Live Updates

سندھ میں تبدیلی کی ہوائیں چلنا شروع ہوگئی ہیں اور آئندہ عام انتخابات میں عوام بہتر مستقبل کا فیصلہ کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کو مسترد کر دے گی، شاہ محمود قریشی

کراچی پی ٹی آئی کا قلعہ ہے، پی پی کی حکومت کراچی سے پی ٹی آئی کے جھنڈے تو ہٹا سکتی ہے لیکن پی ٹی آئی کے کارکنوں کے جوش اور عزم کو پست نہیں کر سکتی، وفاقی وزیر خارجہ کا سندھ حقوق مارچ سے خطاب

جمعہ 4 مارچ 2022 22:55

سندھ میں تبدیلی کی ہوائیں چلنا شروع ہوگئی ہیں اور آئندہ عام انتخابات ..
تلہار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2022ء) وزیر خارجہ اور پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سندھ میں تبدیلی کی ہوائیں چلنا شروع ہوگئی ہیں اور آئندہ عام انتخابات میں عوام بہتر مستقبل کا فیصلہ کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کو مسترد کر دے گی۔ مخدوم شاہ محمود قریشی سندھ حقوق مارچ کی قیادت کرتے ہوئے پی ٹی آئی سندھ کے صدر سید علی زیدی، جنرل سیکریٹری سندھ مبین جتوئی اور پی ٹی آئی اراکین اسمبلی اور پارٹی کے دیگر رہنماں کے ہمراہ ایک عظیم الشان عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔

سندھ حقوق مارچ کے ساتویں دن مارچ بدین سے شروع ہوتا ہوا تلہار، ماتلی، ٹنڈو محمد خان، اور دیگر شہروں سے گذرتے ہوئے ٹنڈوالہیار پہنچا۔ مختلف مقامات پر عوامی اجتماعات کا انعقاد کیا گیا جبکہ پارٹی کارکنوں کے ساتھ عوام کی بڑی تعداد نے سندھ حقوق مارچ کا پرتپاک استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔

(جاری ہے)

قبل ازیں مخدوم شاہ محمود قریشی نے بدین میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے عوام نے عام انتخابات 2018 میں عمران خان پر اعتماد کیا اور پی ٹی آئی کو بھاری مینڈیٹ دیا۔

حق سندھ مارچ 6 مارچ کو کراچی پہنچے گا اور اسی روز بلاول اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے۔ سندھ حقوق مارچ میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کی بھر پور موجودگی ایک بار پھر ثابت کرے گی کہ کراچی پی ٹی آئی کا قلعہ ہے، انہوں نے کہا کہ پی پی پی کی حکومت کراچی سے پی ٹی آئی کے جھنڈے تو ہٹا سکتی ہے لیکن پی ٹی آئی کے کارکنوں کے جوش اور عزم کو پست نہیں کر سکتی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کچھ ترجمان بیانات دے رہے تھے کہ قریشی خالی کرسیوں سے خطاب کر رہے ہیں میں انہیں پی ٹی آئی کے تمام عوامی اجتماعات کی فوٹیج بھیج رہا ہوں تاکہ وہ خاص طور پر حقیقت کو جان سکیں۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جنگ زدہ یوکرین سے پاکستانی طلبا کے انخلا میں تعاون پر پولینڈ، رومانیہ اور ہنگری کے وزرائے خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں امن و امان کی صورتحال قابو سے باہر ہے اور پیپلز پارٹی کی حکومت کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب سندھ کے لوگ بیدار ہو چکے ہیں اور بدین کے باشعور عوام نے بھی تیر توڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سندھ کے لوگوں کو ہیلتھ کارڈ فراہم کرنا چاہتی ہے تاکہ وہ دس لاکھ تک کی صحت کی بہتر سہولیات حاصل کر سکیں انہوں نے مشورہ دیا کہ سندھ کے لوگوں کو وزیراعلی سندھ اور پیپلز پارٹی کی قیادت سے پوچھنا چاہیے کہ وہ صوبے میں ہیلتھ کارڈ کے اجرا میں رکاوٹیں کیوں پیدا کر رہے ہیں۔

کھاد کی قیمتوں کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے کھاد کی وافر مقدار میں پیداوار کو یقینی بنانے کے لیے کھاد بنانے والے یونٹوں کو مناسب قدرتی گیس فراہم کی ہے تاکہ کاشتکار ضرورت کے مطابق کھاد حاصل کر سکیں اور بڑی فصلوں کی پیداوار حاصل ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں کھاد کی بلیک مارکیٹنگ اور ذخیرہ اندوزی سے مسئلہ پیدا ہوا ہے۔

اس کے باوجود مقامی اور بین الاقوامی قیمتوں میں نمایاں فرق تھا۔مخدوم شاہ محمود نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد پیپلز پارٹی وفاق سے پئسے نہ ملنے کا بہانہ نہیں بنا سکتی۔ گزشتہ 14 سالوں میں سندھ نے وفاق سے 8900 ارب روپے وصول کیے جب 1400 ارب روپے کرپشن کی نذر ہوگئے۔ ٹیکنالاجی کے اس دور میں عوام دیکھ سکتے ہیں کہ صوبے کو کیا ملا اور اس میں سے کتنی رقم ان کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے استعمال ہوئی، انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں صوبائی مالیاتی کمیشن کا اعلان نہیں کیا اور مقامی حکومتوں کو ان کے جائز حصے سے محروم رکھا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ٹنڈو محمد خان میں حقوق سندھ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا پشاور میں افسوسناک دہشتگردی کا واقعہ ہوا ہے جس کی پرزور مذمت کرتے ہیں بحیثیت وزیر خارجہ مجھے علم ان دہشتگردی کے واقعوں میں کون ملوث ہے کون وسائل مہیا کرتا ہے اور کون ہے جو پاکستان میں عدم استحقام چاہتا ہے پاکستان کی قوم نے یکجہا ہوکر فوج، پولیس و دیگر اداروں سے ملکر دہشتگروں کو شکست دی ہے لیکن کچھ قوتوں کو یہ ہضم نہیں ہورہا ہے وہ ہرگز نہیں چاہتے ہیں پاکستان کی معشیت اپنے پائوں پر کھڑی ہو پاکستان میں سرمایہ کاری ہورہی ہے معاشری ترقی ہورہی ہے یہ لوگ ملک کو کمزور کرنا چاہتے ہیں لوگوں کے اندر بے یقینی پیدا کرنے کے لئے ایسے واقعات کرائے جارہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا آج ہمارے سیاسی مخالفین جو کر رہے ہیں وہ بھی بے یقینی پیدا کرنے کی سازش ہے تاکہ پاکستان کی قوم پھر فکرمند ہوجائے۔ اپنے اقتدار اور اپنے آپ کو احتساب کے عمل سے بچانے کے لئے اپوزیشن والے یہ سارا ناٹک لگا رہے ہیں سندھ کے عوام کو تصویر کا ایک رخ دکھایا جارہا تھا لیکن آج ہماری ریلی کے بعد دونوں رخ عوام دیکھ رہی ہے ملتان میں جو حال عوام نے پ پ کے مارچ کا کیا اس پر میں ہمدردی ہی کر سکتا ہوں جو پنڈال بلاول کے استقبال کے لئے بنایا گیا تھا جب وہ پہنچے تو وہ پنڈال خالی تھا جس کے بعد پنڈال کی جگہ تبدیل کرنی پڑی اور بائی پاس چوک پر گاڑیاں روک کر ایک نمونہ پیش کرنا پڑا ملتان میں بلاول خالی کرسیوں سے خطاب کر رہے تھے 15 سالوں سے بلاول اور ان کے ساتھی ایک ہی ٹیپ چلا رہے ہیں پ پ کی فلم پانچ دفعہ لگ چکی ہے جس کو عوام دیکھ چکے ہیں اب عوام یہی فلم نہیں دیکھنا چاہتے اب مفت ٹکٹ پر بھی عوام دیکھنے نہیں آتے پنجاب، کی پی کے، گلگت بلستان، آزاد کشمیر کے عوام نے پہلی ہی پیپلزپارٹی کو رد کر دیا ہے اب سندھ کے لوگوں نے بھی مسترد کر دیا ہے ذوالقفار علی بھٹو، اور بینظیر کی قربانی پر سندھ کے عوام نے پ پ کو پانچ بار حکمرانی کرنے کا موقعہ دیا ہے اب سندھ کے لوگ زرداری راج سے تھک چکے ہیں 2023 میں اگر سندھ کے عوام نے اپنا فیصلا بدلا تو سندھ کے عوام کو حقوق دلوائیں گے باوقار قیادت نیا پاکستان بنا سکتے ہیں لٹیرے وسائل کو لوٹ سکتے ہیں لیکن نیا پاکستان نہیں بنا سکتے۔

وفاقی وزیر برائے بحری امور اور پی ٹی آئی سندھ کے صوبائی صدر سید علی زیدی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کو جھوٹے مقدمات درج کر کے ان کی زمینوں پر قبضہ کرنا شروع کر دیا سندھ کے عوام نے سندھ حقوق مارچ میں شرکت کرکے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔قبل ازیں وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے اپنے 14 سالہ طویل دور میں سندھ میں تعلیم پر توجہ نہیں دی۔

انہوں نے کہا کہ ضلع بدین میں ایک بھی یونیورسٹی، میڈیکل یا پروفیشنل کالج قائم نہیں کیا گیا حتی کہ صوبائی وزیر اسماعیل راہو کا تعلق بھی اس ضلع سے ہے۔وفاقی وزیر برائے بحری امور اور پی ٹی آئی سندھ کے صوبائی صدر سید علی حیدر زیدی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کو جھوٹے مقدمات درج کر کے ان کی زمینوں پر قبضہ کرنا شروع کر دیا۔

جمہوریت کے خود ساختہ چیمپئنز نے کل ملتان میں میڈیا والوں پر حملہ کیا اور ان کے کیمروں کو نقصان پہنچایا، انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا کی آزادی پر قدغن لگانا ناقابل قبول ہے اور ہم اس عمل کی مذمت کرتے ہیں۔گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رہنما ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا کہ بدین کے غریب عوام کی بڑی تعداد نے سندھ حقوق مارچ کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہوں نے پی ٹی آئی اور وزیر اعظم عمران خان کی معاشرے کے محروم طبقات کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے کی جانے والی کوششوں کے لیے اپنی حمایت کا بھی یقین دلایا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات