سینٹ میں عابدشیر علی اور زاہد خان کی شدید تکرار،معزز سینیٹر ذاتی مسائل ایوان میں زیر بحث نہ لائیں،عابدشیر علی کی بات پر زاہد خان بپھر گئے،قوم کو کوئی سبسڈی نہیں دی جارہی یہ صرف عوام کے ساتھ دھوکہ ہے،زاہدخان

جمعرات 13 فروری 2014 03:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13اگست۔2014)سینٹ میں وقفہ سوالات کے دوران بدھ کو وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی اور اے این پی کے سینیٹر زاہد خان کے درمیان شدید توں تکرار ہوگئی۔ایک سوال کے جواب میں جب عابد شیر علی نے کہا کہ پارلیمنٹ عوامی مسائل کے حل کیلئے ہے ارکان کے ذاتی مسائل کے حل کیلئے نہیں‘ عوام کا پیسہ قومی ایشو ز پر خرچ ہونا چاہئے ذاتی تشہیر کیلئے نہیں تواس پر سینیٹر زاہد خان آگ بگولہ ہوگئے اور ایوان میں شور برپا کردیا۔

(جاری ہے)

سینیٹر زاہد خان نے عابد شیر علی کی توجہ اس جانب دلائی کہ بجلی کے ایک 25 یونٹ والے بل پر رعایتی ٹیرف درج نہیں کئے گئے تو عابد شیر علی نے کہا کہ معزز سینیٹر ذاتی مسائل ایوان میں زیر بحث نہ لائیں جس پر زاہد خان آگ بگولہ ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرا ذاتی بل نہیں بلکہ ایک عام آدمی کا بل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا سبسڈیز کا راگ محض ڈھونگ اور عوام کیساتھ دھوکہ ہے، قوم کو کوئی سبسڈی نہیں دی جارہی۔ عابد شیر علی نے کہاکہ زاہد خان کے لہجے سے لگتا ہے کہ وہ گھر سے لڑنے کا موڈ بناکر آئے۔ میں نے جواب پورا نہیں کیا اور وہ کھڑے ہوکر لڑنا شروع ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے کسی بھی مسئلے کو وزارت کو بھجوایا جائے تو اس پر ضروری کارروائی کریں گے۔