پاکستان جیت گیا، دہشت گردی ہار گئی‎

بدھ 9 دسمبر 2020

Sheikh Jawad Hussain

شیخ جواد حسین

گزشتہ کئی دہا ئیوں سے پاکستان دنیا کے لیے نو گو ایریا بنا ہوا تھا ۔ سیاحت و تجارت کے لیے پاکستان کا رخ کرنا خطرے، خوف اور بے یقینی کی علامت سمجھا جاتا تھا۔ یورپ،برطانیہ، امریکہ،کینیڈا، کوریا اور جاپان کے علاوہ کئی یورپی ممالک نے اپنے شہریوں کے لیے پاکستان کو غیر محفوظ ملک قرار دے رکھا تھا۔ یہی وجہ تھی کہ عرصہ دراز سے پاکستان کے ان ممالک کے ساتھ کسی قسم کے کوئی تجارتی یا سیاحتی مراسم قائم نہ ہو سکے… ان حالات کا نتیجہ یہ ہوا کہ پاکستان تنہا رہ گیا۔

دنیا بھر کے ممالک نے پاکستان کو اس وقت نہ صرف تجارتی محاذ پر اکیلا چھوڑ دیا،بلکہ پاکستان کو افغانستان کے حوالے سے اپنی پالیسی تبدیل کرنے پر مجبور کر کے دہشت گردی کی جنگ میں جھونک دیا، بعد ازاں پاکستان ہی کوغیر محفوظ ملک قرار دے دیا گیا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ بیشتر ممالک نے اپنی ٹریول گائیڈ میں خاص طور اپنے شہریوں کو پاکستان نہ جانے کی ہدایت جاری کی، جس کی وجہ سے پاکستان میں سیاحت، سرمایہ کاری، تجارت اور کھیل سب کچھ بند ہو گیا۔

مجھے یاد ہے کہ برطانیہ میں جب کوئی مجھ سے میرے آبائی وطن کا پوچھتا تو جواباً پاکستان سنتے ہی لوگوں کے چہروں کے تاثرات بدل جاتے تھے اور میرا دل پاکستان کی امن واما ن کی صورتحال پر افسردہ ہو جایا کرتا تھا، مگر مجھے تو اپنے پاکستانی ہونے پر کل بھی فخر تھا،آج بھی فخر ہے اور آخری سانس تک فخر رہے گا۔ خدا کے فضل سے پاکستان آرمی نے پاکستان سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اْ کھاڑنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

جنرل راحیل شریف،پھر جنرل قمر جاوید باجوہ نے دہشت گردی کے خلاف اگلی صفوں میں رہ کر جنگ لڑی ہے۔خدا ان کو اس خدمت کا اجر عطا فرمائے۔ اس کے علاوہ پاکستان آرمی کے ہر ایک سپاہی، افسر اور جوان نے دن رات کی ان تھک محنت اورقربانیوں سے ملک دشمن عناصر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور پاکستان کو بدامنی اور دہشت گردی کے مشکل ترین حالات سے نکال کر امن و سلامتی کا گہوارا بنا دیا۔


بی بی سی لندن کی حالیہ رپورٹ کے مطابق پاکستان آرمی کا ادارہ آئی ایس آئی دنیا کی تمام ایجنسیوں، یعنی خفیہ اداروں میں کارکردگی اور مہارت کے اعتبار سے سرفہرست ہے۔اس کی وجہ جو بی بی سی کی رپورٹ میں بیان کی گئی ہے،اس میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ آئی ایس آئی اس لئے دنیا کی سب سے بہترین خفیہ ایجنسی ہے،کیونکہ محل وقوع کے اعتبار سے پاکستان جس خطے میں واقع ہے، اس کو چاروں طرف سے اس کے دشمنوں نے گھیر رکھا ہے،مگر اس قدر مشکل خطے میں اپنے وطن کی نہ صرف حفاظت کرنا بلکہ اس کے دفاع کو نا قابل تسخیر بنانا انتہائی مہارت اور صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے… پاکستان آرمی نے آج پاکستان سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کر کے دنیا میں ثابت کردیاہے کہ پاکستان آرمی ہی دنیا کی بہترین آرمی ہے،جس نے دہشت گردی کو اس طرح جڑ سے اکھاڑ پھینکا ہے، جس کام کو پوری دنیا کی آرمی مل کر بھی سر انجام نہیں دے سکی۔

نیٹو، جو دنیا کی بہترین فوج ہونے کا دعویٰ کرتی ہے، بہترین اسلحہ، بہترین وسائل اور لا محدود دولت رکھنے کے باوجود افغانستان میں دہشت گردی کا خاتمہ کرنے میں بری طرح سے ناکام ہو چکی ہے اور پاکستان آرمی سے محفوظ انخلا کے لیے درخواست گزار ہے۔ یہی سبب ہے کہ پاک فوج کی مہارت اور بہادری کی وجہ سے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن ہوا ہے، باطل قوتیں بھی آج پاکستان آرمی کے خوف سے تھر تھر کانپتی ہیں۔


میں سمجھتا ہوں کہ پاک آرمی نہ صرف قابل ستائش ہے، بلکہ عزت و تکریم کے قابل بھی ہے۔اس میں شک نہیں کہ کچھ عرصے سے چند سیاسی حلقوں کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا کے چند بونے اور کچھ مخصوص شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد فوج کے اس عظیم ادارے کو تنقید کا نشانہ بناتے رہتے ہیں،مگر مَیں ان سب کو چیلنج کرتا ہوں کہ ایک رات ذرا کنٹرول لائن پر جا کر ان کی جگہ ڈیوٹی سر انجام دیں تو پھر ان سے پوچھوں گا کہ جان پر کھیل کر فرض ادا کرنا کس کو کہتے ہیں؟
فوج کے جوان جو پاکستان کی حفاظت اور سا لمیت کے لئے اپنے دن رات وطن عزیز پرنچھاور کر رہے ہیں، ان کے پسینے کی ایک ایک بوند کو متبرک سمجھتا ہوں۔

یہ اللہ کے شیر ہیں جو مشکل حالات میں پاکستان کی حفاظت اور ترقی کے لئے سینہ سپر رہتے ہیں۔ ان عظیم ماؤں کو بھی سلام پیش کرنا چاہتا ہوں، جنہوں نے ان بیٹوں کو جنم دیا، جنہوں نے پاکستان کے چپے چپے پر اپنے خون سے دیے جلائے اور اپنی زندگیاں مادر وطن پر قربان کردیں۔ ان شہیدوں اور غازیوں کو سلام جو ہمارے وطن کے ماتھے کا جھومر ہیں اور ان عظیم سپوتوں کو بھی سلام کہ جن کی وجہ سے ہم نے دہشت گردی سے نجات پائی، جن کی وجہ سے ہم سکون کی نیند سوتے ہیں، جن کی وجہ سے ہماری عزتیں محفوظ ہیں … دہائیوں سے جاری پاکستان کی تنہائی کو اسی پاک فوج نے امن کا پیراہن دے کر دنیا کو اس بات پر مجبور کر دیا کہ وہ اپنی ترجیحات کو تبدیل کریں اور اپنے شہریوں کے لیے ٹریول گائیڈ کو تبدیل کرکے پاکستان کو سفر کے لیے محفوظ ملک قرار دیں۔


ابھی تو صرف برطانیہ نے پہلا قدم اْٹھایا ہے، اپنے شہریوں کے لئے ٹریول گائیڈ کو تبدیل کرکے پاکستان کو محفوظ ترین ملک قرار دے دیا ہے۔ اب فرانس، جرمنی، سپین، اٹلی اور دیگر ممالک بھی اپنی پالیسی پرنظر ثانی کر رہے ہیں اور ان شاء اللہ جلد ہی پاکستان پوری دنیا کے لئے سیاحت، تجارت، سفارت، کھیل اور کاروبار کے لئے بہترین ملک بن جائے گا۔

حال ہی میں برطانوی پرنس اور پرنسزکے کامیاب دورے کے بعد سری لنکا اور بنگلادیش کی کرکٹ ٹیموں کے دورے کا سہرا بھی پاکستان آرمی اور اس کے ذیلی اداروں کو جاتا ہے۔مجھے امید ہے کہ بہت جلد پاکستان آرمی پاکستان کے خلاف بے جا پروپیگنڈے کو ہمیشہ کے لیے شکست فاش دے کر بھارتی عزائم کو خاک میں ملا دے گی، نیز ففتھ جنریشن وار کو بھی دفن کرنے میں کامیاب ہو جائے گی کیونکہ پاکستان اور پاکستانی تو صرف امن کے داعی ہیں۔پاکستانی حکومت اور آرمی کی دنیا بھر میں امن کے لئے کوششیں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی اور پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے روز روشن کی طرح عیاں ہو گا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ پاکستان کی حفاظت فرمانا اور اسے ہمیشہ قائم رکھنا، آمین!۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :