22ویں قومی سکی چیمپئن شپ اور شاہ خان کپ کے مقابلے پی اے ایف سکی ،ریزورٹ نلتر میں اختتام پذیر ،پاک فضائیہ نے22ویں قومی سکی چیمپئن شپ جیت لی،ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ مہمان خصوصی تھے، انعامات تقسیم کئے

جمعرات 13 فروری 2014 03:12

نلتر(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13اگست۔2014)22ویں قومی سکی چیمپئن شپ اور شاہ خان کپ کے مقابلے پی اے ایف سکی ،ریزورٹ نلتر میں اختتام پذیر ہو گئے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ جو کہ سکی فیڈریشن آف پاکستان کے پیٹرن ان چیف بھی ہیں اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے۔ انہوں نے جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔ ملک بھر سے مختلف سکی ایسوسی ایشنز کے اتھلیٹس نے مقابلوں میں شرکت کی۔

پاک فضائیہ نے نیشنل سکی چیمپئن شپ جبکہ شاہ خان کپ گلگت بلتستان سکاوٴٹس نے جیت لیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے اس موقع پر پی اے ایف سکی سکول ، نلتر کا نام شاہ خان سکی سکول رکھنے کا اعلان کیا ۔ گروپ کیپٹن (ریٹائرڈ) شاہ خان نے ڈوگرا راج کے خلاف جنگِ آزادی میں حصہ لیا اور وہ پاکستان میں سکی شروع کرنے والوں میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

سکی فیڈریشن آف پاکستان نے 2006میں پہلی مرتبہ شاہ خان کپ کا انعقاد کیا جو ہر سال منعقد کیا جاتا ہے۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ یہ بات ہمارے لئے باعثِ فخر ہے کہ ہمارا قومی پرچم دوسری مرتبہ سرمائی اولمپکس میں لہرائے گا ۔ یہ کھیل اگرچہ ترقی یافتہ مملک میں کھیلا جاتا ہے لیکن ایک ترقی پزیر ملک ہوتے ہوئے ہمارے لئے یہ امر باعثِ مسرت ہے کہ نلتر سے تعلق رکھنے والے ایک کھلاڑی سرمائے اولمپکس میں حصہ لے رہے ہیں۔

پاکستان ائیر فورس اس علاقے کے نوجوانوں کو بہتر تعلیم دیتی ہے بلکہ انہیں سکیئنگ کا سامان اور تربیت فراہم کرتی ہے تاکہ ان کی صلاحیتوں میں اضافہ ہو ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ اور پاک فوج اس علاقے کے بچوں کو بنیادی تعلیم فراہم کرنے کے لئے ملکر کام کرنے کا تہیہ کیا ہوا ہے۔ اسی سلسلے میں انہیں کتابیں اور کمپیوٹرز فراہم کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے طلباء کو بہترین تعلیم دینے کے لئے تجربہ کا ر اساتذہ کی موجودگی میں ایک سمر کیمپ لگانے کا بھی حکم دیا۔ آخر میں آپ نے نلتر کے لوگوں کو یقین دہانی کرائی کہ پاک فضائیہ یہاں کی تعلیمی اور معاشرتی و معاشی حالت کی بہتری کیلئے ہر کوشش بروئے کار لائے گی۔یہ مقابلے پی اے ایف سکی ریسورٹ نلتر میں تین دن تک جاری رہے۔ پاکستان کی 09 مختلف ٹیموں (سندھ، خیبرپختونخواہ، گلگت بلتستان سکاؤٹس، سول ایوی ایشن ، ہائر ایجوکیشن کمیشن ، گلگت بلتستان ، الپا ئن کلب ، پاکستان آرمی، اور پاکستان ائیر فورس )کے اسکیئرز نے ان مقابلوں میں حصہ لیا۔