بھٹو مر تو نہیں جائے گا!!

ہفتہ 30 مئی 2020

Gul Bakhshalvi

گل بخشالوی

28 مئی 1998 یومِ تکبیر ، پاکستان کی تاریخ کا طاقت ور اور روشن ترین دن تھا جب اس وقت کے وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف نے بٹن دبا کر دنیا کی چھ بڑی ایٹمی قوت کے ممالک کو ہلا کر رکھ دیا اور پاکستان دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بن گیا۔ایٹمی قوت پروگرام کی سوچ،خالق، سائنس دان، انجینئراور اس صلاحیت میں اپنا حصہ ڈالنے والے لوگ قابلِ صداحترام ہیں یہ کسی فردِ واحد کا کارنامہ نہیں بلکہ یہ ایک قومی سوچ تھی اور ہر صاحبِ ا ختیار نے خلوصِ نیت سے قومی وقار اور عظمت کے لئے اپنا حصہ ڈالا ہر سال اس یاد گار لمحے کی شان کو دوبالہ کرنے کے لئے قوم یوم تکبیر کا جشن مناتی ہے اس دن پاکستان کی سرزمین پر محبِ وطن قومی ہیروز نے خطے میں قومی طاقت کے توازن کو بحال کیا اورپاکستان دفاعی لحاظ سے مستحکم ہو گیا۔

(جاری ہے)


 پاکستان کے پہلے منتخب عوامی وزیرِ اعظم قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو کو ایٹمی قوت ہونے کا خیال آیا اس نے کہا ہم گھاس کھا لیں گے لیکن پاکستان ایٹمی قوت بنے گا۔بھٹو نے عظیم سائنس دان ڈاکٹر عبدالقدیر کو پاکستان بلوایا اور اپنے خواب کو حقیقت کا روپ دینے کے پروگرام کا چیئر مین بنوایا۔ ذوالفقار علی بھٹو کو پاکستان، دنیائے اسلام اور امتِ مصطفٰے سے محبت کے جرم میں ماورائے عدالت قتل کیاگیا تو جنرل ضیاء الحق نے ایٹمی پروگرام کو قومی وقار سے آگے بڑھایا ڈاکٹر عبدالقدیر نے اپنے رفقاء کے تعاون سے سات سال کی بھر پور محنت اور عزم میں ایٹمی منصوبے کو پایا تکمیل تک پہنچایا جو کسی معجزے سے کم نہیں تھا،
دسمبر 1984 میں ڈاکٹر عبدالقدیر نے حکومت وقت کو اطلاع دی کی ایٹم بم تیا ر ہے اور ہم ایک ہفتے کے نوٹس پر ایٹمی دھماکہ کر سکتے ہیں جنرل ضیاء الحق نے ایٹمی پروگرام کے انچارج ڈاکٹر عبدالقدیر اور پوری ٹیم کو مبار باد دی لیکن دھماکہ نہیں کر سکتے تھے اس لئے کہ عالمی سطح کے معاہد وں نے ہاتھ باندھ رکھے تھے لیکن بھارت نے 1998 میں دو ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کو جوابی وار کے لئے بیدار کر دیا میاں محمد نواز شریف وزیرِ اعظم تھے اور محترمہ بے نظیر بھٹو اپوزیش لیڈر تھیں ایٹمی دھماکے کے لئے میاں صاحب پر دباؤ بڑھ گیا لیکن ان کے پاؤں کے نیچے زمین کانپ رہی تھی اس وقت کے چیف آف آرمی سٹاف جہانگیر کرامت حرکت میں آگئے آواز آئی کرسی یا دھماکہ، بے نظیر بھٹو نے حیدر آباد کے عوامی جلسہ عام میں اپنی چوڑیاں اتار کر نواز شریف کو پیش کر دیں قومی غیرت کی للکار پر میاں محمد نواز شریف نے بٹن دبا کر دھماکہ کر دیا اور پاکستان دنیا کے نقشے میں ایٹمی قوت بن گیا،
ایٹمی دھماکہ ایک نسل کی بھر پور محنت اور جدوجہد کاثمر ہے اس خواب کا خالق ذوالفقار علی بھٹو ہے اور معاونِ خاص افواجِ پاکستان!! دنیائے اسلام کی پہلی ایٹمی قوت کے اعزازسے سرفراز پاکستان کے شہید وزیرِ اعظم ذوالفقار علی بھٹو اگرآج دلوں میں زندہ ہیں تو انہیں زندہ رہنے کا حق ہے، دنیائے اسلام کو ایک پلیٹ فارم پرلانے والے ختمِ نبوت کے علمبردار ذوالفقار علی بھٹو نے قوم کو آئین دیا اس آ ئین میں لکھ دیا کہ قادیانی کافر ہیں۔

بھٹو سے سیاسی بو نوں کا لاکھ اختلاف سہی انہیں ظالم جابر کہہ لیں یا ملک کو دولخت کرنے کا مجرم کہہ لیں مگر جو ان کے دورِ حکمرانی میں قادیانیوں کے خلاف ہوا اس وقت جب قادیانی اہم ترین قومی عہدوں پر فائز تھے بھٹو نے انتہائی دلیری سے دستخط کئے اگر آج بھٹو اپنے چاہنے والوں کے دلوں میں زندہ ہیں تو کسی کو اعتراض کیا ہے کسی کے کہنے سے بھٹو مر تو نہیں جائے گا وہ تو قومی سلوٹ کے حق دا ر ہیں!!!

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :