Live Updates

عالمی منڈی میں تیل کی کم ترین قیمتوں کے باوجود عوام کو ریلیف سے مسلسل محروم رکھا گیا

اب قیمتوں میں مزید اضافہ سے عوام اور کاروبارزندگی کی مشکلات میں مزید اضافہ ہی ہوگا، دشمن بھارت کیخلاف شاندار فتح کو مہنگائی کا تحفہ دے کر حکومت نے ظلم کیا ہے۔ نائب امیرجماعت اسلامی لیاقت بلوچ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 15 مئی 2025 22:25

عالمی منڈی میں تیل کی کم ترین قیمتوں کے باوجود عوام کو ریلیف سے مسلسل ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 15 مئی 2025ء ) نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے رابطہ دفتر میں اسلامی جمعیت طلبہ جنوبی پنجاب کے وفد، ملی یکجہتی کونسل پنجاب کے صدر محمد جاوید قصوری اور لاہور میں کشمیری طلبہ اور نوجوانوں کے وفد سے ملاقات اور گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسلامی نظریہ، دو قومی نظریہ کے عہد کے ساتھ وجود میں آیا، بابرکت اسلامی تعلیمات اور احکامات پر عمل سے ہی قومی وحدت، یکجہتی اور پائیدار ترقی کی شاہراہ کھل سکتی ہے، بھارتی جارحیت، بالادستی کے غرور و تکبر کو خاک میں ملانے کے لیے پوری قوم اخلاص اور نیک نیتی سے یک جان، یک آواز ہوگئی تو اللہ کی مدد آئی اور بہت ہی باوقار تائیدِ ایزدی ملی، پوری قوم کو اللہ کے شکر کیساتھ غرور و تکبر میں مبتلا، زخمی اور ذلت میں ڈوبے  فاشسٹ مودی کے ممکنہ پاگل پن کے سدباب کے لیے متحد رہنا ہوگا۔

(جاری ہے)

کشمیر و فلسطین کے مظلوموں کی مدد اہلِ پاکستان کا دینی، انسانی اور قومی فرض ہے، کشمیر و فلسطین کو نظرانداز کرنا مِلتِ اسلامیہ کے لیے ہمیشہ ٹھوکروں اور پستی کا سبب بنارہے گا، امریکی صدر نے جنوبی ایشیا کو بڑی جنگ سے بچانے کا دعویٰ تو کیا ہے لیکن غزہ فلسطین میں ہزاروں انسانوں کے قتلِ عام، نسل کشی میں ناجائز اسرائیل کی بھرپور معاونت اور سرپرستی بھی جاری رکھی ہوئی ہے، اگر امریکہ واقعی امن کا داعی ہے تو اُسے ناجائز اسرائیلی ریاست کی سرپرستی ترک کرکے مظلوم فلسطینیوں کے قتلِ عام کو روکنا ہوگا، ڈونلڈ ٹرمپ نے مڈل ایسٹ کے بزنس ٹور میں قیمتی تحائف بٹورنے میں بڑی کامیابی حاصل کی لیکن مشرقِ وسطیٰ کے امن اور فلسطینیوں کیساتھ عرصہ دراز سے جاری ظلم بند کرنے میں کوئی کردار ادا کرنے کی بجائے ظلم اور قتلِ عام کے لیے ناجائز صیہونی ریاست کا سرپرست اور سہولت کار بن گیا. دُنیا بھر میں دہشت گردی کو فروغ دینے اور معصوم انسانوں کے قتلِ عام، حکومتوں کی تبدیلی کے ماسٹر مائنڈ امریکہ کا ریاستِ جموں و کشمیر پر ثالثی کا کردار مشکوک ہی رہے گا، پاک بھارت مذاکرات کے لیے ثالثی امریکہ یا کوئی بھی کرے، کشمیری عوام اور قیادت کو شامل کیے بغیر مسئلہ کشمیر کا کوئی بھی حل ناقابلِ قبول اور ناقابلِ عمل ہوگا. تنازعہ کشمیر کا حل بالکل واضح اور طے شدہ ہے، بھارتی حکومت تسلیم کرچکی ہے کہ کشمیریوں کو اپنے مستقبل کے فیصلہ کے لیے حقِ خودارادیت دیا جائے گا۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ بھارتی دہشت گرد، جنونی اور انتہاپسند ہندو اپنے ہی دیش کی ایک وفادار مسلم خاتون کرنل صوفیہ قریشی کو تعصب کا نشانہ بنارہے ہیں. آئی ایس پی آر کی ترجمانی میں جان، جوش، جذبہ اس لیے تھا کہ پوری پاکستانی قوم متحد، اپنی بہادر افواج کی پشت پر اور افواجِ پاکستان کی کارکردگی شاندار تھی، جب پوری بھارتی فوج اور حکومت کی کارکردگی ناکارہ، جھوٹ اور فریب پر مبنی ہو تو ایک خاتون کرنل کیا کرے گی۔

لیاقت بلوچ نے موجودہ حکومت کیساتھ پی ٹی آئی کی طرف سے مذاکرات پر ایک بار پھر آمادگی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اور حکومت مذاکرات کو کھیل تماشا نہیں بلکہ بحرانوں کے حل کا ذریعہ بنائیں، سیاسی بحرانوں کا حل ہمیشہ مذاکرات ہی ہوتے ہیں، بند گلی جمہوریت کے لیے مہلک ہوتی ہے، مذاکرات میں فریقین کو زمینی حالات کے مطابق اپنی اپنی پوزیشن کو ری ایڈجسٹ کرنا ہوتا ہے. ضِد، ہٹ دھرمی اور غیرسیاسی و غیرجمہوری روِش بحران کو گھمبیر بناتی ہے۔

لیاقت بلوچ نے پٹرول و ڈیرل کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کو ناروا و ناجائز قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈی میں کم ترین قیمتوں کے باوجود عوام کو ریلیف سے مسلسل محروم رکھا گیا، اب قیمتوں میں مزید اضافہ سے تجارت، زراعت، صنعت اور عوام الناس کی مشکلات میں مزید اضافہ ہی ہوگا، دشمن بھارت کے خلاف میدانِ جنگ میں فتح لیکن مہنگائی کے محاذ پر حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط اور اپنی شاہ خرچیوں کے آگے ہمیشہ کی طرح سرنڈر کیا ہے. قومی وحدت اور شاندار فتح کو مہنگائی کا تحفہ دے کر حکومت نے ظلم کیا ہے۔

لیاقت بلوچ نے کراچی کے بعد اب لاہور میں بھی ڈمپرز کی ٹکر سے شہریوں کی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دِن کے اوقات میں سڑکوں پر ڈمپرز کا داخلہ موت کا پروانہ بن گیا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات