یمن کی جیل پر دہشت گردوں کا حملہ، 11 افراد ہلاک، درجنو ں خطر نا ک قیدی فرار ، واقعے کے بعد دارلحکومت میں سکیورٹی ہائی الرٹ،فرار ہونے والے قیدیوں اور حملہ آوروں کی تلاش شروع

ہفتہ 15 فروری 2014 07:26

صنعا(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15فروری۔2014ء)یمن کے دارالحکومت صنعا میں دہشت گردوں نے جیل پر حملہ کرکے 11 افراد کو ہلاک کردیا، جبکہ درجنوں قیدی بھی جیل سے فرار ہو گئے۔ یمنی حکام کے مطابق بموں اور خودکار اسلحے سے لیس دہشت گردوں نے اپنے قیدیوں کو چھڑا نے کے لیے مرکزی جیل پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 7 محافظوں سمیت 11 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔

عینی شاہدین کے مطابق جیل پر حملے کے دوران دھماکے اور شدید فائرنگ ہوئی۔ حملے کے بعد سنگین جرائم میں قید متعدد قیدی جیل سے فرار ہوگئے۔ حکام کے مطابق واقعے کے بعد دارلحکومت میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرکے فرار ہونے والے قیدیوں اور حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔واضح رہے کہ اکتوبر2013ء میں صنعا کی ایک اور جیل میں سکیورٹی فورسز نے القاعدہ کے کم سے کم تین سو قیدیوں کے فرار کی کوشش ناکام بنا دی تھی۔

(جاری ہے)

ان قیدیوں نے جیل سے بھاگنے کے لیے بغاوت کردی تھی لیکن یمنی فورسز نے اس بغاوت کو فرو کردیا تھا۔اس دوران لڑائی میں متعدد قیدی اور محافظ زخمی ہوگئے تھے لیکن ان میں کوِئی ہلاک نہیں ہوا تھا۔جزیرہ نما عرب میں القاعدہ کے سربراہ ناصر الوحیشی نے اگست 2013ء میں دھمکی دی تھی کہ وہ جیلوں میں قید اپنے ساتھیوں کو چھڑوا لیں گے۔ناصرالوحیشی بہ ذات خود فروری 2006ء میں صنعا کی اسی جیل سے بائیس دیگر قیدیوں سمیت فرار ہوگئے تھے اور ایک سال کے بعد انھیں جزیرہ نما العرب میں القاعدہ کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :