Live Updates

گلگت بلتستان کے بعد اب کشمیر میں بھی پیپلز پارٹی واضح اکثریت سے جیتے گی‘ سردار سلیم حیدر خان

پیپلزپارٹی پاکستان کی واحد عوامی نمائندہ جماعت ہے جو غریب عوام کے دکھ درد کو سمجھتی ہے ‘ گورنر پنجاب

جمعرات 18 جون 2026 21:30

لله!لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2026ء) گورنرپنجاب سردارسلیم حیدر خان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے بعد اب کشمیر میں بھی پیپلز پارٹی واضح اکثریت سے جیتے گی۔پیپلزپارٹی پاکستان کی واحد عوامی نمائندہ جماعت ہے جو عوام کے دکھ درد کو سمجھتی ہے۔پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی فلاح و بہبود کے لئے کام کیا۔ یہ بات اُنہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں اٹک کی تحصیل حضرو سے پیپلز پارٹی میں شمولیت کے لیے کثیر تعداد میں آئے نوجوانوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

گورنر پنجاب نے شمولیت اختیارکرنے والے نوجوانوں کو مبارکباد دی اور خوش آمدید کہا۔گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انشااللہ اب ہر طرف تیر ہی چلے گا۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان الیکشن کے بعد اب کشمیر میں بھی پیپلز پارٹی واضح اکثریت حاصل کرے گی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلزپارٹی پاکستان کی واحد عوامی نمائندہ جماعت ہے جو غریب عوام کے دکھ درد کو سمجھتی ہے اور ان کا مداوا کرنا بھی جانتی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم سب نے مل کر گلی گلی،محلہ محلہ جاکر بلاول بھٹوزرداری کا پیغام پہنچانا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ بلاول بھٹوکو عوامی مینڈیٹ سے وزیراعظم بنانے کے لیے سخت محنت کرنا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیارکرنے والے نوجوانوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑاجائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام پیپلزپارٹی پر اعتماد کا اظہار کررہے ہیں۔

گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں ہمیشہ عوام کو ریلیف فراہم کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ اگلے الیکشن میں عوام پیپلزپارٹی کو کامیاب کروایں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اقتدار میں آکر تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ اور نوکریوں کے مواقع پیدا کرے گی۔بعد ازاں، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے سندس فائونڈیشن میں ورلڈ ڈونیشن ویک کے حوالے سے منقدہ تقریب میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں گرے افرادکے چہروں پر مسکراہٹ لانا عظیم کام ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ سندس فائونڈیشن ایک قابل اعتماد ادارہ ہے جو کہ تھیلیسیما کے مریضوں کی دن رات خدمت کررہا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ سندس فائونڈیشن تھیلیسیما، ہیموفیلیا اور دیگر خون کے امراض میں مبتلا افراد کی زندگیوں کو بچانے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کرنے والے منو بھائی مرحوم جیسے افراد عظیم لوگ ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ زندگی وہ ہے جو دوسروں کی بھلائی کے لیے گزاری جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ میرا سب سے قیمتی اور یادگار وقت یہ ہے جو ان لوگوں کے ساتھ گزاراہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ڈونرز اور چیرٹی کرنے والوں کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔

اُنہوں نے کہا کہ مختلف امراض میں مبتلا مریضوں کو خون مل جائے تو کئی سال زندہ رہ سکتے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اٹک میں لوگ ڈائلسز کی سہولیات نہ ہونے کے باعٹ انتقال کر جاتے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ سند س فاؤنڈیشن جیسے فلاحی اداروں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔ اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران امریکہ جنگ کے بعد سرمایہ دار کی توجہ پاکستان کی طرف ہے۔

حکومت کو چاہیے کہ سرمایہ داروںکو اپنی طرف راغب کرے۔ اس موقع سے جتنا فائدہ اٹھا کر غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ کیا جا سکتا تھا وہ نہیں کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ امریکہ ایران کے مابین امن معاہدے میں پاکستان نے بہت کامیاب سفارتکاری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران امریکہ جنگ بندی سے بہتری کی توقع ہے اور وہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، صدر مملکت اصف علی زرداری، پرائم منسٹراور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے 2013 میں پاکستان ایران پائپ لائن معاہدہ کیا تھا۔ ایران پر پابندیاں ختم ہونے کا سب سے زیادہ فائدہ پاکستان کو ہو گا۔ایران کی طرف سے جو وہ پائپ لائن جو ہے وہ بارڈر پہ پہنچ چکی ہے۔ ہماری 50 کلومیٹر دور ہے اگر یہ 50 کلومیٹر کی لائن ڈال کے جڑ جاتی ہے تو ہمارا انرجی کا تمام مسئلہ حل ہو جائے گا۔ ہمیں سستی گیس مل جائے گی اور بجلی کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔

بجٹ کے حوالے سے سوال کے جواب میں گورنر پنجاب نے کہا ''میں تو ذاتی طور پہ سمجھتا ہوں کہ تنخواہوں میں سات فیصد اضافہ کچھ نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام سرکاری ملازم، پنشنرز اور نچلا متوسط طبقہ مہنگائی کی وجہ سے بہت مشکل سے گزر بسر کر رہا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کا مینڈیٹ پیپلز پارٹی کا ہے۔جی بی اور کشمیر کے لوگ جس کو مینڈیٹ دیں اس کی حکومت بننی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پورے پنجاب کو یکساں ترقی کی ضرورت ہے۔اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے بلڈ ڈونیشن میں مدد کرنے والوں کے درمیان سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔ تقریب میں ارشد انصاری صدر پریس کلب، محمد یاسین خان صدر سندس فائونڈیشن،سینیر صحافی سہیل وڑائچ، عائشہ منظور وٹو ڈی جی پیمرا، نظام الدین اور چیئر پرسن شعبہ ڈویلپمنٹ کمیونیکیشن پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر عائشہ اشفاق سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
Live بجٹ 27-2026ء سے متعلق تازہ ترین معلومات