Live Updates

شریف برادران کی والدہ کا انتقال، اہم شخصیات کا اظہار تعزیت

صدر مملکت، وزیراعظم، گورنر پنجاب، وزیراعلیٰ پنجاب، بلاول بھٹو، چوہدری برادران، سید یوسف رضا گیلانی اور شہباز گل سمیت کئی اہم سیاسی شخصیات نے نواز شریف اور شہباز شریف سے اظہار تعزیت کیا

Shehryar Abbasi شہریار عباسی اتوار 22 نومبر 2020 16:43

شریف برادران کی والدہ کا انتقال، اہم شخصیات کا اظہار تعزیت
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 22 نومبر2020ء) سابق وزیراعظم نواز شریف اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی والدہ شمیم اختر کے انتقال پر وزیراعظم پاکستان سمیت دیگر سیاسی قائدین کی جانب سے اظہار تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔  صدر مملکت عارف علوی نے شریف برادران کی والدہ کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اللہ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ۔

  وزیراعظم عمران خان نے نواز شریف کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی مرحومہ کے درجات بلند فرمائے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی بیگم شمیم اختر کے انتقال پر دلی افسوس کا اظہارکیا۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ آپ کے غم میں برابر کا شریک ہوں، دعاگو ہوں اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائیں اور سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ اللہ تعالی مرحومہ کو اپنی جوار رحمت میں جگہ اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائیں۔ گورنر پنجاب چوہدری سرور نے بیگم شمیم اختر کی وفات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے میاں برادران سے تعزیت کرتے ہوئےکہا کہ اللہ لواحقین کو صبر عطا فرمائے ۔

سینیٹر شبلی فراز نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ مرحومہ کے درجات بلند کرے ، پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال کا تعزیتی پیغام میں کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں شریف خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیر ریلوے شیخ رشید کا نواز شریف اور شہبازشریف کی والدہ کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اللہ تعالی مرحومہ کے درجات بلند فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا کرے۔

بیگم شمیم اختر کے انتقال پر کنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی مرحومہ کی مغفرت اور شریف برادران سمیت تمام لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے میاں برادران کی والدہ کی وفات پر تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ اللہ لواحقین کو صبر عطا کرے ۔ سینیٹ میں قائد حزب اختلاف راجا ظفرالحق نے نواز شریف کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ نہایت نیک سیرت انسان تھیں، اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے اوراللہ تعالی میاں صاحبان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

اس کے علاوہ گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ ، چوہدری شجاعت حسین، عبدالعلیم خان، شہباز گل اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال سمیت متعدد اہم شخصیات نے شریف برادران سے اظہار افسوس کیا ۔
Live بلوچستان سے متعلق تازہ ترین معلومات