کی فتح کے امکانات کو معدوم کردیا لیکن ٹینس کنگ نے شاندار انداز میں کم بیک کیا اور چوتھے سیٹ میں فتح حاصل کرکے میچ کو پانچویں سیٹ میں منتقل کردیا جہاں دونوں حریف کے مابین ومبلڈن کی تاریخ کا سب سے طویل ترین سیٹ کھیلا گیا ۔

(جاری ہے)

ایک گھنٹہ 19منٹ تک جاری رہنے والے اس طویل ترین سیٹ کا اختتام 16-14کے رزلٹ کے ساتھ فیڈرر کے حق میں ہوا ۔اس تاریخی کامیابی کے بعد فیڈرر کورٹ میں لیٹ گئے اور کئی منٹ تک اُن کی آنکھوں سے آنسوبہتے رہے ،اس موقع پر سابق عالمی چیمپئن پیٹ سمپراس بھی موجود تھے انہوں نے اپنی آنکھوں کے سامنے اپنا 14گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے کا عالمی ریکارڈ ٹوٹتے ہوئے دیکھا اور اس عظیم کارنامے پر فیڈرر کو کھڑے ہوکر مسکراہٹ بھرے چہرے کے ساتھ کھل کو دا د دی ۔

دوسری جانب خواتین کے سنگل فائنل مقابلے میں سرینا ولیمز نے اپنی بڑی بہن وینس ولیمز کو شکست دیکر اپنے کیر ئیر میں تیسری مرتبہ ومبلڈن اوپن اور مجموعی طور پر 11واں گرینڈ سلام ٹائٹل اپنے نام کرلیاہے ۔فائنل میں سیرینا ولیمز نے اپنی بہن وینس کو سٹریٹ سیٹس میں 7-6اور 6-2سے شکست دی۔گزشتہ سال 2008ء کے ومبلڈن فائنل میں وینس نے سیرینا کوہرایا تھا اس بار سیرینا نے وینس کو شکست دی ۔

اب تک دونوں بہنیں آٹھ مرتبہ گرینڈ سلام مقابلوں کے فائنل میں ایک دوسرے کے مدمقابل آچکی ہیں جن میں چھ بار چھوٹی بہن سیرینا نے وینس کو شکست دی جبکہ دو بار وینس نے سیرینا کو ہراکر گرینڈسلام ٹائٹل جیتا ۔ راجرفیڈرر ٹینس کے دنیا میں کسی تعارف کے محتاج نہیں ،انہیں شاندار کامیابیاں اور اعزازت حاصل کرنے پر ’ٹینس کنگ“کے نام سے بھی پکارا جاتا ہے ۔

راجر فیڈرر عصر حاضرکے نمبر ون ٹینس سٹارہیں جنہیں ٹینس کے عالمی افق پر حکمرانی کرتے ہوئے 6چار سال کا عرصہ بیت چکا ہے لیکن آج بھی وہ اسی پوزیشن پر کھڑے ہیں جہاں وہ آج سے چندبرس قبل تھے۔دوسال پہلے ڈیوڈ نالبندین کے ہاتھوں ماسٹر کپ میں شکست کھانے کے بعد فیڈرر کے ناقدین کا خیال تھا کہ اُس کا دور ختم ہوگیا ہے اور فیڈرر کے بارے میں منفی تاثرپھیلانے کیلئے ایک وسیع مہم شروع کی گئی کہ وہ ان فٹ ہیں ،دوبارہ کورٹ میں نہیں آپائیں گے لیکن ٹینس کنگ نے نہ صرف فوری طور پر فاتحانہ انداز میں کم بیک کیا بلکہ اپنی عالمی نمبرون کی پوزیشن بھی برقرار رکھی اور ٹینس کی تاریخ میں ریکارڈ 237ہفتے تک عالمی نمبر ایک رہنے کا اعزاز حاصل کیا لیکن گزشتہ سال ومبلڈن اوپن کے فائنل میں وہ رافل نڈال سے شکست کھانے بعدروہ اپنی عالمی نمبر ایک کی پوزیشن برقرار نہ رکھ پائے لیکن اسی سال ایک بارپھر وہ ومبلڈن جیت کر دوبارہ ورلڈنمبر ون بن گئے ۔

فیڈرر دنیائے ٹینس کے واحد کھلاڑی ہیں جو اب تک 20گرینڈسلا م ٹورنامنٹس کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے کا اعزاز رکھتے ہیں جن میں 10مرتبہ وہ مسلسل فائنل کھیل چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ اب تک مسلسل 21بار گرینڈسلام مقابلوں کا سیمی فائنل کھیل چکے ہیں اور ابھی تک یہ سلسلہ جاری ہے۔فیڈررکی فتوحات اور اعزازات کے پیش نظربعض ماہرین انہیں کھیلوں کی تاریخ کا ”آل ٹائم گریٹ پلیئر“قرار دیتے ہیں جو کہ یقینا ایک درست رائے ہے کیونکہ فیڈرر نے ٹینس کی دنیا میں وہ ریکارڈ قائم کیے اور اُن اعزازات تک رسائی حاصل کی جو ٹینس کی 200سالہ تاریخ میں کسی دوسرے کھلاڑی کو حاصل نہیں ہوئے۔

8اگست 1981کو سوئٹزرلینڈ میں پیداہوے والے راجر فیڈرر82مختلف سنگل ٹورنامنٹس کا فائنل کھیل چکے ہیں جن میں وہ60ٹائٹل جیتنے میں کامیا ب رہے ہیں جبکہ 22میں وہ رنر اپ رہے جبکہ وہ آٹھ بارڈبل ٹائٹل بھی جیت چکے ہیں ۔فیڈرر نے اپنے کیرئیر میں اب تک 15گرینڈ سلام ٹائٹل ،4بار ائیراینڈ چیمپئن شپ، 16مرتبہ اے ٹی پی ماسٹر سیریز ٹورنامنٹ اور 24مرتبہ اے ٹی پی ٹورز ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کررکھی ہے۔

فیڈرر نے اپنے کیرئیر میں سب سے زیادہ ٹائٹل ہارٹ کورٹ پر جیتے ہیں جن کی تعداد 38ہے جبکہ 11بار گراس کورٹ، 9بار کلے کورٹ اور 2بار کارپٹ کورٹ پر راجرفیڈرر نے اپنے حریفوں کو مات دی۔مجموعی طور پر فیڈرر نے 47بار آؤٹ ڈور یعنی کھلی فضامیں فائنل جیتا جبکہ 13مرتبہ ان ڈور یعنی بندکورٹ میں کامیابی حاصل کی۔فیڈرر اب تک ٹینس کی دنیا میں کئی ان گنت ریکارڈ اپنے قبضے میں لے چکے ہیں،وہ ٹینس کی تاریخ کے واحد مرد کھلاڑی ہیں جنہوں نے یکے بہ دیگر ے تمام گرینڈسلام ٹائٹلز کا فائنل کھیلا ۔

فیڈرر دنیا کے اولین کھلاڑی ہیں جو ومبلڈن اور یوایس اوپن میں مسلسل 34،34میچز جیتنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔فیڈرر دنیا ئے ٹینس کے واحد کھلاڑی ہیں جو مسلسل پانچ بار گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے میں سرخرو ہوئے ،راجرفیڈرر کو نڈال کے خلاف ٹینس کی تاریخ کا سب سے طویل ترین میچ کھیلنے کا بھی اعزاز حاصل ہے ۔2008ء ومبلڈن چیمپئن شپ کے فائنل میں دونوں حریفوں کے مابین فائنل مقابلہ 5گھنٹے 48منٹ جاری رہا جہاں رافل نڈال نے آخری میں کامیابی حاصل کرکے فیڈرر کو لگاتار چھٹی مرتبہ ومبلڈن کا چیمپئن بننے سے رو ک دیا تھا۔

مزید مضامین :