کراچی ،صدر مملکت کا سندھ میں معیار تعلیم بہتر کرنے کے عزم کا اظہار ،وفاقی سیکریٹریز اور اداروں کے سربراہان کی تعیناتی میں کوئی تفریق نہیں کی گئی،ممنون حسین

جمعہ 14 فروری 2014 03:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14فروری۔2014) صدر مملکت ممنون حسین نے سندھ میں معیار تعلیم بہتر کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی سیکریٹریز اور اداروں کے سربراہان کی تعیناتی میں کوئی تفریق نہیں کی گئی۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں ملاقات کے لئے آئے ہوئے سندھی پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ملاقات کے دوران سندھ کی سیاسی صورتحال اور صحافیوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ اداروں کے سربراہان اور وفاقی سیکریٹریز کی تعیناتیوں میں کوئی تفریق نہیں رکھی گئی۔ صدر مملکت ممنون حسین جو 17 جامعات کے چانسلر بھی ہیں، نے سندھ میں تعلیم کے معیار بالخصوص اسکولوں میں تعلیم کے معیار کو بہتر کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

شرکاء نے صدر مملکت سے صوبوں کی مزید خودمختاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ قدرتی وسائل پر صوبوں کے 50 فیصد کوٹے کو بھی نافذ کیا جائے اور عدلیہ میں دیہی سندھ کی نمائندگی بڑھائی جائے۔ چیئرمین عبرت گروپ پبلی کیشنز قاضی اسد عابد نے سندھی اخبارات کو اشتہارات کے حوالے سے درپیش مسائل پر روشنی ڈالی اور صدرمملکت سے درخواست کی کہ وہ سندھی میڈیا کو درپیش مسائل حل کریں۔ صدر مملکت نے شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ سندھی میڈیا کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔