بھارتی لوک سبھا میں ارکان ایک دوسرے سے گتھم گتھا، مرچوں کا اسپرے، چھریاں تک نکل آئیں،آج بھارت کی پارلیمانی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، اسپیکرلوک سبھا

جمعہ 14 فروری 2014 03:13

نئی دلی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14فروری۔2014) بھارتی لوک سبھا میں ریاست آندھراپردیش کی تقسیم کا بل پیش کئے جانے پر ارکان ایک دوسرے سے گتھم گتھا ہوگئے اور اجلاس کے دوران کہیں ایک دوسرے پر مکے اور لاتوں سے حملے کئے گئے تو کہیں مرچوں کا اسپرے تک کیا گیا۔ بھارت میں آج حکمران اتحاد کی جانب سے ریاست آندھرا پردیش کی تقسیم اور ”تلنگانہ“ نامی ریاست کے قیام کا بل پیش کیا جانا تھا جس کے خلاف جہاں ریاست کے مختلف حصوں میں ہڑتال کی جارہی ہے وہیں لوک سبھا کا اجلاس ملتوی کرانے کے لئے مختلف ارکان نے منفی ہتھکنڈے تک استعمال کرڈالے،اجلاس شروع ہوا تو راجاگوپال نامی رکن پارلیمنٹ نے اجلاس ملتوی کرانے کے لئے ایوان میں مرچوں کا اسپرے کردیا جس کے بعد ایوان میدان جنگ بن گیا اور نئی ریاست کے مخالفین اور حمایتیوں نے ایک دوسرے پر مکوں اور لاتوں کی بارش کردی، اسی دوران ایک رکن اسمبلی ونوگوپال نے ایوان میں چھرا لہرایا جبکہ ایک اور رکن پارلیمنٹ سی ایم رمیش نے ارکان کی کرسیوں کے سامنے رکھے مائیک تک ہٹادیئے۔

(جاری ہے)

ایوان کی صورت حال اس قدر گھمبیر ہوگئی کہ اسپیکر میرا کماری بھی مرچوں کے اسپرے سے نہ بچ سکیں اور انہوں نے آج کے دن کو بھارت کی پارلیمانی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیتے ہوئے اجلاس کچھ دیر کے لئے ملتوی کردیا۔ کچھ دیر بعد اجلاس دوبارہ شروع ہوا تو نئی ریاست کی تشکیل کا بل پیش کردیا گیا تاہم بل کے مخالفین نے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔

متعلقہ عنوان :