عالمی سیاحت ، منفی بھارتی روش اور … !!

دنیا میں متعدد ممالک ایسے ہیں جو صرف سیاحت سے زرمبادلہ کماتے ہیں ۔ سنگاپور، مالٹا، مکاؤ، تھائی لینڈ ، میکسیکو، مراکش، تنزانیہ جیسے نسبتاً چھوٹے ممالک جو قریباً ایک عشرہ پہلے تک دوسروں کے دست نگر تھے

عبداللہ شاد پیر 15 اپریل 2019

Aalmi Siyahat Manfi Baharti Ravish
دنیا میں متعدد ممالک ایسے ہیں جو صرف سیاحت سے زرمبادلہ کماتے ہیں ۔ سنگاپور، مالٹا، مکاؤ، تھائی لینڈ ، میکسیکو، مراکش، تنزانیہ جیسے نسبتاً چھوٹے ممالک جو قریباً ایک عشرہ پہلے تک دوسروں کے دست نگر تھے، آج اپنے ٹورازم کی بدولت نمایاں فی کس آمدنی والے ممالک کی قطار میں کھڑے نظر آتے ہیں۔ اس کے علاوہ بھی دنیا بھر میں سیر و سیاحت کے رجحانات تقویت پا رہے ہیں اور مجموعی طور پر دنیا میں ٹورازم ان چند شعبوں میں سر فہرست ہے جو سب سے زیادہ تیزی سے پھل پھول رہے ہیں۔

مثال کے طور پر گذشتہ 15 سے 20 برس کے دوران مندرجہ بالا ممالک مثلاً تھائی لینڈ، لاؤس، ویت نام، بنگلہ دیش، میانمر ، کمبوڈیا، فلپائن ،سنگاپور ،ملائشیا اور انڈو نیشیا میں جو قابل رشک حد تک معاشی ترقی ہوئی ہے اس میں سیاحت کے شعبے نے بہت نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)


تجزیہ نگاروں کے مطابق پاکستان کی معیشت کو ماضی قریب میں گرچہ کافی دھچکے پہنچے ہیں اور صورتحال ابھی تک مکمل طور پر خوش آئند نہیں ہے۔

مگر اس کے باوجود یہ امر باعث اطمینان ہے کہ مجموعی طور پر وطن عزیز میں مثبت پیش رفت کا آغاز ہو چکا ہے ۔ اگرچہ اس ضمن میں بہت کچھ کرنا ابھی باقی ہے مگر یہ کہنے میں غالباً کوئی عار نہیں کہ صورتحال قدرے خوش آئند ہے ۔
یہاں یہ بات توجہ طلب ہے کہ اس حوالے سے بیرون ملک پاکستانی سفارت خانوں کو خصوصی کردار ادا کرنا ہو گا اور ٹورازم کو بھرپور معاونت فراہم کرنی ہو گی۔

مالدیپ جیسے ساڑھے 4 لاکھ سے کم آبادی پر مشتمل چھوٹے سے ملک میں بھی ہوٹل اور سیاحت کے مراکز ہی ملک کو زر مبادلہ فراہم کرنے کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں۔ ایسے میں پاکستان جہاں دنیا بھر کے بلند ترین پہاڑی سلسلوں سے لے کر صحرا تک سبھی کچھ موجود ہے وہاں اگر توجہ دی جائے تو ہوٹلنگ کے شعبے میں خاطر خواہ مراعات اور سہولیات میسر کرا کر غالباً پاکستان کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے۔

اس بابت البتہ یہ امر ملحوظ خاطر رہنا چاہیے کہ آگے بڑھتے ہوئے معاشرتی اور ملکی ماحول میں توازن برقرار رکھنا خاصا ضروری ہے، بہرحال یہ بات خاصی حوصلہ افزا ہے کہ وزیراعظم اس ضمن میں خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور کافی جانفشانی سے کام کر رہے ہیں۔بہرحال امید ہے کہ سیاحت کے ذریعے پاکستان کے معاشی مسائل حل کرنے میں خاصی مدد ملے گی۔
یہ بات ذہن نشین رہنی چاہیے کہ اس ضمن میں سیاحت کے شعبہ پر خاص توجہ مرکوز کی جائے۔

موجودہ حکومت نے اپنی انتخابی مہم کے دوران بھی سیاحت کے شعبے کو ترقی دینے کے دعدے کئے تھے، اور ان کی ترجیحات میں بھی سیاحت نظر آتی ہے۔ یوں بجا طور پر کہا جا سکتا ہے کہ اگر اس ضمن میں سنجیدہ توجہ مرکوز کی جائے تو یہ سیاحت ملکِ عزیز کے لئے سی پیک کی مانند ایک گیم چینجر ثابت ہو سکتی ہے۔
شعبہ سیاحت کے ضمن میں سفر اگرچہ دھیما ہے مگر سمت کا تعین خاصی حد تک واضح ہے ، جس کی وجہ سے مستقبل قریب میں روشن امکانات کا ایک وسیع جہان نظر آنا شروع ہو چکا ہے۔

اب یہ ہم پر منحصر ہے کہ بحیثیت قوم کس حد تک اور کس انداز میں حکومت اور سوسائٹی کے دیگر حلقے اس صورتحال کو اجتماعی قومی مفاد میں استعمال کر پاتے ہیں۔ اس کی سب سے بڑی دلیل یہ ہے کہ پچھلے کچھ مہینوں میں چین سے پاکستان آنے والے سیاحوں کی تعداد خاصی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ سی پیک کی بدولت بنیادی ڈھانچے میں قابل لحاظ حد تک بہتری آئی ہے ، یہ بات بھی کسی تعارف کی محتاج نہیں کہ عالمی اور علاقائی سطح پر سیاحت تب ہی فروغ پاتی ہے کہ جب سفر کرنے والوں کو سہولتیں میسر ہوں ،اس ضمن میں سی پیک نے گذشتہ کچھ عرصے سے جو کردار ادا کیا ہے اس کے نتیجے میں سیر و سیاحت کا شعبہ خاصی تیزی سے بہتری کی جانب راغب ہے۔

نہ صرف چین سے پاکستان آنے والے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ موجودہ حکومت کی چونکہ ترجیحات میں بھی سیاحت سر فہرست ہے، اسی لئے بہت سے ممالک نے اپنی ویزہ پالیسی میں پاکستان کے لئے خصوصی طور پر نرمی پیدا کی ہے اور اس ضمن میں مزید مثبت رفت کی توقع کی جا رہی ہے۔
اس امر سے بھی سبھی آگاہ ہیں کہ بھارتی حکمران پاکستان کے حوالے سے کس طرح توسیع پسندانہ عزائم رکھتے ہیں، ابھی کچھ گھنٹے پہلے 14 اپریل 2019 کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے کٹھوعہ میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے تقریر کرتے ہوئے ایک بار پھر پاکستان کے خلاف زہر اگلا ۔

علاوہ ازیں بہت سی دیگر قوتوں کی آنکھوں میں بھی پاک چین دوستی کھٹکتی آ رہی ہے تبھی تو وہ اس حوالے سے سی پیک اور پاک چین تعاون کی راہ میں ہر ممکن رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں اور یہ سلسلہ ان دنوں بھی پوری شدت سے جاری و ساری ہے۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین :

Aalmi Siyahat Manfi Baharti Ravish is a national article, and listed in the articles section of the site. It was published on 15 April 2019 and is famous in national category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint articles.