تیر و ترکش

منگل 4 فروری 2020

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#عمران خان ایمان دار آدمی ہیں،ہم چاہتے ہیں حکومت چلے، چودھری پرویز الٰہی
جن کی چاہت چلتی ہے ان کا بتائیں، آپ کی چاہت کتنے دن اور چلے گی؟
#پنجاب حکومت اپنا کام خود کرے، چیف جسٹس
یہ بات پنجاب حکومت کے بس میں ہوتی تو آپ کو کیوں زحمت کرنا پڑتی یہ کہنے کی،مائی لارڈ!
#وزیراعظم کی خواہش ہے کہ چرس سے دوائیں بنائیں، وزیر مملکت برائے انسدادِ منشیات
اور چرس کے خالص ہونے کا سرٹیفکیٹ کہاں سے ملے گا اور کون دے گا بھلا…؟
#سفید پوش طبقے کا عزت سے رہنا ناممکن بنا دیا گیا، شہبازشریف
اس لیے آج کل سفید پوش ”اندر“ یا ”باہر“ رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔


#ہمارا تعلق کچھ لو اور دو پر مبنی نہیں، وزیر تعلیم شفقت محمود کی پرویزالٰہی سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو
کیوں کہ وزیراعظم لینے پر ہی یقین رکھتے ہیں، دینا انہیں آتا ہی نہیں۔

(جاری ہے)


#اتحادیوں سے مذاکرات کے لیے نئی حکومتی کمیٹیوں پر ق لیگ، بی این پی (مینگل) اور ایم کیو ایم کو تحفظات، باربار تبدیلی سے بداعتمادی پیدا ہوتی ہے، چودھری شجاعت
اتحادیوں کے تھوک کے حساب سے تحفظات اور چودھری صاحب کے بیان کا مطلب …وہ جو ایک پیج تھا شاید نہیں رہا۔


#وزیراعظم کو عوام سے زیادہ مہنگائی کا احساس ہے، اسد عمر
تو پھر روکیں وزیراعظم کے احساس کو، شاید مہنگائی کم ہوجائے۔
#کوئی بھی اتحادی حکومت گرانے کی بات نہیں کررہا، گورنر پنجاب
کیوں کہ بات کی بجائے حالات بنانے کی ڈیوٹی ہوتی ہے اتحادیوں کی۔
#حج مہنگا کرنے کا پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، سینیٹر فیصل جاوید
وزیر مذہبی امور کی بجائے جب وزیراعظم کے قریبی سینیٹر اس طرح کا بیان دیں گے تو کون اعتبار کرے گا بھلا؟
#ایم کیو ایم ناراض ہوتی تو حکومت چھوڑ دیتی، وزیر برائے سمندری امور علی زیدی
اگر راضی ہوتی تو کابینہ میں واپس آچکی ہوتی اب تک ایم کیو ایم۔


#گورنر سندھ پی پی حکومت کا بوریا بستر گول نہیں کررہے، حلیم عادل شیخ صوبائی پارلیمانی لیڈر پی ٹی آئی
گورنر صاحب کو تو سنا ہے اپنے بوریے بستر کی فکر دور کرنے کے لیے صدر مملکت کی میزبانی کرنا پڑ رہی ہے آج کل۔
#دینی نصاب بدلنے کا کوئی منصوبہ نہیں مانیں گے، مولانا فضل الرحمن
اور جو مان چکے ہیں ان کا کیا کرلیں گے آپ؟
#ایف بی آر کے چیئرمین شبر زیدی غیرمعینہ مدت تک چھٹی پر چلے گئے۔


شاید مستقل چھٹی پر چلے گئے ہیں زیدی صاحب۔
#عمران کو کہوں گا خوداعتمادی کی زیادتی بہت خطرناک ثابت ہوتی ہے، حسن نثار
آپ بھی کہہ کر دیکھ لیں… اثر تو کوئی ہونا نہیں۔
#10 برس کا ورکنگ پلان دینا چاہتا ہوں، وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری
تو پھر جلدی کریں کہیں حسرت ہی نہ رہ جائے۔


#کئی دہائیوں سے کراچی کے نوجوانوں کو نظرانداز کیا جاتا رہا، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی
اور پھر 1986ء میں ایم کیو ایم بن گئی، اس کے بعد کراچی کے نوجوانوں کے ساتھ جو کچھ ہوا، کبھی اس کا بھی ذکر کیا کریں ناں!
#چینی دوستوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں، ہماری پیشکش قبول نہیں کی، امریکا
چینیوں کو آپ کی ”مدد“ کی پیشکش قبول کرنے والے دوستوں کے حال کی اچھی طرح خبر ہے۔


#کوتاہی کرنے والے افسران عہدوں پر نہیں رہیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب
اور کوتاہی کرنے والے سیاست دانوں عرف عوامی نمایندوں کے متعلق کیا خیال ہے جناب کا؟
#اتحادیوں سے وعدے پورے کریں گے، وزیراعظم
اتحادیوں کو آپ کے اس قول کی ضمانت دینے والے آج کل آرام کررہے ہیں کیا؟
#لگتا ہے حکومت کی مینو فیکچرنگ میں غلطی ہوگئی، سراج الحق
لگتا ہے مینوفیکچررز کو بھی احساس ہونا شروع ہوگیا ہے اپنی اس غلطی کا۔


#عمران خان کو اتحادیوں سے نہیں اپنوں سے خطرہ ہے، چودھری شجاعت حسین
آپ کو عمران خان کے اپنوں کے اپنوں نے بتایا ہے ناں؟
#چودھری برادران اور ایم کیو ایم کہیں نہیں جارہے، شیخ رشید احمد
ان کو چھوڑیں آپ بتائیں، سپریم کورٹ کب جارہے ہیں؟
#مہنگائی کی وجوہات پر بحث ہونی چاہیے، عثمان ڈارمعاون خصوصی برائے وزیراعظم
تاکہ اس بحث میں بھی ایک آدھ برس اور گزر جائے۔
#وزیراعلیٰ صوبے کی ترقی چاہتے ہیں تو اختیارات واپس کریں، وسیم اختر میئر کراچی
جب آپ لوگوں کے پاس ہر قسم کے اختیارات تھے، اس وقت صوبے نے کتنی ترقی کرلی تھی؟

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :