️پی پی پی ضلع لیہ کے تنظیمی اختلافات

ہفتہ 29 مئی 2021

Rai Irshad Bhati

رائے ارشاد بھٹی

میرے حصے میں کتنی زندگی لکھی ہے یہ تو میں نہیں جانتا مگر ایک بات خوب جانتا ہوں کہ اس میں سے  زندگی کی چوالیس بہاروں کو خزاں کرچکا ہوں اور جب سے ہوش سنبھالا ہے میں پرانی سبزی منڈی لیہ میں دیکھ رہا ہوں کہ ایک دفتر روزانہ شام کو کھل جاتا ہے کرسیاں لگ جاتی ہیں شہر کے سیاستدان اور سیاست سے دلچسپی رکھنے والے اور پیپلز پارٹی کے جیالے ورکر وہاں آجاتے ہیں اور گرما گرم چاۓ کے ساتھ ساتھ گرما گرم سیاس اشوز ملکی وغیرملکی حالات پر بحث اور گفتگو ہوتی ہے دفتر تو پیپلز پارٹی کا ہے مگر وہاں بلاتفریق کسی بھی پارٹی کا پولٹیکل رہنما ورکر آکر اپنے خیالات کا اظہار کر سکتا ہے اور انھیں کوئی ممانعت نہیں ہوتی
سردی ہو گرمی ہو آندھی طوفان یا بارش ہو موسم جتنا بھی خراب یا شدید ہو کوئی آۓ نہ آۓ مگر رانا امتیاز اور ملک عاشق کھوکھر جو کئی سالوں سے پیپلز پارٹی کے جیالے عہدیدار اور ہارڈ ورکر ہیں دفتر کھول کر وہاں موجود ہوتے ہیں ملک عاشق کھوکھر پچاس سال سے پاکستان پیپلز پارٹی سے منسلک ہے اور رانا امتیاز عرف کاکا کو بھی جب سے میں نے ہوش سنبھالا پاکستان پیپلز پارٹی میں ہی پایا وہاں پارلیمانی کلاس کے کئی رہنما آۓ اور کئی پارٹیاں تبدیل کر کے چلے گئے مگر ملک عاشق اور رانا امتیاز آج بھی پارٹی کے جھنڈے تلے اپنے مصمم ارادے کے ساتھ پارٹی کیلۓ پراُمید بیٹھے ہیں وہ کہتے ہیں ہم جھنڈے والے ہیں بندے والے نہیں کیونکہ بندے تو آتے ہیں پارٹیاں تبدیل کر کے چلے جاتے ہیں مگر جھنڈا تبدیل نہیں ہوتا جو بھی اس جھنڈے کو تھام کر آتا ہے وہ اسے ویلکم کرتے ہیں اور اس کے ساتھ ہوتے ہیں ان دو جیالوں نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ پیپلز پارٹی کی وفاداری اور محبت میں گذارا ہے
اب میں اپنے اصل موضوع کی طرف آتا ہوں ! جنوبی پنجاب جو پاکستان پیپلز پارٹی کا گڑھ سمجھا جاتا تھا آج وہاں پارٹی زوال پزیر ہے اس زوال کی ویسے تو بیسیوں وجوہات ہو سکتی ہیں جن کو میں قلم کی زبان دینے بیٹھوں تو کئی صفحے درکار ہوں گے مگر آج میں یہاں جنوبی پنجاب کے خوبصورت ترین اور پرامن ترین ضلع لیہ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی زبوں حالی تنظیم کے زوال اور آپس میں اختلافات پر قلم کشائی کر نا چاہوں گا قارئین حضرات یہاں میں ایک بات واضح کرتا چلوں کہ میری کسی کے ساتھ کوئی ذاتی بغض و عناد ہرگز نہیں اور نہ ہی مجھے عہدوں کی لالچ ہے عہدے میرے لیے ثانوی حیثیت رکھتے ہیں میرے لیے یہ اعزاز کافی ہے کہ میں شہیدوں کی جماعت کا بہی خواہ اور نظریاتی ورکر ہوں تو بات ہو رہی تھی پارٹی کے زوال اور لیہ میں تنظیمی اختلافات کی تو میں سمجھتا ہوں کہ کسی بھی پارٹی کے زوال کی پہلی وجہ یہ ہوتی ہے کہ جب آپ نظریاتی ورکروں کو اگنور کرکے کھڈے لائن لگا دیتے ہیں اور ان کی جگہ پارٹی عہدے مفاد پرست پارلیمانی کلاس میں تقسیم کر دیتے ہیں اس کا سب سے بڑا نقصان یہ ہوتا ہے کہ پارلیمانی کلاس جب آتی ہے تو حواریوں کی ٹیم ساتھ لاتی ہےاور چھوٹے عہدوں کی بندر بانٹ اپنے حواریوں اور خوشامدیوں میں کر دیتے ہیں جس سے نظریاتی لوگ مایوس ہو کر کھڈے لائن لگ جاتے ہیں  یا جان بوجھ کر لگا دیے جاتے ہیں ہے یہاں ایک بات میں واضح کرتا چلوں کہ میں یہ ہرگز نہیں چاہتا کہ پارلیمانی کلاس کو عہدے نہ دیے جائیں دیے جائیں مگر ڈویژنل عہدے دیے جائیں اور ضلعی عہدے پارٹی کے نظریاتی ورکروں کا حق ہیں صرف اور صرف انھیں دیےجائیں ایک مرتبہ بی بی نے بھی ایسا ہی کیا تھا جس کا رزلٹ بھیانک نکلا اور پھر بی بی کو ریویو کرنا پڑا یہ لمبی کہانی ہے کالم کے دامن میں اتنی گنجائش نہیں کہ پوری کہانی ڈسکس کی جاۓ تو بات چل رہی تھی کہ  نظریاتی ورکروں کو کھڈے لائن لگا دیا جاتا ہے اور ان کی جگہ مفاد پرست پارلیمانی ٹولہ لے لیتا ہے  اور پھر جب کبھی پارٹی پر تھوڑا سا برا وقت آتا ہے اور پارلیمانی کلاس کو کسی اور پارٹی میں مفاد نظر آرہا ہوتا ہے تو وہ عہدے چھوڑ کر پاڑتی کو خیرباد کہہ کراپنے خوشامدیوں اور حواریوں کے ساتھ دوسری پارٹی میں جگہ بنا لیتے ہیں پھر پارٹی کو وہی نظریاتی ورکر آکر سہارا دیتے ہیں اور اپوزیشن میں مشکلات پرچے تھانے کچہری اور کئی قسم کی تکلیفیں صعوبتیں برداشت کرتے ہیں اور پارٹی کو زندہ رکھتے ہیں بدنصیبی یہ ہے میرا ضلع لیہ جو دوسرا لاڑکانہ کہلاتا تھا پچھلے چند سالوں سے یہاں بھی کچھ ایسا ہی چل رہا ہے جو میں اوپر بیان کر چکا ہوں
یہ17-2016 کی بات ہے جب بلاول ہاؤس لاہور میں ضلعی صدر جنرل سیکریٹری اور انفارمیشن سیکریٹری اور دوسرے عہدوں کیلۓ انٹر ویو ہو رہے تھے انٹرویو پینل میں چئرمین بلاول بھٹو سمیت  سابق پی ایم یوسف رضا گیلانی سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود نتاشا دولتانہ خواجہ رضوان قادر شاہین اور دیگر شامل تھے  سب سے پہلے سابق ایم این اے فرید خان میرانی کو بلایا گیا انھوں نے چیئرمین بلاول بھٹو کو اپنا تعارف کروایا اور اپنی سی وی بتائی کہ میں ایم این اے رہا ضلعی چیئرمین رہا الیکشن 2013میں ایم پی اے کا ٹکٹ ہولڈر ہوں اور تئیس ہزار ووٹ لیکر رنراپ رہا ہوں وغیرہ وغیرہ اس کے بعدجناب  ڈاکٹر جاوید کنجال صاحب کو بلایا گیا ڈاکٹر صاحب نے اپنا تعارف کرایا اور زبانی اپنی سی وی بتائی کہ میں 1978 میں جب لیہ مظفر گڑھ کی تحصیل تھی پی ایس ایف ضلع مظفر گڑھ کا صدر رہا ہوں پھر قائد اعظم میڈیکل کالج بہاولپور کا 84- تا1986تک پی ایس ایف کا صدر رہا ہوں 1990 سے 2002 تک مدَر پارٹی کا جنرل سیکریٹری رہا ہوں 2002  سے 2008تک سینئروائز پریزیڈنٹ رہا ہوں2013سے  2015تک تحصیل لیہ کا صدر رہا ہوں وغیرہ وغیرہ اس کے بعد ایک نووارد شخص کسی اور کونے سے ظہور ہوا وہ میری طرح مُنی پرائمری پاس تھا پہلے یہاں لیہ میں اینٹوں کےبھٹے پر ٹریکٹر چلاتا تھا پھر ٹرالر کی ڈرائیونگ سیکھ لی او سعودیہ چلا گیا کام کرنے میں کوئی حرج نہیں سعودیہ میں کیا کام کرتا ہے معلوم نہیں مگر واہ واہ لکشمی کمائی اور دعا ہے کہ تخلیق کائنات اس کی لکشمی میں مزید اضافہ فرماۓ اور دن دگنی رات اٹھگنی ترقی کرے مگر ایک بات طے ہے جو بھی دولت مند بنا کسی نہ کسی کی گردن کو سیڑھی بنا کر بنا بر حال کونے سے آنے والے شخص نے کہا مجھے رمضان بھلر جٹ کہتے ہیں اور خاموش ہوگیا چئیرمین بلاول بھٹو نے پوچھا آپ پارٹی میں کب آۓ اس نے جواب دیا یہی کوئی دو ماہ ہوۓ ہیں چئرمین نے پھر سوال کیا کہ کبھی کسی یو سی سے الیکشن لڑے ہو یا پارٹی تنظیم میں حصہ لیا اس نے کہا کبھی نہیں تو چیئرمین بلاول بھٹو نے دھیمی سی مسکراہٹ دیتے ہوۓ  کہا دو ماہ ہوۓ ہیں پارٹی میں آۓ ہوۓ اور امیدوار ہو ضلعی صدارت کے  
اس کے بعد چھوٹے عہدوں کے انٹرویو  ہونے لگے جب ہم لیہ واپس آگۓ تو سب ورکروں کا خیال یہ تھا کہ فرید خان یا ڈاکٹر جاوید کنجال میں سے کوئی ایک صدر نامزد ہوگا مگر رمضان بھلر انتہائی مطمئن تھا اور  کہتا تھا کہ دیکھ لینا صدر میں ہی نامزد ہوں گا انٹر وویوز تو محض فارمیلٹی ہیں ہم پوچھا کرتے بھائی آپ کس طرح اور کس بی ہاف پر صدر نامزد ہونگے آپ کی سی وی تو ان دو کے مقابلے میں  بہت کمزور ہے بلکہ نہ ہونے کے مترادف ہے تو وہ ہنس کر فرماتے سی وی کمزور ہے تو کیا ہے لکشمی تو مضبوط ہے اور پھر چشم فلک نے دیکھا مضبوط سی وی والے  ہار گۓ اور مضبوط لکشمی والا صدر نامزد ہو گیا میں آج بھی یہ بات پختہ یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ اس سے اگر پوچھا جاۓ کہ بھٹو کے بیٹےکتنے تھے اور بیٹیاں کتنی تھیں اور ان کہ نام کیا تھے کون کس نمبر پر ہے تو  یقیناً وہ نہیں بتا پاۓ گا اور صرف یہی نہیں اسے پارٹی کا اردو میں منشور دے دیا جاۓ تو وہ ہرگز نہیں پڑھ پاۓ گا اور نہ اسے یہ معلوم ہوگا کہ پارٹی کی اساس کب اور کہاں رکھی گئی اور اس میں کون کون سے لوگ شامل تھے مگر ستم گری دیکھئے کہ اسے صرف اور صرف لکشمی  کے چمتکار کیوجہ سے نظریاتی جیالوں پر ترجیح دی گئی اور پارٹی تنظیم کا کریا کرم کر دیا گیا اور میں یقین  سے کہ سکتا ہوں کہ اس بات کا چئرمین بلاول کو علم بھی نہ ہوگا صرف یہی ظلم نہیں الیکشن 2018 میں  پارٹی کی تمام ٹکٹیں اس کی تجویز پر دی گئیں جس کا خمیازہ پیلزپارٹی کو یہ بگھتناپڑا کہ منی لاڑکانہ سمجھا جانے والا ضلع لیہ اچھے امیدوار ہونے کے باوجود اپنی ذاتی پسند و ناپسند اور جھوٹی انا کی وجہ سے سات سیٹوں میں سے پانچ سیٹوں پر ضمانتیں ضبط کروا بیٹھا ان غلطیوں سے سبق سیکھنے کی بجاۓ آج بھی اسی نااہل شخص کی تجویز اور تجوریز کی طاقت پر عہدوں کی بندر بانٹ ہو رہی ہے اور ایک بار پھر نااہل صدر اور ناہل جنرل سیکریٹری جیالوں اور پیپلز پارٹی کے بہی خواہوں  پر مسلط کر دے گئے ہیں ایک بار پھر پیپلز پارٹی کے جھنڈے والے نظریاتی ورکروں کے مقابلے میں اے ٹی ایمز کو فوقیت اور ترجیح دی گئی ہے ہم سوشل میڈیا کے توسط سے پرنٹ میڈیا کے توسط سے چئیرمین بلاول بھٹو سمیت تمام اعلی قیادت کو آگاہ کرتے ہیں اور دست بدست  التجا اور اپیل کرتے ہیں کہ اپنے فیصلوں پر ریویو کریں یہاں آکر گراونڈ رئیلٹی کا ادراک کریں اور  ضلعی عہدوں پر نظریاتی جیالوں اور ورکروں کی سی ویز کی اچھی طرح جانچ پڑتال کرکے میرٹ پر تنظیم تشکیل دیں۔


ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :