تیر و ترکش

بدھ 4 مارچ 2020

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#مستقبل میں مہنگائی بڑھتی نظر آرہی ہے، گورنر اسٹیٹ بینک
حضور یا تو آپ وزیراعظم اور دیگر وزراء والی عینک لگا لیں یا ان سب کو اپنی والی عینک لگوا دیں۔
#کوئی ماننے کو تیار نہیں نوازشریف علاج کی غرض سے لندن میں ہیں یا کرپشن کی وجہ سے، بلاول بھٹو
ابو سے پوچھ لیں۔
#حکومت میں موجود کالی بھیڑوں کو پکڑنے والا کوئی نہیں، سراج الحق
اُنھی کالی بھیڑوں کے دودھ اور اُون پر تو ……
#قطر امن معاہدے سے استحکام کا نیا دور شروع ہوگا، مولانا حامد الحق حقانی
جب تک سانس تب تک آس۔


#نوازشریف کی صحت پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، رانا ثناء اللہ
یعنی سیاست و ریاست جائے بھاڑ میں۔

(جاری ہے)


#سری لنکن صدر نے پارلیمان تحلیل کرکے قبل از وقت انتخابات کا اعلان کردیا۔
لوگوں کو تو اسلام آباد سے ایسی خبر آنے کا انتظار ہے۔
#کمیونٹی پلاٹ کمرشل مقاصد میں تبدیل کیسے کیا؟ چیف جسٹس
سی ڈی اے دفاتر کا چکر لگا لیں آپ کو سب پتا چل جائے گا جناب!
#علمائے کرام مسائل کی آگہی میں فعال کردار ادا کریں، صدر عارف علوی
مذہبی مسائل کی آگہی انٹرنیٹ واعظین اور ڈاٹ کام دانش فروشوں پر چھوڑ دی جائے؟
#سفید پوش طبقوں کا سہارا بنیں گے، وزیراعظم
اس بیان کے بعد سفید کپڑے کی خریداری میں اضافے کا امکان۔


#افغان امن معاہدے نے بہت سے سوالات کو جنم دیا ہے، تجزیہ کار
صبر کریں وقت سب سوالات کا جواب دے دیا کرتا ہے۔
#افغانوں کو سمجھ لینا چاہیے کہ امریکا یہاں سے نکل رہا ہے جبکہ ہم ہمیشہ ہمسائے رہیں گے، شاہ محمود قریشی
جب امریکا آیا تھا اس وقت ہم نے یہ بات کیوں نہ سوچی؟
#اسلام آباد، صدر مملکت عارف علوی ایوان صدر میں علمائے کرام سے خطاب کررہے ہیں، ایک تصویر کا کیپشن
تصویر میں صدر گرامی قدر کے ساتھ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور ایک اور خاتون تشریف فرما ہیں جبکہ وزیر مذہبی امور کیمرے کی طرف یوں دیکھ رہے ہیں جیسے کہہ رہے ہوں یہ ہے ریاست مدینہ۔


#امریکا طالبان معاہدے پر حکومت پوری پارلیمان کو اعتماد میں لے، پیپلزپارٹی
کیا پوری پارلیمان کو حکومت پر اعتماد ہے؟
#وزیراعظم کے پاس اختیار ہے تو اداروں کو مضبوط کریں، نجی چینل پر تجزیہ کاروں کی رائے
شرط بڑی کڑی لگا دی ہے تجزیہ کاروں نے۔

#قراردادِ پاکستان اور نوائے وقت قائداعظم کے قوم کو دو تحفے ہیں، چودھری شجاعت حسین
اور دیکھ لیں دونوں کا کیا حال کردیا قائد کے نام لیواوٴں نے۔


#معاشی صورت حال میں بہتری، مہنگائی بڑھتی نظر آرہی ہے، گورنر اسٹیٹ بینک
غالباً ایسے ہی بیان پر کہا جاتا ہے #
راضی رہے باغباں اور صیاد بھی
#پانی کی فراہمی اور صفائی اولین ترجیح، ترقیاتی کام بروقت مکمل کیے جائیں، وزیراعلیٰ سندھ
گزشتہ بارہ برس سے یہ بیان تقریباً ہر مہینے پڑھنے سننے میں آتا ہے، کبھی میئر کراچی، کبھی صوبائی وزیر بلدیات، کبھی گورنر، کبھی وزیراعلیٰ سندھ حتیٰ کہ صدر مملکت اور وزیراعظم کے نام سے بھی۔


#نواز شریف نے واپسی کا کہا تو حکومت کے ہاتھ پیر پُھول جائیں گے، احسن اقبال
گویا فی الحال میاں صاحب حکومت کے ہاتھ پیر پُھلانے کے حق میں نہیں۔
#نیب نے خورشید شاہ کے مرحوم بھائی کو طلب کرلیا۔
اس کا مطلب زندہ بھائی سے کچھ نہیں ملا نیب کو۔
#آج تک پتا نہیں کس جرم میں قید کیا گیا، شاہد خاقان عباسی
کیا بات ہے آپ کی لاعلمیوں کی!
#مسلمانوں کو بہت بڑے لیول پر اجتہاد کی ضرورت ہے، حسن نثار
تاکہ آپ جیسوں کو مجتہد بننے کا موقع مل سکے۔


#ن لیگ ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے، شہبازشریف
کیونکہ اس کی قیادت کو نکلنے کا بڑا تجربہ ہے کبھی حکومت سے، کبھی جیل سے، کبھی ملک سے۔
#حکومت نوازشریف کی بیماری پر سیاست نہ کرے، رانا تنویرحسین

اس سے ن لیگ والوں کی حق تلفی ہوتی ہے۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :