سمیرا ملک کو سابق انتظامیہ کے دور میں ڈگری جاری کی گئی، رزلٹ کی تصدیق کی گئی اور پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے متعلقہ عدالتی فیصلے کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے،ترجمان پنجاب یونیورسٹی

جمعرات 30 جنوری 2014 08:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30جنوری۔2014ء)پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان نے سابق ایم این اے سمیرا ملک کی ڈگری سے متعلق چھپنے والی خبروں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سمیرا ملک کو سابق انتظامیہ کے دور میں ڈگری جاری کی گئی اور رزلٹ کی تصدیق کی گئی اور پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے متعلقہ عدالتی فیصلے کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ متعلقہ کیس میں پنجاب یونیورسٹی کو سنا نہیں گیا۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا ہے کہ سمیرا ملک نے بی اے کے سالانہ امتحانات 2002ء میں رول نمبر 54334 کے تحت شرکت کی اور پاس ہو گئیں۔ انہیں 2003ء میں سابق انتظامیہ نے ڈگری جاری کی ۔ پنجاب یونیورسٹی کی سابق انتظامیہ کو ان کے خلاف ایک شکایت موصول ہوئی جس پر سابق انتظامیہ نے ریکارڈ کا جائزہ لیتے ہوئے2003ء میں ہی ان کے رزلٹ کی تصدیق کر دی تھی۔ ترجمان نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ کے خلاف منفی اور بے بنیاد پروپیگنڈہ مہم چلانے کے لئے خوامخواہ کیسز میں الجھانے کی کوشش کی جارہی ہے مگر آزاد عدالتیں میرٹ پر فیصلے کر رہی ہیں اور حال ہی میں ان عناصر کو لاہور ہائیکورٹ کے ڈبل بنچ میں ایک کیس میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔