فیصل بنک قومی ٹی 20کپ کرکٹ ٹورنامنٹ ،کوارٹر فائنلز میں اسلام آباد لیپرڈز اور لاہور لائنز کی ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ گئیں ، سیالکوٹ سٹالئنز ، ملتان ٹائیگرز کی ٹیموں کو شکست کا سامنا، 6مرتبہ کی قومی چیمپئن سیالکوٹ سٹالیئنز کی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی

جمعہ 14 فروری 2014 03:07

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14فروری۔2014)لاہور لائنز نے ملتان ٹائیگرز کو 11 رنز سے ہر اکر فیصل بینک ٹی 20 کرکٹ کپ کے سیمی کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے۔پنڈی سٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے کوارٹر فائنل میچ میں لاہور لا ئنز کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ لاہور لائنز کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے، سعد نسیم نے تین چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 61 رنر، آصف رضا نے ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 35 رنز، احمد شہزاد نے تین چوکوں کی مدد سے 17 رنز، وہاب ریاض نے ایک چوکے کی مدد سے 9 رنز بنائے۔

ذوالفقار بابر نے 25 رنز دے کر تین، عامر یامین نے 36 رنز دے کر دو اور راحت علی نے 27 رنز دے کر ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔جواب میں ملتان ٹائیگرز کی ٹیم ہدف پورا نہ کر سکی بلکہ اس نے مقررہ اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

ملتان ٹائیگرز کی جانب سے کاشف نوید نے دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 43 رنز، زین عباس نے پانچ چوکوں کی مدد سے 25 رنر، گل ریز نے دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 18 رنز، عامر یامین نے 16 رنز، ذیشان اشرف نے تین چوکوں کی مدد سے 12 رنز، شعیب مقصود نے دو چوکوں کی مدد سے 12 رنز، نوید یاسین نے ایک چوکے کی مدد سے 8 رنز بنائے۔

لاہور لائنز کے عدنان رسول نے 21 رنز دے کر دوکھلاڑی آؤٹ کئے جبکہ وہاب ریاض نے 17 رنز، محمد حفیظ نے 30 رنز اور عمران علی نے 34 رنز دے کر ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ لاہور لائنز کے سعد نسیم مین آف دی میچ قرار پائے،اس سے پہلے فیصل بنک قومی ٹی 20کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں اسلام آباد لیئپرڈز اور سیالکوٹ سٹالیئنز کی ٹیموں کے درمیان کھیلے جانیوالے پہلے میچ میں اسلام آباد لیئپرڈز کی ٹیم نے7وکٹوں سے کامیابی حاصل کر کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیاجبکہ 6مرتبہ کی قومی چیمپئن سیالکوٹ سٹالیئنز کی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی۔

قبل ازیں اسلام آباد لیئپرڈز کی ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر سیالکوٹ سٹالیئنز کی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی،سیالکوٹ سٹالیئنز کی ٹیم نے مقررہ20اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر116 رنز بنائے، شعیب ملک نے52گیندوں پر آوٹ ہوئے بغیر49 رنز اورعمران نذیر نے 17رنز بنائے۔اسلام آباد لیئپرڈز کی طرف سے زوہیب احمد اور عمر گل نے بالترتیب 13اور30رنز کے عوض2,2جبکہ شہزاد اعظم نے22رنز کے عوض ایک نے وکٹ حاصل کی۔

جواب میں اسلام آباد لیئپرڈز کی ٹیم نے19اوورز میں مطلوبہ حدف 3وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا،آفاق رحیم نے 30رنز،بابر اعظم نے 29رنز جبکہ عماد وسیم اور زوہیب احمد آوٹ ہوئے بغیر بالترتیب17اور15رنز بنائے۔سیالکوٹ سٹالیئنز کی طرف سے نیئر عباس اور رانا نوید الحسن نے بالترتیب12اور15رنز کے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔اسلام آباد لیئپرڈز کے زوہیب احمد کو مین آف دی میچ کے ایوارڈ کا حقدار قرار دیا گیا۔