کراچی،مختلف علاقوں میں فائرنگ اور دستی بم حملے میں4 افراد جاں بحق ،تین زخمی

ہفتہ 15 فروری 2014 07:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15فروری۔2014ء)کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور دستی بم حملے میں4 افراد جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ لطیف تھانے کی حدود بھینس کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا ۔پولیس کے مطابق مقتول کی فوری طور پر شناخت ممکن نہیں ہوسکی ہے جب کہ لاش کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانبسولجر بازار کے علاقے میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا جس کو طبی امداد کے لئے سول اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑ گیا ۔پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت سلامت علی کے نام سے ہوئی ہے اور مقتول درزی کا کام کرتا تھا ۔پولیس کے مطابق واقعہ کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔علاوہ ازیں گڈاپ کے علاقے میں سپر ہائی وے کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی ہے جس کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

(جاری ہے)

جب کہ لانڈھی میں بھی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا جس کی شناخت نہیں ہوسکی ۔پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کرجناح اسپتال منتقل کر دیا ہے۔دریں اثناء گارڈن تھانے کے علاقے دھوبی گھاٹ میں نامعلوم افراد نے کریکر حملہ کیا جس میں دو افراد زخمی ہوئے جبکہ بلوچ کالونی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا۔زخمیوں کو سول اور جناح اسپتال منتقل کیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :