
حسینہ معین۔۔۔"ایک اور عہد تمام ہوا "
پیر 29 مارچ 2021

ڈاکٹر راحت جبین
مگر 26 مارچ 2021 کو جمعہ کے بابرکت دن ایک عہد تمام ہوا, ایک ادبی سفر تھم گیا, ایک قلم ہمیشہ کے لیے خاموش ہوگیا. وہ نام, وہ عہد, وہ قلم ہے ڈرامہ نویس, مکالمہ نگار اور ہر دل عزیز مصنفہ حسینہ معین کا جو قریباً اسی سال کی عمر میں حرکت قلب بند ہو جانے کی وجہ سے خالق حقیقی سے جا ملیں. ان کی یادیں, ان کے ڈرامے, اور ڈراموں کے کردار سب کے ذہنوں میں امر ہوگئے.
حسینہ معین 20 نومبر 1941 کو بھارت کے شہر کانپور اتر پردیش میں پیدا ہوئیں, قیام پاکستان کے بعد راولپنڈی میں ہجرت کرگئیں, وہاں سے لاہور اور پھر 1950ء میں کراچی میں منتقل ہوئیں۔
(جاری ہے)
گریجوئیشن 1960ء میں گورنمنٹ کالج برائے خواتین سے کی اور 1963ء میں کراچی یونیورسٹی سے تاریخ میں ایم اے کی ڈگری حاصل کی۔ دوران تعلیم ہی انہوں نے لکھنا شروع کیا.
چھوٹی سی عمر سے انہوں نے "بھائی جان" نامی ایک ماہانہ میگزین سے اپنے سفر کا آغاز کیا. اس کے بعد ریڈیو سے مزاحیہ چٹکلوں کا پروگرام "اسٹوڈیو نمبر 9" کرنے کے بعد ٹی وی پر ایک پر مزاح ڈرامہ "عید مبارک" لکھ کر اپنا سفر آگے کی جانب جاری رکھا جس کی کاسٹ میں لیجنڈ اداکار شکیل اور نیلوفر علیم شامل تھے.لوگوں کے چہرے پر مسکراہٹ بکھیرنا بہت بڑی نیکی ہے اور حسینہ معین صاحبہ نے یہ کام بڑے خوبصورت انداز میں کیا. ادب اور اخلاقیات کے دائرے میں رہ کر لوگوں کو ہنسانے کے فن سے وہ بخوبی واقف تھیں. اس کا یہ مطلب نہیں کے ان کے ڈراموں میں صرف ہنسی مذاق ہی رہتا تھا اس کے علاوہ بھی وہ کئی دوسرے سلگتے موضوع ان کے زیر قلم رہے. ان کے ڈرامے ہمیشہ بامقصد رہے. ان کے ڈراموں کی خاص بات یہ تھی کہ انہوں نے عورت کے کردار کو اخلاقی حوالے کے ساتھ ہر لحاظ سے مضبوط دکھایا. ایک اور اہم بات یہ تھی کہ ڈراموں میں زیادہ تر مثبت کردار ہی رکھتی تھیں. ان کے ادبی ذہن نے متعدد لاجواب ڈرامے تخلیق کیے جن میں شہزوری، زیر زبر پیش، انکل عرفی، ان کہی، تنہایاں، دھوپ کنارے، دھند، آہٹ، کہر، پڑوسی، آنسو، بندش اور آئینہ قابل ذکر ہیں. ڈرامہ نگاری کے علاوہ انہوں نے کئی فلموں کے لیے مکالمے بھی لکھے جن میں مشہور بھارتی فلم 'حنا' کے مکالمات شامل ہیں جو انہوں راج کپور کے کہنے پر لکھے تھے۔ حنا کی کاسٹ میں اس وقت کی مشہور پاکستانی اداکارہ زیبا بختیار کا مرکزی کردار رہا جن کا تعلق بلوچستان سے تھا. اس کے علاوہ بھی کئی پاکستانی فملوں کے لیے بھی مکالمے لکھے. جن میں سب سے اہم لیجنڈ اداکار وحید مراد کی فلم "کہیں پیار نہ ہوجائے" شامل ہے . سب سے پہلے اسی فلم کے لیے ان سے مکالمے لکھنے کی فرمائش بھی وحید مراد مرحوم نے ہی کی تھی.
وہ ایک ہنس مکھ شخصیت کی مالکہ تھیں, ہمیشہ چہرے پر ایک خوبصورت سی مسکان چڑھائے رکھتی تھیں. ادبی مصروفیات کے علاوہ وہ سوشل سرگرمیوں میں بھی بھرپور حصہ لیتی تھیں. اس سلسلے میں تعلیم اور عوامی فلاح وبہبود کے لیے جیو نیوز کی جانب سے چلائی گئی مہم میں بھی بڑھ چڑھ کر اپنا حصہ ڈالا. اس کے علاوہ وہ سیاست میں بھی خاصی متحرک رہی ہیں. سیاسی حوالے سے ان کا تعلق تحریک انصاف سے رہا ہے.
بحر حال یہ دنیا فانی ہے اور موت ایک اٹل حقیقت ہے. ایک نہ ایک دن یہاں سے سب نے جانا ہے مگر تاریخ میں امر کوئی ہی رہتا ہے جن کا کام ہی ان کی اصل شناخت بن جاتا ہے. ایک جملہ مشہور ہے کہ نرینہ اولاد ہی آگے نام بڑھانے کا ذریعہ ہوتی ہے مگر میرا کہنا یہ ہے کہ انسان کا کام ہی اس کا نام زندہ رکھنے کا واحد ذریعہ ہے کیوں کہ اگر آج ہم قائد اعظم, سر سید احمد خان, یا کسی بھی تاریخی شخصیت کے حوالے سے بات کریں تو شاذو نادر ہی ان کے والدیں کا نام کسی کو معلوم ہوگا مگر وہ خود صرف اور صرف اپنے کام کی وجہ سے امر ہیں. یہی حال محترمہ حسینہ معین مرحومہ کا بھی ہے جنہوں عمر بھر شادی نہیں کی مگر وہ پاکستانی فنون لطیفہ کی تاریخ میں ہمیشہ اپنے کام کی نسبت امر رہیں گی. اللہ تعالی ان کی مغفرت کرے اور ان کا سفر آخرت آسان کرے آمین ثم آمین.
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
ڈاکٹر راحت جبین کے کالمز
-
"سرطان کا عالمی دن"
جمعہ 4 فروری 2022
-
"کیا ہم مردہ پرست قوم ہیں؟"
بدھ 13 اکتوبر 2021
-
"استاد اور معاشرتی رویہ"
منگل 5 اکتوبر 2021
-
لٹل پیرس کا گورنر ہاؤس
بدھ 29 ستمبر 2021
-
رشتے کیوں ٹوٹتے ہیں
منگل 21 ستمبر 2021
-
یوم آزادی، کیا ہم آزاد ہیں ؟
بدھ 11 اگست 2021
-
شریکِ جرم نا ہوتے تو مخبری کرتے
بدھ 28 جولائی 2021
-
"عید الاضحی کے اغراض و مقاصد"
جمعہ 23 جولائی 2021
ڈاکٹر راحت جبین کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.