”معاملہ اتنا اہم نہیں بعد میں سنا جائے گا“،نجم سیٹھی کے خلاف مبینہ کرپشن ریفرنسز نہ کھولنے پر چیئرمین نیب کیخلاف درخواست کی سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی

جمعہ 14 فروری 2014 03:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14فروری۔2014)اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کے خلاف کرپشن کے ریفرنسز نہ کھولنے پر چیئرمین نیب کے خلاف انٹرکورٹ اپیل کی سماعت ۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بنچ میں شامل جسٹس ریاض احمد اور جسٹس نور الحق قریشی نے کی ۔سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی گئی ۔سماعت کے دوران جسٹس ریاض احمد نے کہا کہ معاملہ اتنا اہم نہیں بعد میں سنا جائے گا۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل سردار محمد غازی نے دلائل میں کہا کہ معاملہ اربوں روپے کی کرپشن کا ہے۔درخواست گزار کی بات سنی جائے۔جہاں نجم سیٹھی کی بات آتی ہے وہاں عدالتیں گھبرا جاتی ہیں جبکہ نیب نجم سیٹھی کے خلاف ریفرنس نہیں کھول رہا ۔ عدالت سے استدعا کی جاتی ہے کہ نیب کو نوٹس جاری کریں تا کہ کرپشن کا معاملہ حل ہو سکے۔ جسٹس ریاض احمد ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ لوگ جیلوں میں سڑ رہے ہیں ان کے کیس سننا ضروری ہیں ۔بعد ازاں عدالت نے مقدمے کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔