فٹبال ورلڈکپ:پہلا راؤنڈ مکمل،برازیل کا طاقت کا بھرپور مظاہرہ

World Cup 1st Round Complete

دفاعی چیمپئن اٹلی اور رنراپ فرانس پہلے راؤنڈ میں باہر پرتگال ،ارجنٹائن اور برازیل ناقابل شکست،انگلینڈ اور جرمنی کا آج تاریخی ٹکراؤ

اتوار 27 جون 2010

World Cup 1st Round Complete
اعجازوسیم باکھری: فیفافٹبال ورلڈکپ 2010ء ان دنوں جنوبی افریقہ میں جاری وساری ہے اور پری کوارٹرفائنلز مقابلے شروع ہوچکے ہیں۔ پہلے راؤنڈ میں جو 16ٹیمیں ناکامی کا منہ دیکھ وطن واپس لوٹی ہیں ان میں حیران کن طور پرگزشتہ ورلڈکپ کا فائنل کھیلنے والی دفاعی چیمپئن اٹلی اور رنراپ فرانس کی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔ میگاایونٹ میں اٹلی اور فرانس کی ٹیموں سے کافی امیدیں وابستہ کی جارہی تھیں لیکن کمزور حریفوں کے سامنے یہ دونوں فائنلسٹ ٹیمیں اپنا روایتی کھیل دکھانے میں ناکام رہیں اور غیرمتوقع طور پر دوسرے راؤنڈ تک رسائی حاصل کیے بغیر اپنے اپنے وطن واپس لوٹ چکی ہیں۔

دوسری جانب برازیل ، پرتگال اور ارجنٹائن نے ایونٹ کے پہلے راؤنڈ میں شائقین کی توقعات کے مطابق کھیل پیش کیا اور ناقابل شکست رہتے ہوئے دوسرے راؤنڈ یعنی پری کوارٹرفائنل میں جگہ بنائی۔

(جاری ہے)

دوسرے راؤنڈ میں پہنچنے والی ٹیموں میں پرتگال واحد ٹیم ہے جس کے خلاف ابھی تک ایک بھی گول سکور نہیں ہوا۔ پرتگال نے کوریا کے خلاف سات گول کے مارجن سے فتح حاصل کی اور یہی کامیابی پرتگال کی دوسرے راؤنڈ تک رسائی کا سبب بنی۔

پرتگالی ٹیم کے سٹار کرسٹیانورونالڈو نے کوریا کیخلاف ایک گول سکور کیا لیکن باقی دومیچوں میں وہ گول سکور کرنے میں ناکام رہے۔گزشتہ روز کھیلا گیا برازیل اور پرتگال کاآخری لیگ میچ برابر رہا تاہم میچ کے دوران نظم و نسق کا فقدان نظرآیا اور ریفری نے میچ کے دوران آٹھ کھلاڑیوں کو ییلو کارڈ دکھائے۔پرتگال کے خلاف آخری لیگ میچ میں برازیلین سٹار کاکا گزشتہ میچ میں ریڈ کارڈ ملنے کی وجہ سے نہ کھیل سکے جس کا برازیلین ٹیم کو سخت نقصان پہنچا کیونکہ کاکا عصر حاضر کا نمبرون کھلاڑی ہے اور وہ نہ صرف گول کرنے کیلئے مواقع پیدا کرتا ہے جبکہ ساتھی کھلاڑیوں کو بھی ایسے پاسز دیتا ہے کہ جس پر یقینی گول ہوتے ہیں۔

پرتگال کے خلاف برازیلین ٹیم ایک بھی گول نہ کرسکی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹیم کو کاکا کی عدم موجودگی کا نقصان پہنچا۔لیکن اس سب کے باوجود برازیل نے پہلے راؤنڈ میں اپنی طاقت کا بھر پور مظاہرہ کیا اور ماہرین کو دعوؤں کو سچ ثابت کردکھایا۔ پہلے مرحلے میں جرمنی اور انگلینڈ کی ٹیمیں بمشکل پری کوارٹرفائنل میں پہنچی ہیں اور آج دونوں ٹیمیں ایک دوسرے مدمقابل ہیں ۔

ماہرین کی نظرمیں آج کا میچ ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا میچ ہے کیونکہ دونوں ٹیمیں ہائی پروفائل ٹیمیں تصور کی جاتی ہیں۔پہلے میچ انگلش ٹیم نے سلوانیہ کو آخری میچ میں ایک گول سے شکست دیکر اپنی عزت بچائی جبکہ الجریا اور امریکہ کیخلاف میچز برابر ی پر ختم ہوئے۔انگلش ٹیم کی جانب سے پہلے راؤنڈ میں کپتان سیٹون جیراڈ نے شاندار کھیل پیش کیا جبکہ جان ٹیری ، فرنیک لمپارڈ ،جوئے کول ، پیٹرکورچ اوروائن رونی اپنے پرستاروں کو خوش نہ کرسکے۔

آج کے میچ میں یورپ کی دو بڑی ٹیمیں ایک دوسرے کیخلاف صف آراء ہیں اور دونوں کے مابین ہمیشہ افادیت اور برتری کی جنگ رہی ہے ۔اس میچ کیلئے کسی بھی ایک ٹیم کو فیورٹ قرار نہیں دیا جاسکتا کیونکہ انگلینڈ بھی کمزور حریف کیخلاف جیتنے میں کامیاب نہ ہوسکا اور جرمنی کو سربیا کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دونوں بڑے کھلاڑیوں سے لیس ہیں لیکن دونوں اطراف فارم کا فقدان ہے۔

جرمن ٹیم اپنے سٹرائیکر پوڈوسکی پر زیادہ انحصار کرتی ہے لیکن گھانا کیخلاف پوڈوسکی نے نہ صرف کئی بار فیلڈ گول کرنے کے مواقع ضائع کیے بلکہ پنالٹی شوٹر پر بھی وہ گیند کو جال میں نہ پہنچا سکے جس سے ظاہرہوتا ہے کہ پوڈوسکی کافی پریشر میں ہے اور انگلینڈ کیخلاف اُس پر پریشر مزید بڑھ جائیگا۔ پری کوارٹر فائنل مرحلے میں آج رات ارجنٹائن کا میکسیکو سے مقابلہ ہوگا ، میکسیکو نے پہلے مرحلے میں فرانس کوشکست دیکر خود کو مضبوط ٹیموں میں شامل کرالیا ہے تاہم ارجنٹائن کیخلاف میکسیکو کو کامیابی کیلئے سخت محنت کرنا ہوگی کیونکہ میراڈونا جیسے بڑے کوچ کی حکمت عملی کو پار کرکے میچ میں کامیابی حاصل کرنا خاصہ مشکل ہدف ہے۔

ارجنٹائن کے کپتان لیوئنل میسی بھی ابھی تک اپنے ٹیم کیلئے کوئی گول سکور نہیں کرسکے تاہم تینوں میچز میں میسی نے اپنے کھیل کے جوہر دکھا کر اپنی شہرت میں بے پناہ اضافہ کیا۔پری کوارٹرفائنلز میں 28جون کو ہالینڈ کو مقابلہ سلواکیہ اور برازیل کا مقابلہ چلی سے ہوگا۔پری کوارٹرفائنل مرحلے کے آخری روزپیراگوئے جاپان کیخلاف مدمقابل ہوگا اور آخری میچ میں فیورٹ پرتگال یوروچیمپئن سپین کا مقابلہ کریگی۔

پری کوارٹرفائنل مرحلے کے میچز کا آغاز ہوچکا ہے اور جوں جوں ورلڈکپ کے اختتام کے دن قریب آرہے ہیں میچز میں سنسنی بڑھتی جارہی ہے اور شائقین میں خوش و خروش میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ فرانس اور اٹلی جیسی بڑی ٹیمیں جو گزشتہ ورلڈکپ میں فائنل میں پہنچی تھیں کے ورلڈکپ سے انخلاء کے باوجود ٹورنامنٹ عدم دلچسپی کا شکار نہیں ہوا بلکہ فٹبال فیور مزید بڑھ گیا ہے۔

پہلے راؤنڈ کے اختتام پر اگر ٹیموں کی قوت کا جائزہ لیا جائے تو برازیل سب سے نمایاں اور مضبوط ترین حریف کے روپ میں سامنے آیا ہے اور ممکن ہے کہ برازیل ٹورنامنٹ کے اختتام پر فاتح عالم کے روپ میں نکلے لیکن برازیل کو ٹائٹل کے حصول کیلئے پرتگال اور ارجنٹائن سے خطرہ ہے کیونکہ پرتگال کیخلاف برابر میچ کھیلنے کے بعد برازیل کیلئے پرتگال اور ارجنٹائن روکاٹ پیدا کرسکتے ہیں۔

مزید مضامین :