منقسم کوریائی خاندانوں کی ملاقاتوں پر حتمی اتفاق

ہفتہ 15 فروری 2014 07:26

سیئول(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15فروری۔2014ء) شمالی اور جنوبی کوریا نے دونوں ملکوں میں منقسم خاندانوں کے افراد کی مجوزہ ملاقاتوں پر حتمی اتفاق کر لیا ہے۔ سیئول میں جنوبی کوریا کی حکومت کی طرف سے جمعے کے روز بتایا گیا کہ اس مہینے کے آخر میں یہ کئی روزہ مجوزہ ملاقاتیں طے شدہ پروگرام کے مطابق ہوں گی۔

(جاری ہے)

جنوبی کوریا کی حکومت کی طرف سے مزید کہا گیا ہے کہ دونوں ملکوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا ہے کہ بہتر اعتماد سازی کے لیے ایک دوسرے پر تنقید بند کر دی جائے۔ سیئول اور پیانگ یانگ کے مابین یہ مفاہمت باہمی سرحد کے قریب پان مْن جوم کے گاوٴں میں اعلیٰ سطحی مذاکرات کے ایک نئے دور میں ہوئی۔ اس سے پہلے کئی سال بعد اسی جگہ پر بدھ کو ہونے والی بات چیت کا پہلا دور بے نتیجہ رہا تھا۔